اگر زیلنسکی تیار ہیں تو وہ ماسکو آ سکتے ہیں: پوتن

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-09-2025
اگر زیلنسکی تیار ہیں تو وہ ماسکو آ سکتے ہیں: پوتن
اگر زیلنسکی تیار ہیں تو وہ ماسکو آ سکتے ہیں: پوتن

 



ماسکو : روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے بدھ کے روز کہا کہ وہ یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی سے ماسکو میں ملاقات کے لیے تیار ہیں، بشرطیکہ یہ بات چیت اچھی طرح تیار کی گئی ہو اور اس کے نتیجے میں کوئی تعمیری پیش رفت ہو۔

چین کے چار روزہ دورے کے بعد ایک پریس بریفنگ میں پوتن نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی ایسی ملاقات کے امکان کو رد نہیں کیا، لیکن زور دیا کہ یہ یوکرین کے آئینی ڈھانچے کے مطابق ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ "میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ میں نے کبھی اس ملاقات کو خارج از امکان قرار نہیں دیا۔ اگر ملاقات اچھی طرح تیار کی جائے اور اس کے مثبت نتائج نکل سکیں تو یہ ممکن ہے۔ اور ویسے ڈونالڈ (ٹرمپ) نے بھی مجھ سے پوچھا تھا کہ کیا یہ ممکن ہے، اور میں نے کہا کہ ہاں یہ ہے۔ آخرکار، اگر زیلنسکی تیار ہیں تو وہ ماسکو آ سکتے ہیں۔ یہ بالکل ممکن ہے۔"

روسی صدر نے یوکرین کی خودمختاری پر بھی بات کی اور کہا کہ ہر ملک کو اپنی سلامتی کے انتظامات کا حق ہے، لیکن ساتھ ہی یہ اضافہ کیا کہ کوئی ملک اپنی سلامتی کسی دوسرے ملک، مثلاً روس، کی قیمت پر یقینی نہیں بنا سکتا۔

پوتن نے یوکرین کی نیٹو میں ممکنہ رکنیت پر ایک بار پھر اعتراض کیا اور اسے روس کے قومی مفاد کے لیے براہِ راست خطرہ قرار دیا، لیکن یورپی یونین میں شامل ہونے کی یوکرین کی خواہش پر نسبتاً نرم مؤقف دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ میں ان لوگوں سے متفق ہوں جو کہتے ہیں کہ ہر ملک کو اپنی سلامتی یقینی بنانے کا حق ہے، اور یہ یوکرین پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ لیکن اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ کوئی ملک اپنی سلامتی کسی دوسرے ملک کے نقصان پر قائم نہیں کر سکتا، جیسا کہ روس۔ ہم ہمیشہ یوکرین کی نیٹو میں رکنیت کے خیال کی مخالفت کرتے رہے ہیں، لیکن ہم نے کبھی اس کے معاشی سرگرمیوں کے حق پر شک نہیں کیا، اور اس میں یورپی یونین کی رکنیت بھی شامل ہے

دوسری طرف، یوکرین کے وزیر خارجہ آندری سیبیہا نے پوتن کے اس بیان پر شدید ردعمل ظاہر کیا اور الزام لگایا کہ روسی صدر نے "کم از کم سات ممالک" کی میزبانی کی پیشکشوں کو نظرانداز کیا ہے، جن میں آسٹریا، ویٹیکن، سوئٹزرلینڈ، ترکی اور تین خلیجی ممالک شامل ہیں۔

سیبیہا نے ایک پوسٹ میں کہا:
"
یہ سنجیدہ پیشکشیں ہیں اور صدر زیلنسکی کسی بھی وقت ایسی ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ لیکن پوتن مسلسل سب کو بے وقوف بناتے ہیں اور جان بوجھ کر ناقابلِ قبول تجاویز پیش کرتے ہیں۔ صرف بڑھتے ہوئے دباؤ سے ہی روس کو امن کے عمل کے حوالے سے سنجیدہ ہونے پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔