ٹرمپ نے دی پوتن کو دھمکی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-10-2025
ٹرمپ نے دی پوتن کو دھمکی
ٹرمپ نے دی پوتن کو دھمکی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز روس کو سخت انتباہ دیا کہ اگر وہ یوکرین کے ساتھ جاری طویل جنگ کو ختم نہیں کرتا تو امریکہ یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والی ٹام ہاک میزائلیں فراہم کر سکتا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بات اسرائیل کے سفر کے دوران "ایئر فورس ون" طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
امریکی صدر نے کہا کہ میں یہ کہوں گا کہ اگر یہ جنگ ختم نہیں ہوئی تو میں انہیں ٹام ہاک دوں گا۔ ٹام ہاک ایک شاندار اور نہایت جارحانہ ہتھیار ہے...میں ان سے کہوں گا کہ اگر جنگ ختم نہیں ہوئی تو ہم ایسا کر سکتے ہیں۔ تاہم ٹرمپ نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ممکن ہے ہم ایسا نہ کریں، اور ممکن ہے کہ ہم کریں میرا خیال ہے کہ یہ بات رکھنی ضروری ہے۔
ٹرمپ کی یوکرینی صدر سے گفتگو
ٹرمپ کا یہ بیان یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلینسکی سے فون پر ہونے والی گفتگو کے بعد سامنے آیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ اس گفتگو میں انہوں نے ٹام ہاک میزائل بھیجنے کے امکان پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹام ہاک بھیجنا ایک نہایت جارحانہ قدم ہوگا۔یہ بیان ایسے وقت پر آیا ہے جب روس نے یوکرین کے بجلی گھروں پر رات کے وقت حملے کیے، جو سردیوں سے قبل یوکرین کے توانائی ڈھانچے کو کمزور کرنے کی مہم کا حصہ ہے۔ ٹرمپ نے جنگ کے بارے میں کہا کہ میرا واقعی ماننا ہے کہ اگر پوتن اس مسئلے کو حل کر لیتے ہیں تو یہ بہتر ہوگا، لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو یہ ان کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔
زیلینسکی کا مؤقف
اس سے قبل یوکرین کے صدر زیلینسکی نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فون پر "مثبت اور بامعنی گفتگو" ہوئی، جس میں انہوں نے یوکرین کی توانائی تنصیبات پر روسی حملوں اور یوکرین کے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے کے مواقع پر بات کی۔
ایک دن پہلے زیلینسکی نے بتایا تھا کہ وہ امریکی حکام کے ساتھ ٹام ہاک اور بیلسٹک میزائلوں سمیت طویل فاصلے کے جدید ہتھیاروں کی ممکنہ فراہمی پر گفتگو کر رہے ہیں۔
روس کا ردِعمل
ٹرمپ نے اس ہفتے کے آغاز میں کہا تھا کہ انہوں نے یوکرین کو ٹام ہاک میزائل فراہم کرنے پر اصولی فیصلہ کر لیا ہے، تاہم اس کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ دوسری جانب، یوکرین کا ایک اعلیٰ سطحی وفد اس ہفتے امریکہ کے دورے پر روانہ ہونے والا ہے۔ اس دوران کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ ٹام ہاک کا معاملہ نہایت تشویشناک ہے۔ انہوں نے روسی سرکاری ٹی وی کے رپورٹر پاویل زاروبن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ دراصل ایک انتہائی نازک لمحہ ہے کیونکہ ہر سمت سے کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
روس نے امریکہ کی جانب سے یوکرین کو ٹام ہاک کروز میزائلیں دینے کے امکان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ صدر پوتن پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اگر امریکہ نے یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار فراہم کیے، تو ماسکو اور واشنگٹن کے تعلقات کو شدید نقصان پہنچے گا۔