واشنگٹن
امریکہ کی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ نے جیفری ایپسٹین کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلق کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا کبھی بھی ایپسٹین یا اس کی ساتھی گِھسلین میکسویل کے ساتھ کوئی تعلق نہیں رہا۔
میلانیا ٹرمپ نے کہا کہ مجھے بدنام کرنے کے لیے جیفری ایپسٹین کے ساتھ جو جھوٹے الزامات جوڑے جا رہے ہیں، انہیں آج ہی ختم ہونا چاہیے۔ جو لوگ میرے بارے میں جھوٹ پھیلا رہے ہیں، وہ اخلاقیات، عاجزی اور احترام سے عاری ہیں... میری کبھی بھی ایپسٹین سے دوستی نہیں رہی۔ میں اور ڈونلڈ ٹرمپ کبھی کبھار ان ہی تقاریب میں مدعو ہوتے تھے جن میں ایپسٹین بھی شریک ہوتا تھا، کیونکہ نیویارک سٹی اور پام بیچ میں سماجی حلقے اکثر ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں۔ میرا کبھی بھی ایپسٹین یا اس کی ساتھی کے ساتھ کوئی ذاتی تعلق نہیں رہا۔
اپنے بیان کی حمایت کرتے ہوئے خاتونِ اول نے کہا کہ ان کا نام کبھی بھی کسی عدالتی دستاویز، بیانِ حلفی، متاثرین کے بیانات یا فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کی تحقیقات میں ایپسٹین سے متعلق شامل نہیں رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کئی برسوں سے سوشل میڈیا پر ایپسٹین اور میرے بارے میں جعلی تصاویر اور بیانات گردش کر رہے ہیں۔ اس لیے احتیاط کریں کہ آپ کیا یقین کرتے ہیں۔ یہ تمام تصاویر اور کہانیاں مکمل طور پر جھوٹی ہیں۔ میں نہ تو اس معاملے میں گواہ ہوں اور نہ ہی کسی مقدمے میں میرا نام بطور گواہ شامل ہے۔ ایپسٹین کیس سے متعلق کسی بھی عدالتی ریکارڈ، بیانات یا ایف بی آئی انٹرویوز میں میرا نام موجود نہیں۔
واضح رہے کہ خاتونِ اول نے اس معاملے پر اس سے پہلے کبھی کھل کر بات نہیں کی تھی۔ تاہم انہوں نے ماضی میں اپنے خلاف ایپسٹین سے تعلق جوڑنے کی کوششوں پر مقدمات بھی دائر کیے ہیں اور ان الزامات کو "بدنیتی پر مبنی اور سیاسی محرکات سے متاثر" قرار دیا۔
جیفری ایپسٹین اس سے قبل ایک کمسن لڑکی کو حاصل کرنے کے الزامات میں قصوروار ٹھہرایا جا چکا تھا۔ جولائی 2019 میں اسے وفاقی سطح پر سیکس ٹریفکنگ کے الزامات میں گرفتار کیا گیا، لیکن مقدمے کی سماعت سے قبل ہی وہ جیل میں خودکشی کر گیا۔