واشنگٹن ڈی سی: صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر والے یادگاری ایک ڈالر کے سکے کی پورے امریکہ میں زبردست مانگ دیکھی گئی۔ لانچ کے چند گھنٹوں کے اندر ہی آن لائن دستیاب ابتدائی اسٹاک ختم ہوگیا۔ امریکی ٹکسال (US Mint) نے ملک کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے تحت یہ یادگاری سکہ جاری کیا ہے، جو امریکی سکوں کی تاریخ میں ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔ 2026 سیمی کوئنسیسینٹینیل صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک ڈالر کا سکہ بدھ کو دوپہر 12 بجے امریکی ٹکسال کے آن لائن کیٹلاگ میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔
سکہ جاری ہوتے ہی اس کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوگیا اور ویب سائٹ پر آنے والے صارفین کو ورچوئل ویٹنگ روم میں بھیج دیا گیا، جہاں انتظار کا وقت ایک گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا۔ بدھ کی سہ پہر تک 25 سکوں کے رول، جن کی قیمت 61 ڈالر تھی، ’’فی الحال اسٹاک میں دستیاب نہیں‘‘ دکھائی دینے لگے، جبکہ 100 سکوں کے بیگ، جن کی قیمت 154.50 ڈالر تھی، مکمل طور پر غیر دستیاب ہوگئے۔ یہ سکہ تانبے، زنک، مینگنیز اور نکل کے مخصوص مرکب سے تیار کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے اس کا رنگ سنہری دکھائی دیتا ہے، تاہم اس میں سونا شامل نہیں ہے۔
سکے کے اگلے حصے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر ہے، جس کے دونوں جانب ’’LIBERTY‘‘، ’’IN GOD WE TRUST‘‘ اور ’’1776–2026‘‘ کی تاریخیں درج ہیں۔ پچھلے حصے پر صدارتی مہر نمایاں ہے، جس میں زیتون کی شاخ اور تیروں کے ساتھ عقاب بنا ہوا ہے اور ’’E PLURIBUS UNUM‘‘ درج ہے۔ عقاب کی ڈھال پر 250 کا ہندسہ درج ہے، جو امریکہ کی 250ویں سالگرہ کی علامت ہے۔ اس کے ساتھ ’’UNITED STATES OF AMERICA‘‘ اور ’’ONE DOLLAR‘‘ بھی تحریر ہے۔
سکہ جمع کرنے والوں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے امریکی ٹکسال نے 4 جولائی کو 2,50,000 خصوصی سکے بھی تیار کیے، جن پر منفرد ’’July 4th‘‘ نشان موجود ہے۔ یہ نایاب سکے خریداروں کو بھیجے جانے والے رولز اور بیگز میں تصادفی طور پر شامل کیے گئے ہیں اور عام گردش میں بھی پہنچائے گئے ہیں۔ امریکی ٹکسال نے سوشل میڈیا پر کہا، ’’یہ سکے گردش میں بھی موجود ہیں، اس لیے اپنی جیب میں موجود سکوں کو ضرور دیکھیں۔‘
‘ اس سکے کی تاریخی اہمیت بھی ہے۔ امریکی ٹکسال کی روایتی پالیسی کے تحت زندہ شخصیات کو امریکی کرنسی پر عموماً جگہ نہیں دی جاتی۔ سکوں کی تاریخ کے مطابق، اس سے قبل کسی زندہ امریکی صدر کی تصویر کسی سکے پر صرف ایک مرتبہ، 1926 میں نظر آئی تھی۔ اس وقت صدر کیلون کولج کی تصویر والے یادگاری نصف ڈالر کے سکے جاری کیے گئے تھے، جو امریکی اعلانِ آزادی کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر بنائے گئے تھے۔
ابتدائی طور پر ویب سائٹ پر غیر معمولی دباؤ کو قابو میں رکھنے کے لیے امریکی ٹکسال نے ایک گھرانے کے لیے زیادہ سے زیادہ دو سکوں کے آن لائن آرڈر کی اجازت دی ہے۔ تاہم یہ ایک ڈالر کا سکہ سالِ جشن کے دوران مرحلہ وار پورے امریکہ میں عام گردش کے لیے جاری کیا جائے گا۔