تھمپو: ہندوستان اور بھوٹان نے بھوٹان کے 13ویں پانچ سالہ منصوبے (2024-29) کے تحت جاری دوطرفہ ترقیاتی تعاون کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر 332 کروڑ روپے مالیت کے 12 نئے پروجیکٹ ٹائیڈ اسسٹنس (PTA) منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ خارجہ سکریٹری وکرم مصری اپنے بھوٹانی ہم منصب پیما لیکٹوپ دورجی کی دعوت پر 30 اور 31 جولائی کو بھوٹان کے سرکاری دورے پر ہیں، جہاں وہ پانچویں ہند-بھوٹان ترقیاتی تعاون مذاکرات کی مشترکہ صدارت کر رہے ہیں۔
دورے کے دوران وکرم مصری نے بھوٹان کے شاہ سے ملاقات کی، جبکہ وزیر اعظم شیرنگ ٹوبگے اور وزیر خارجہ و بیرونی تجارت ڈی این دھنگیل سے بھی تبادلۂ خیال کیا۔ دونوں ممالک کے مشترکہ بیان کے مطابق، مذاکرات میں ترقیاتی شراکت داری، توانائی، تجارت و سرمایہ کاری، رابطہ کاری، عوامی روابط اور باہمی دلچسپی کے دیگر علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں فریقوں نے بھوٹان کے 13ویں پانچ سالہ منصوبے کے لیے ہندوستان کی جانب سے فراہم کیے جانے والے 10 ہزار کروڑ روپے کے امدادی پیکیج پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا۔
اس امداد میں پروجیکٹ ٹائیڈ اسسٹنس (PTA)، ہائی امپیکٹ کمیونٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹس، اقتصادی محرک پروگرام اور پروگرام گرانٹ شامل ہیں۔ 12 نئے منصوبوں کی منظوری کے بعد اب تک 82 پی ٹی اے منصوبے منظور کیے جا چکے ہیں، جن کی مجموعی مالیت 6,860 کروڑ روپے ہے۔ ان منصوبوں کا تعلق بنیادی ڈھانچے، صحت، زراعت، شہری سہولیات اور آفات سے نمٹنے جیسے شعبوں سے ہے۔ ہندوستان اب تک 1,250 کروڑ روپے اقتصادی محرک پروگرام، 735.20 کروڑ روپے ہائی امپیکٹ کمیونٹی ڈیولپمنٹ منصوبوں اور 200 کروڑ روپے پروگرام گرانٹ کے طور پر جاری کر چکا ہے۔ اجلاس میں ان فنڈز کے استعمال کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ہندوستانی وفد نے بھوٹان کی ترقیاتی ترجیحات کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ بھوٹانی فریق نے ہندوستانی تعاون کو اپنے 13ویں پانچ سالہ منصوبے کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے خارجہ سکریٹریوں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تھمپو ایکولوجیکل پارک اور اولاکھا پارک کا افتتاح بھی کیا، جو ’’تھمپو میں گرین انفراسٹرکچر اور کھلی جگہوں‘‘ کے منصوبے کے تحت تعمیر کیے گئے ہیں۔
اسی موقع پر ’’بھوٹان میں برقی گاڑیوں کے فروغ‘‘ کے منصوبے کے تحت خریدی گئی 45 الیکٹرک گاڑیاں بھی بھوٹانی حکومت کے حوالے کی گئیں۔ دونوں فریقوں کی موجودگی میں دو اہم دستاویزات کا تبادلہ بھی ہوا۔ ان میں پہلی، بھوٹان کی حکومت اور ایگزم بینک آف انڈیا کے درمیان 4,000 کروڑ روپے کی رعایتی لائن آف کریڈٹ کے معاہدے سے متعلق تھی، جس کا مقصد بھوٹان میں توانائی کے منصوبوں کو فروغ دینا ہے۔ دوسری دستاویز ایمس، نئی دہلی اور کھیسر گیالپو یونیورسٹی آف میڈیکل سائنس، بھوٹان کے درمیان صحت کی تعلیم، تربیت اور تحقیق میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) تھی۔
بھوٹان میں ہندوستانی سفارت خانے کے مطابق، شاہِ بھوٹان سے ملاقات کے دوران وکرم مصری نے ترقیاتی تعاون کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ سفارت خانے نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ شاہِ بھوٹان نے ان پیش رفتوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ آئندہ ہند-بھوٹان ترقیاتی تعاون مذاکرات نئی دہلی میں باہمی سہولت کے مطابق منعقد کیے جائیں گے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ہندوستان اور بھوٹان کے تعلقات باہمی اعتماد، خیرسگالی، ہم آہنگی اور عوامی روابط کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔