واشنگٹن:امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز کہا کہ وہ نہ تو ریپسٹ ہیں اور نہ ہی بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے۔سی بی ایس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان سے ایک منشور کے بارے میں سوال کیا گیا جس میں حملہ آور نے انتظامیہ کے عہدیداروں کو نشانہ بنانے کی بات کہی تھی اور ساتھ ہی یہ بھی لکھا تھا کہ وہ کسی ریپسٹ اور غدار کے جرائم میں شریک نہیں ہونا چاہتا۔
ٹرمپ نے اس سوال پر صحافی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ایسے الزامات کو دہرانے پر شرم محسوس کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی ایسے جرم میں ملوث نہیں ہیں اور ان کا ان باتوں سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں ان معاملات سے جوڑا گیا جن سے ان کا کوئی واسطہ نہیں اور وہ مکمل طور پر بری ہو چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اصل میں دوسرے لوگ ایسے معاملات میں ملوث رہے ہیں۔
یہ ردعمل اس لیے بھی غیر معمولی تھا کیونکہ ہفتے کے روز فائرنگ کے واقعے کے بعد میڈیا کے حوالے سے ان کا لہجہ نسبتاً نرم دیکھا گیا تھا۔ٹرمپ نے واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کرسپانڈنٹس ڈنر میں فائرنگ کے واقعے کی کوریج پر میڈیا کی تعریف بھی کی اور کہا کہ اس تقریب کو 30 دن کے اندر دوبارہ منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے اسوسی ایشن کی صدر ویجیا جیانگ کو یقین دلایا کہ تقریب جلد دوبارہ شیڈول کی جائے گی۔بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے فائرنگ کے واقعے کے وقت کی صورتحال بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ اچانک اس طرح کا واقعہ ہمیشہ چونکا دیتا ہے اور ابتدا میں انہیں لگا کہ کوئی ٹرے گرنے کی آواز ہے مگر بعد میں معلوم ہوا کہ یہ گولی کی آواز تھی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت خاتون اول ان کے ساتھ موجود تھیں اور انہوں نے فوراً محسوس کر لیا تھا کہ کچھ غیر معمولی ہوا ہے۔