نیویارک:ہندوستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فوری اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ادارے کے فیصلہ سازی کے ڈھانچے کو موجودہ عالمی حقائق کی عکاسی کرنی چاہیے اور گلوبل ساؤتھ کو زیادہ نمائندگی دی جانی چاہیے۔اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کے طریقہ کار سے متعلق کھلی بحث سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن کی ناظم الامور سفیر یوجنا پٹیل نے کہا کہ سلامتی کونسل میں اصلاحات کی ضرورت پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ واضح اور فوری ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1945 کی دنیا آج مکمل طور پر تبدیل ہوچکی ہے۔ اس وقت کے مقابلے میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی تعداد تقریباً 4 گنا بڑھ چکی ہے۔ 80 سال قبل ہونے والی ایک جنگ کے نتیجے کو ہمیشہ کے لیے سلامتی کونسل کی ساخت اور اس کے طریقہ کار کا تعین نہیں کرنا چاہیے۔ اس میں جلد از جلد تبدیلی ضروری ہے۔
یوجنا پٹیل نے کہا کہ سلامتی کونسل میں اصلاحات کے حوالے سے ہندوستان کا موقف واضح ہے۔ رکنیت کی دونوں اقسام میں توسیع کی جانی چاہیے اور ترقی پذیر ممالک کو زیادہ نمائندگی دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گلوبل ساؤتھ کی زیادہ نمائندگی تحریری مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے اور اس کے لیے واضح اہداف اور مقررہ مدت طے کی جانی چاہیے۔ہندوستان نے کہا کہ سلامتی کونسل کے طریقہ کار میں بہتری پر ہونے والی بحث کو وسیع تر اصلاحات سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔ اس میں رکنیت کی مختلف اقسام۔ علاقائی نمائندگی اور ویٹو کا مسئلہ بھی شامل ہے۔
یوجنا پٹیل نے سلامتی کونسل کے قواعد کار کی مسلسل عبوری حیثیت پر بھی تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ قواعد میں ضرورت کے مطابق وقتاً فوقتاً ترمیم کی جاسکتی ہے۔ اس لیے موجودہ طریقہ کار کو اصلاحات خصوصاً رکنیت میں توسیع کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
ہندوستان نے سلامتی کونسل کے کام میں زیادہ شفافیت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غیر مستقل ارکان کو بھی دستاویزات اور معلومات تک مساوی رسائی حاصل ہونی چاہیے۔ یوجنا پٹیل نے کہا کہ تمام ارکان کو دستاویزات تک یکساں رسائی کے حقوق حاصل ہونے چاہئیں اور تاریخی دستاویزات تک رسائی صرف چند ممالک تک محدود نہیں رہنی چاہیے۔
ہندوستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں فوج اور پولیس بھیجنے والے ممالک کو بھی فیصلہ سازی میں زیادہ مؤثر کردار دینے پر زور دیا۔ یوجنا پٹیل نے کہا کہ ایسے ممالک سلامتی کونسل کے ارکان سے کہیں زیادہ تعداد میں ہیں اور امن مشنوں کے براہ راست فریق ہونے کے ناطے انہیں امن مشنوں کے مینڈیٹ اور وسائل جیسے اہم معاملات میں فیصلہ سازی کے عمل کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔
ہندوستان نے سلامتی کونسل کی ذیلی کمیٹیوں کے سربراہان کی تقرری میں تاخیر کا مسئلہ بھی اٹھایا اور مقررہ مدت کے اندر تقرری مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔
دہشت گردی کے معاملے پر ہندوستان نے کہا کہ سلامتی کونسل کی رکنیت کو سیاسی مفادات کے حصول کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ یوجنا پٹیل نے کہا کہ کسی دہشت گرد کو دہشت گردوں کی فہرست سے نکالنے یا محض سیاسی بنیادوں پر کسی تنظیم کو دہشت گرد قرار دینے کے لیے سلامتی کونسل کی رکنیت کو استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ ایسے فیصلوں کے لیے غیر جانب دار معیار اور ٹھوس دستاویزات ضروری ہیں۔
اپنے اختتامی کلمات میں یوجنا پٹیل نے سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے درمیان زیادہ مضبوط رابطے اور تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے جنرل اسمبلی کو اقوام متحدہ کا سب سے زیادہ نمائندہ اور جمہوری ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کے طریقہ کار میں ایسی اصلاحات ہونی چاہئیں جو اقوام متحدہ کے دیگر اہم اداروں کے ساتھ اس کے بہتر رابطے کی راہ ہموار کریں۔