واشنگٹن
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکی شہریت حاصل کرنے والے تارکینِ وطن کو خود کو امریکی سمجھنا چاہیے، نہ کہ اس ملک کا شہری جہاں سے وہ آئے ہیں۔وینس نے منگل کو جارجیا یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی ایک ہندوستانی نژاد خاتون سے ہوئی ہے، جن کے خاندان نے امریکہ میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں، لیکن ان کے سسر نے کبھی بھی ان سے اپنے آبائی ملک کے مفاد میں کوئی خاص کام کرنے کے لیے نہیں کہا۔
ہندوستانی نژاد ایک طالبہ کے سوال کے جواب میں وینس نے کہا کہ جب آپ امریکی شہری بن جاتے ہیں، چاہے آپ کے خاندان کی نو نسلیں امریکہ میں رہی ہوں یا ایک بھی نسل یہاں نہ رہی ہو، تو شہری ہونے کے ناطے آپ کی ایک اہم ذمہ داری یہ ہے کہ آپ ملک کے بہترین مفاد کے بارے میں سوچیں، نہ کہ اس ملک کے بارے میں جہاں سے آپ پہلے آئے تھے یا کسی ایسے گروہ کے بارے میں جس سے آپ کا تعلق رہا ہو۔طالبہ نے ایچ-1 بی ویزا نظام میں دھوکہ دہی کی شکایت کی اور کہا کہ اس کے والدین کو اب تک گرین کارڈ نہیں ملا ہے۔
نائب صدر نے ’ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے‘ کے زیر اہتمام ایک پروگرام میں کہا کہ آپ کو خود کو ایک امریکی کے طور پر دیکھنا ہوگا۔ یہ نظام اسی وقت کام کرتا ہے جب ہر شخص خود کو ایک امریکی کے طور پر سوچے۔’ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے‘ ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو تعلیمی اداروں میں قدامت پسند سیاست کو فروغ دیتی ہے۔وینس نے اپنے سینیٹ انتخابی مہم کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے کو بھی یاد کیا، جس میں یوکرینی نژاد ایک امریکی نے ان سے اپنے ملک (یوکرین) کی حمایت کے لیے کچھ کرنے کی درخواست کی تھی۔
اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے وینس نے کہا کہ انہوں نے اس شخص سے کہا کہ جناب، پورے احترام کے ساتھ میں کہنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ امریکی ہیں تو آپ کا ملک امریکہ ہے، نہ کہ وہ جگہ جہاں سے آپ کبھی آ کر یہاں آباد ہوئے ہیں۔وینس نے مزید کہا کہ ان کے سسر ہندوستان سے امریکہ آئے، یہیں تعلیم حاصل کی اور بعد میں امریکی شہری بن گئے۔
نائب صدر نے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی میں کبھی ایک بار بھی مجھ سے یہ نہیں کہا کہ ‘آپ کو یہ کرنا چاہیے’ یا ‘آپ کو یہ کرنا ہوگا’ کیونکہ یہ اس ملک کے بہترین مفاد میں ہے جہاں سے میں آیا ہوں۔ نائب صدر کی شادی اُشا وینس سے ہوئی ہے۔ اُشا وینس لکشمی اور رادھا کرشن چلکوری کی بیٹی ہیں، جو 1980 کی دہائی میں امریکہ آ کر آباد ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ایچ-1 بی نظام میں کافی دھوکہ دہی ہوتی ہے، لیکن ساتھ ہی یہ بھی تسلیم کیا کہ ماضی میں امریکہ آنے والے افراد نے اس ملک کو خوشحال بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔