ہندوستان خطے میں توازن برقرار رکھنے کے لیے ایک اہم ستون ہے۔ امریکی وزیر دفاع

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 30-05-2026
ہندوستان  توازن برقرار رکھنے کے لیے ایک اہم ستون ہے
ہندوستان توازن برقرار رکھنے کے لیے ایک اہم ستون ہے"۔ ہیگستھ

 



سنگاپور: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے ہند۔ بحرالکاہل خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے ہندوستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے ایک اہم ستون کی حیثیت رکھتا ہے اور امریکہ کے ساتھ مل کر مشترکہ مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

سنگاپور میں شنگری لا ڈائیلاگ کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے ہیگستھ نے کہا:

"جنوبی ایشیا میں ہندوستان ایک اہم سہارا ہے جو توازن برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اپنے قومی مفادات کے مطابق ایک مضبوط ہندوستان پورے خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے ہمارے مشترکہ مقصد کو آگے بڑھاتا ہے۔"

امریکی وزیر دفاع نے ہندوستان کی فوجی جدید کاری کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے خاص طور پر بحر ہند کے خطے میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا"ہندوستان اپنی فوج کو جدید بنا رہا ہے تاکہ وہ سلامتی کی ذمہ داریوں میں اپنا حصہ ادا کر سکے۔ خاص طور پر بحر ہند کے خطے میں۔"

ہندوستان کی دفاعی پیداوار کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے ہیگستھ نے کہا:

"ہندوستان بھاری صنعتی اور لاجسٹک صلاحیتیں تیار کر رہا ہے تاکہ اعلیٰ سطح کی فوجی کارروائیوں کو برقرار رکھا جا سکے۔ اس میں مشترکہ فوجی پلیٹ فارمز کی مرمت اور دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ خطے میں تعینات امریکی بحریہ کے جہازوں کو معاونت فراہم کرنے کی صلاحیت بھی شامل ہے۔"

واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ دفاعی پیداوار کے منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا:"ہم نے ہندوستان کے ساتھ مشترکہ پیداوار کو فروغ دینے کا عزم کیا ہے تاکہ جیولن اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل جیسے نظاموں کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا سکے۔ یہ ہماری افواج کی مشترکہ تیاری کو بہتر بنانے کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات ہیں۔"

ہیگستھ نے کہا کہ ہندوستان کی بڑھتی ہوئی دفاعی صنعتی صلاحیتیں خطے میں فوجی تیاری کو مضبوط بنانے کی وسیع تر امریکی حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں۔

ان کے مطابق:"اس قسم کی صنعتی طاقت صرف ایک طویل مدتی ہدف نہیں بلکہ فوری عملی ضرورت بھی ہے۔"

امریکی وزیر دفاع نے ٹرمپ انتظامیہ کے دفاعی اخراجات اور دفاعی پیداوار میں بڑے پیمانے پر اضافے کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے کہا:"امریکہ اپنی دفاعی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے کے لیے تاریخی سطح کی قومی صنعتی مہم چلا رہا ہے۔ ہم دنیا کے بہترین ہتھیار بڑے پیمانے پر۔ تیز رفتاری کے ساتھ اور مناسب لاگت پر تیار کریں گے۔"

ہیگستھ نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی عزم بھی ہے اور امریکی صدر کی واضح ہدایت بھی۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا:"گزشتہ سال دفاع پر ایک ٹریلین ڈالر خرچ کرنے کے بعد صدر ٹرمپ اس سال دفاعی شعبے میں ڈیڑھ ٹریلین ڈالر کی تاریخی سرمایہ کاری کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ امریکہ کی فوجی طاقت کو مزید وسعت دی جا سکے اور آنے والی دہائیوں تک اس کی برتری برقرار رہے۔"

انہوں نے امریکہ کے اتحادی ممالک اور شراکت داروں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے دفاعی اخراجات میں اضافہ کریں۔

ہیگستھ نے کہا:"ہم اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں سے کم از کم 3.5 فیصد دفاعی اخراجات کا مطالبہ کرتے ہیں اور ہم خود اس سے بھی آگے جا رہے ہیں۔ ہمیں توقع ہے کہ ہر اتحادی اور شراکت دار اسی عزم کا مظاہرہ کرے گا۔"

انہوں نے اشارہ دیا کہ واشنگٹن ان ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دے گا جو سلامتی کی ذمہ داریوں میں زیادہ فعال کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوں گے۔

ان کے مطابق:"جو ممالک اس چیلنج کو قبول کریں گے اور حقیقی شراکت دار کے طور پر اپنی ذمہ داری نبھائیں گے۔ انہیں اس کے واضح فوائد حاصل ہوں گے۔"

ہیگستھ نے مزید کہا:"ہماری حکمت عملی کے مطابق ہم ایسے مثالی اتحادیوں کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دیں گے جو زیادہ صلاحیت رکھتے ہوں۔ حقیقت پسند ہوں اور اپنے قومی مفادات کے دفاع کے لیے تیار ہوں۔ ایسے ممالک کو ہم ترجیحی فہرست میں سب سے آگے رکھیں گے۔"