تل ابیب/ آواز دی وائس
مرکزی وزیر برائے تجارت و صنعت پیوش گوئل نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے اور امن و سلامتی کے قیام کے لیے ہاتھ ملانا چاہیے، کیونکہ دونوں ممالک نے طویل عرصے سے زیرِ التوا فری ٹریڈ معاہدے پر مذاکرات شروع کرنے کے لیے باقاعدہ طور پر "شرائطِ حوالہ" پر دستخط کر دیے ہیں۔
تل ابیب میں ہندوستان-اسرائیل بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے گوئل نے اسرائیلی عوام کو درپیش حالیہ چیلنجز کا بھی ذکر کیا، خصوصاً 7 اکتوبر کے حماس حملے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال اسرائیل میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کے لیے بہت مشکل رہے ہیں۔ آپ سب نے مشکلات کے باوجود زبردست حوصلہ دکھایا ہے، اور میں اس کے لیے آپ کی تعریف کرتا ہوں۔ میں واقعی آپ کی ہمت اور برداشت کی صلاحیت کا معترف ہوں۔
ہندوستان میں اس سال ہونے والے دہشت گرد حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے گوئل نے کہا کہ ہم نے بھی کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا سامنا کیا ہے۔ پہلگام، کشمیر میں دہشت گردوں نے لوگوں کی مذہب کی بنیاد پر شناخت کر کے اُنہیں ان کے اہل خانہ کے سامنے قتل کیا۔ چند دن پہلے نئی دہلی، جو ملک کا دارالحکومت ہے، اس کے مرکز میں دھماکہ ہوا۔" انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کو "دہشت گردی کے اس مسئلے کو ختم کرنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
وزیر نے کہا کہ برسوں میں دونوں ملکوں کے درمیان جذباتی رشتے اور مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی طور پر ہم ایک دوسرے سے بہت دور ہو سکتے ہیں، لیکن جذباتی طور پر اسرائیل اور ہندوستان کے لوگ ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں۔ گوئل، جو 60 رکنی کاروباری وفد کی قیادت کر رہے ہیں، نے کہا کہ ایف ٹی اے پر ہونے والی بات چیت دو طرفہ تجارت کے تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا، "ہندوستان-اسرائیل ایف ٹی اے ہماری مشترکہ خوشحالی کی طرف ایک اہم قدم ہوگا۔ تل ابیب کے میٹرو پروجیکٹ کے لیے ہندوستانی مہارت اور افرادی قوت اسرائیل کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے اسی روز اسرائیل کے وزیر برائے معیشت و صنعت، نیر برکاٹ سے بھی دو طرفہ ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ طور پر بزنس سمٹ سے خطاب کیا، جہاں گوئل نے فِن ٹیک، ایگری ٹیک، مشین لَرنِنگ، کوانٹم کمپیوٹنگ، فارماسیوٹیکلز، خلائی تحقیق اور دفاع جیسے شعبوں میں "لامحدود امکانات اور بے پناہ صلاحیت" کو اجاگر کیا۔
وزیر پیوش گوئل جمعہ کو اپنی اسی دورے کے سلسلے میں اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور تجارت و سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے یروشلم روانہ ہوں گے۔