اسلام آباد۔:پاکستان کے سابق صدر عارف علوی نے منگل کے روز جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی طبی رپورٹس تشویشناک ہیں۔ انہوں نے عمران خان میں بے چینی۔ دل کی دھڑکن تیز ہونے اور ہائی بلڈ پریشر جیسے مسائل کی نشاندہی کی۔عارف علوی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے عمران خان کی طبی رپورٹس کئی ماہرین کے ساتھ دیکھی ہیں اور وہ عام زبان میں یہ بتانا چاہتے ہیں کہ صورتحال کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں عمران خان کی ’’بے چینی اور ذہنی دباؤ کی سطح‘‘۔ ’’دل کی دھڑکن کا بے ترتیب یا تیز ہونا‘‘ اور ’’ہائی بلڈ پریشر‘‘ سب سے زیادہ تشویش میں مبتلا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق رپورٹ میں بے خوابی کا ذکر نہیں ہے لیکن عمران خان کو دی جانے والی ادویات سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہیں نیند سے متعلق بھی مسئلہ ہوسکتا ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ وہ عمران خان کو 35 سال سے زیادہ عرصے سے جانتے ہیں اور ذہنی دباؤ کبھی ان کی کمزوری نہیں رہا۔ ان کے مطابق اب ذہنی دباؤ کی سطح بلند ترین سطح پر پہنچنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ 3 سال کی قید اور مکمل تنہائی نے عمران خان پر کس قدر اثر ڈالا ہے۔انہوں نے عمران خان کے ذہنی دباؤ کی وجہ پاکستان کی موجودہ صورتحال۔ ان کے ساتھیوں کی قید۔ بعض افراد کو سنائی گئی سزائیں اور ہلاکتیں قرار دیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی تنہائی اور اخبارات۔ کتابوں اور بیرونی دنیا سے معلومات تک رسائی نہ ہونا بھی تشویش کا باعث ہے۔
عارف علوی نے عمران خان کی دل کی دھڑکن پر بھی تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی دل کی دھڑکن 54 بار فی منٹ ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق یہ شرح معمول کے مطابق ہوسکتی ہے لیکن عمران خان کے لیے یہ معمول کی شرح نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے دل کی دھڑکن تیز ہونے یا دھڑکن محسوس ہونے کی شکایت بھی کی ہے۔
عارف علوی نے فوری طور پر 24 گھنٹے کے ہولٹر مانیٹر کے ذریعے دل کی دھڑکن کی نگرانی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بلڈ پریشر کی روزانہ مناسب نگرانی کی بھی سفارش کی۔انہوں نے کئی طبی ٹیسٹ کرانے کی بھی تجویز دی جن میں اسٹریس ٹیسٹ۔ ایکو کارڈیوگرام۔ کارڈیک ایم آر آئی۔ کارڈیک آرٹری کیلشیم اسکین اور کارڈیک سی ٹی انجیوگرام شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر دیگر ٹیسٹ بھی کرائے جانے چاہئیں۔
عارف علوی نے کہا کہ وہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے انتہائی فکر مند ہیں۔ ان کے مطابق تنہائی عمران خان کے جسم پر جسمانی اثرات مرتب کر رہی ہے۔ اگر اس مسئلے پر فوری توجہ نہ دی گئی تو نقصان ناقابل واپسی ہوسکتا ہے اور مزید پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فوری طور پر آزاد ڈاکٹروں کے ایک پینل کی نگرانی میں اسپتال کے ماحول میں منتقل کیا جانا چاہیے۔عارف علوی نے مزید کہا کہ عمران خان کے اہل خانہ اور پاکستان کے عوام صرف حکومت کی جانب سے مقرر کیے گئے ڈاکٹروں پر اعتماد نہیں کرتے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگلے 3 ماہ یہ طے کرنے میں اہم ہوں گے کہ عمران خان کی صحت کی حالت بہتر ہوتی ہے یا مستقل نقصان کا شکار ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب لوگ تشویش میں مبتلا ہیں اور پاکستان کو اس وقت عمران خان کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان بدستور جیل میں ہیں۔ ان کے بیٹوں سلیمان خان اور قاسم خان نے بھی اپنے والد کو اہل خانہ۔ وکلا اور ڈاکٹروں تک رسائی نہ ملنے پر تشویش ظاہر کی ہے۔انہوں نے رواں ماہ کے آغاز میں سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اپنے والد کی صحت کے بارے میں کوئی تازہ معلومات نہیں مل رہی ہیں کیونکہ گزشتہ 7 ماہ سے ان کے اہل خانہ۔ ڈاکٹروں اور وکلا کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں نے ملک بھر میں مظاہرے کیے۔ مظاہرین نے پارٹی کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
عمران خان 2018 سے 2022 تک پاکستان کے وزیر اعظم رہے۔ انہیں 2022 میں پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ 2023 سے وہ مختلف مقدمات میں سزا کے بعد جیل میں ہیں جن میں بدعنوانی اور سرکاری راز افشا کرنے کے الزامات بھی شامل ہیں۔عمران خان اور ان کے سیاسی ساتھی مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتے رہے ہیں کہ ان کے خلاف قانونی کارروائیاں سیاسی بنیادوں پر کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں دوبارہ سیاست میں واپسی سے روکا جاسکے۔
وزارت عظمیٰ سے برطرفی کے بعد عمران خان نے ملک بھر میں بڑے جلسے کیے اور الزام عائد کیا کہ شہباز شریف کی حکومت نے انہیں اقتدار سے ہٹانے کے لیے پاکستانی فوجی اسٹیبلشمنٹ اور امریکہ کے ساتھ سازش کی۔اس کے بعد پاکستانی حکومت نے تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف کارروائی شروع کی اور 2024 کے عام انتخابات میں جماعت کی شرکت پر بھی پابندیاں عائد کی گئیں۔عمران خان کے حامی مسلسل الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ ان کے خلاف مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں اور ان کا مقصد انہیں دوبارہ سیاسی میدان میں آنے سے روکنا ہے۔ؓ