ہندوستان روس پر بھروسہ نہیں کر سکتا: امریکہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 01-04-2022
ہندوستان روس پر بھروسہ نہیں کر سکتا: امریکہ
ہندوستان روس پر بھروسہ نہیں کر سکتا: امریکہ

 

 

نیویارک: ہندوستان اور روس کے درمیان تعلقات کی گرم جوشی پر امریکہ نے اپنے اتحادی ملک ہندوستان کو خبردار کیا ہے کہ وہ ماسکو پر انحصار نہیں کرسکتا۔

 امریکہ نے ہندوستان کو ایسے موقعے پر متنبہ کیا ہے جب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سرکاری دورے پر ہندوستان  میں ہیں۔ اس دوران وہ حکومت ہند کو آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے کہ مغربی ممالک کے دباؤ میں آ کر یوکرین جنگ کی مذمت نہ کریں۔

خیال رہے کہ روس کے یوکرین پر حملے کے خلاف اقوام متحدہ میں پیش ہونے والی قرارداد پر ووٹنگ سے ہندوستان نے گریز کیا تھا۔ علاوہ ازیں جنگ کے بعد سفارتی سطح پر پیدا ہونے والی کشیدہ صورت حال کے باوجود ہندوستان، روس سے تیل خرید رہا ہے۔

دوسری جانب ایشیائی پیسیفک خطے میں چین کے جارحانہ اقدامات پر ہندوستان کئی مرتبہ اپنے خدشات کا اظہار کرچکا ہے۔ سال 2020 میں چین کے ساتھ سرحدی تنازعے میں ہندوستان کے 20 جب کہ چار چینی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق امریکہ میں بین الاقوامی اقتصادیات کے نائب مشیر دلیپ سنگھ نے اپنے حالیہ دورہ ہندوستان کے دوران کہا کہ ’اگر ایک اور تنازعہ پیدا ہوا تو روس پر ہندوستان انحصار نہیں کرسکے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات میں روس ایک جونیئر پارٹنر ہوگا اور جتنی زیادہ روس کو چین پر برتری حاصل ہوگی، یہ اتنا ہی زیادہ ہندوستان کے لیے کم سے کم سازگار ہوگا۔

دلیپ سنگھ نے مزید کہا کہ اگر چین نے ایک مرتبہ پھر لائن آف ایکچوئل کنٹرول کی خلاف ورزی کی تو ان کا نہیں خیال کہ روس دوبارہ ہندوستان کے دفاع کے لیے بھاگتا ہوا آئے گا۔ خیال رہے کہ دیگر چند ممالک کی طرح چین نے بھی روس کے حالیہ اقدامات کی مذمت نہیں کی۔ یہی وجہ ہے کہ روس نے چین کے ساتھ شراکت داری کو ’لا محدود‘ قرار دیا ہے۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف چین کے سرکاری دورے کے بعد جمعرات کو ہندوستان پہنچے تھے جہاں ان کی ملاقات وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ بھی متوقع ہے۔ روس پر عائد معاشی پابندیوں سے نمٹنے کے لیے نئی دہلی اور ماسکو کی کوشش ہے کہ تجارت میں آسانی پیدا کرنے کی غرض سے روسی روبل اور ہندوستانی روپے میں لین دین کا کوئی طریقہ نکالا جائے۔

دلیپ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کی توانائی کی ضروریات اور دفائی سازوسامان کی دستیابی میں امریکہ مدد فراہم کرسکتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ روس پر عائد معاشی پابندیاں کو نظرانداز کرنے والے ممالک کو نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔