نئی دہلی
وزیرِ مملکت برائے خارجہ کیرتی وردھن سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان نے ہجرت کے نظم و نسق کے لیے ایک “جامع نقطۂ نظر” اختیار کیا ہے، جس کے مرکز میں بیرونِ ملک جانے والے شہریوں کی فلاح، تحفظ اور بااختیار بنانا شامل ہے۔جمعرات کو اقوامِ متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن کی جانب سے دوسرے بین الاقوامی ہجرت جائزہ فورم کے موقع پر منعقد ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے مہاجرین کی نقل و حرکت اور تحفظ کو آسان بنانے کے لیے ہندوستان کے “اہم” ڈیجیٹل اقدام کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ہجرت کی کہانی بہت وسیع اور متحرک ہے۔ دنیا کے 200 سے زیادہ ممالک میں پھیلی 34 ملین سے زائد افراد پر مشتمل ہماری برادری نے صدیوں سے معیشتوں، ثقافتوں اور خیالات کو آپس میں جوڑنے کا کام کیا ہے۔سنگھ نے کہا کہ ترسیلاتِ زر، سرمایہ کاری اور علم کے تبادلے کے ذریعے ہندوستانی برادری کی خدمات نہ صرف ہندوستان کی ترقی بلکہ ان ممالک کے لیے بھی اہم ہیں جہاں وہ آباد ہیں۔انہوں نے کہا کہ برسوں کے دوران ہندوستان نے ہجرت کے نظم و نسق کے لیے ایک جامع نقطۂ نظر اپنایا ہے، جس میں بیرونِ ملک جانے والوں کی فلاح، تحفظ اور بااختیار بنانا بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ نقطۂ نظر اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ ہجرت صرف لوگوں کی نقل و حرکت نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل ہے، جس میں روانگی سے پہلے کی تیاری، محفوظ سفر، باوقار روزگار اور آخرکار اپنے معاشروں میں واپسی اور دوبارہ شمولیت شامل ہے۔سنگھ نے اقوامِ متحدہ کے نمائندوں اور رکن ممالک کے ساتھ “ای-مائیگریٹ” پلیٹ فارم کے بارے میں بھی جانکاری شیئر کی اور بتایا کہ ہندوستان کس طرح ڈیجیٹل اختراع کی طاقت کو استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای-مائیگریٹ موبائل ایپلی کیشن صارفین کو پورٹل پر دستیاب اہم خدمات تک آسان رسائی فراہم کرتی ہے، جن میں درخواست کی صورتحال جانچنا، رجسٹرڈ اور بلیک لسٹ کیے گئے بھرتی ایجنٹوں کی فہرست حاصل کرنا اور شکایات درج کرانا شامل ہے۔اقوامِ متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندے سفیر ہریش پَروتھانےنی نے کہا کہ بین الاقوامی ہجرت جائزہ فورم ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب “ہجرت اور مہاجرین سیاسی تنازع کا موضوع بن چکے ہیں۔
پَروتھانےنی نے کہا کہ ہندوستان قانونی اور باقاعدہ ہجرت کے راستوں کے لیے “مضبوط عزم” رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے تقریباً ہر حصے میں پھیلی 34 ملین افراد پر مشتمل ہندوستانی برادری کے ساتھ، ہمارا اس بات میں مضبوط اور اہم مفاد ہے کہ قانونی ہجرت کے راستوں کو فروغ دیا جائے، مستحکم بنایا جائے اور مزید مضبوط کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاہم ہم اس بات پر بھی بالکل واضح ہیں کہ مہاجرین اور پناہ گزینوں کے درمیان فرق بہت واضح ہونا چاہیے۔سفیر نے مہاجرین کے لیے بڑے پیمانے پر عملی حل تیار کرنے میں “ہندوستان ڈیجیٹل اسٹیک” کے استعمال کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ ہندوستان دیگر ممالک اور شراکت داروں کو ایسے اوپن سورس ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اپنانے میں مدد دینے کے لیے تیار ہے تاکہ مہاجرین کی فلاح اور انتظام کو بہتر بنایا جا سکے۔