نئی دہلی
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پیر کے روز سالانہ ہندوستان-آسٹریلیا وزرائے دفاع مذاکرات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال اس مکالمے کے آغاز کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور فوجی تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے نئی دہلی میں منعقد ہونے والے ہندوستان-آسٹریلیا وزرائے دفاع مذاکرات (ڈی ایم ایم) کے دوسرے دور سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
راج ناتھ سنگھ نے آسٹریلیا کے وزیر دفاع رچرڈ مارلس سے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ سالانہ وزرائے دفاع مکالمے کے قیام کے بعد ہمارے دفاعی تعلقات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے اور اکتوبر 2025 سے اب تک کئی اہم سنگِ میل حاصل کیے گئے ہیں۔انہوں نے اکتوبر 2025 میں آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے پہلے ہندوستان-آسٹریلیا وزرائے دفاع مذاکرات کے دوران رچرڈ مارلس کے ساتھ اپنی ملاقات کو یاد کیا اور آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان اور ہندوستانی وفد کے ساتھ کھلے دل سے تبادلۂ خیال کیا تھا۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کا ہر سال ملاقات کرنے کا فیصلہ دفاعی تعلقات کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور آئندہ برسوں کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی طے کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے آسٹریلیا کی حکومت کو حالیہ اہم دفاعی تقرریوں، جن میں پہلی خاتون دفاعی سیکریٹری اور پہلی خاتون مسلح افواج کی سربراہ کی تقرری شامل ہے، پر مبارکباد بھی دی۔راج ناتھ سنگھ نے آسٹریلیا کی قومی دفاعی حکمتِ عملی 2026 اور انٹیگریٹڈ انویسٹمنٹ پروگرام 2026 کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ میں ان اہم پالیسی دستاویزات کے بارے میں آپ کے خیالات جاننے اور ہندوستان-آسٹریلیا دفاعی تعلقات میں مزید ترقی کے مواقع تلاش کرنے کا منتظر ہوں۔اس سے قبل آسٹریلیا کے وزیر دفاع رچرڈ مارلس نے نئی دہلی میں واقع قومی جنگی یادگار پر حاضری دے کر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ہندوستان میں آسٹریلیا کے سفیر فلپ گرین نے رچرڈ مارلس کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایکس پر لکھا کہ یہ دورہ ہندوستان-آسٹریلیا جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی بڑھتی ہوئی مضبوطی، گہرائی اور دیرینہ دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔پیر کے روز راج ناتھ سنگھ اور آسٹریلیا کے نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع رچرڈ مارلس نے نئی دہلی میں ہندوستان-آسٹریلیا وزرائے دفاع مذاکرات کے دوسرے دور کی مشترکہ صدارت بھی کی۔
آسٹریلیا، آزاد، کھلے، جامع اور خوشحال ہند-بحرالکاہل خطے کے لیے ہندوستان کے وژن کا ایک اہم شراکت دار ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کی بڑھتی ہوئی مضبوطی اور پختگی کو ظاہر کرتا ہے۔
یاد رہے کہ 9 اکتوبر 2025 کو رچرڈ مارلس نے آسٹریلیا میں پہلے آسٹریلیا-ہندوستان وزرائے دفاع مذاکرات کے لیے راج ناتھ سنگھ کا استقبال کیا تھا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں غیر معمولی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا تھا۔
بیان کے مطابق، دونوں وزراء نے اپنے وزرائے اعظم کے اس طویل مدتی وژن کو آگے بڑھایا جس کا مقصد باہمی تعاون کو مضبوط بنانا، دونوں ممالک کی سلامتی میں اضافہ کرنا اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔