نئی دہلی
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز قومی دارالحکومت میں برازیل کے صدر لوئس اناسیو لولا دا سلوا کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت کا مقصد مشترکہ اہداف کے جذبے کے تحت تمام شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانا ہے اور دونوں ممالک آئندہ پانچ برسوں میں دو طرفہ تجارت کو 20 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کرانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ وزیرِ اعظم نے گلوبل اے آئی امپیکٹ سمٹ میں شرکت پر برازیلی صدر کا شکریہ ادا کیا اور ہندوستان–برازیل تعلقات کو نئی رفتار دینے میں ان کی دوراندیش قیادت کی ستائش کی۔
وزیرِ اعظم مودی نے کہا كہ مجھے صدر لولا اور ان کے وفد کو ہندوستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ ہندوستان–برازیل تعلقات صدر لولا کی بصیرت اور متاثر کن قیادت سے طویل عرصے سے مستفید ہوتے رہے ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں مجھے ان سے کئی مرتبہ ملاقات کا موقع ملا، اور ہر ملاقات میں میں نے ہندوستان کے لیے ان کی گہری دوستی اور اعتماد کو محسوس کیا۔ صدر لولا کی آمد نے تاریخی اے آئی امپیکٹ سمٹ کو وقار بخشا ہے اور ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی توانائی دی ہے۔ میں دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے ان کی دوستی اور عزم پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا کہ برازیل لاطینی امریکہ میں ہندوستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ انہوں نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ برازیل سے آنے والا بڑا کاروباری وفد اسی اعتماد کا مظہر ہے، اور ہندوستان–مرکوسور تجارتی معاہدے کی توسیع سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نے کہا كہ برازیل لاطینی امریکہ میں ہندوستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ ہم آئندہ پانچ برسوں میں دو طرفہ تجارت کو 20 ارب ڈالر سے آگے لے جانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ہماری تجارت محض اعداد و شمار نہیں بلکہ باہمی اعتماد کی عکاس ہے۔ صدر کے ہمراہ آنے والا بڑا کاروباری وفد اسی اعتماد کی علامت ہے۔ ہندوستان–مرکوسور تجارتی معاہدے کی توسیع سے ہماری اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔ ٹیکنالوجی اور اختراع میں ہمارا تعاون نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے گلوبل ساؤتھ کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا كہ مجھے خوشی ہے کہ ہم برازیل میں ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے لیے ایک سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ ہم مصنوعی ذہانت، سپر کمپیوٹرز، سیمی کنڈکٹرز اور بلاک چین جیسے شعبوں میں بھی تعاون کو ترجیح دے رہے ہیں۔ دونوں ممالک کا ماننا ہے کہ ٹیکنالوجی شمولیتی ہونی چاہیے اور مشترکہ ترقی کے لیے ایک پل کا کردار ادا کرے۔ توانائی کے شعبے میں تعاون ہمارے تعلقات کا ایک مضبوط ستون رہا ہے۔ ہائیڈروکاربن کے علاوہ ہم قابلِ تجدید توانائی، ایتھنول مکسنگ اور پائیدار ہوابازی ایندھن سمیت کئی شعبوں میں تعاون کو تیز کر رہے ہیں۔ گلوبل بایوفیول الائنس میں برازیل کی فعال شرکت ہمارے سبز مستقبل کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔ برازیل نے کولیشن فار ڈیزاسٹر ریزیلینٹ انفراسٹرکچر کی مشترکہ صدارت کی بھی تجویز دی ہے، جس پر میں صدر لولا کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اس میدان میں برازیل کا وسیع تجربہ سی ڈی آر آئی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس سے قبل وزیرِ اعظم نریندر مودی اور برازیلی صدر لوئس اناسیو لولا دا سلوا کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت بھی ہوئی۔ ان مذاکرات میں وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر، مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت پیوش گوئل، قومی سلامتی کے مشیر اجیت دووال، وزارتِ خارجہ کے وزیرِ مملکت پبیترا مارگھریٹا، خارجہ سکریٹری وکرم مسری اور وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔
اس سے پہلے ہفتہ کے روز راشٹرپتی بھون کے صحن میں برازیلی صدر کے اعزاز میں رسمی استقبالیہ منعقد کیا گیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ صدر لولا کا راشٹرپتی بھون میں وزیرِ اعظم نریندر مودی اور صدر دروپدی مرمو نے استقبال کیا۔ انہوں نے راج گھاٹ جا کر مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔
صدر لولا کا یہ دورۂ ہندوستان، جولائی 2025 میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کے برازیلیا کے دورے کے بعد ہو رہا ہے، جو پچاس برس سے زائد عرصے میں کسی ہندوستانی وزیرِ اعظم کا پہلا دورہ تھا۔
برازیلی صدر ہندوستان ایک بڑے وفد کے ساتھ پہنچے ہیں، جس میں برازیلی کمپنیوں کے سرکردہ سی ای اوز شامل ہیں۔ یہ سی ای اوز ایک بزنس فورم میں شرکت کریں گے۔