مشرقی تہران کے رہائشی علاقے میں زوردار دھماکہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 13-03-2026
مشرقی تہران کے رہائشی علاقے میں زوردار دھماکہ
مشرقی تہران کے رہائشی علاقے میں زوردار دھماکہ

 



تہران:مشرقی تہران کے ایک رہائشی علاقے میں زوردار دھماکے کی اطلاع ملی ہے۔ یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب اسرائیلی فضائیہ نے ایرانی حکومت کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بناتے ہوئے تازہ حملوں کی ایک نئی لہر شروع کی۔ ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی نے یہ اطلاع دی ہے۔پریس ٹی وی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پوسٹ میں بتایا کہ جائے وقوعہ سے سامنے آنے والی تصاویر میں کئی زخمی افراد کو اسپتال منتقل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل اسرائیلی فضائیہ نے جمعہ کے روز کہا تھا کہ اس نے ایرانی حکومت کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بناتے ہوئے حملوں کی کئی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں۔اسرائیلی فضائیہ کے مطابق تہران شیراز اور اہواز میں بیک وقت کارروائیاں کی گئیں۔ فضائیہ نے فوجی انٹیلی جنس کی ہدایت پر گزشتہ ایک دن کے دوران ایرانی حکومت کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔

بیان کے مطابق جنوبی ایران کے شہر شیراز میں ایک زیر زمین مقام کو نشانہ بنایا گیا جو ایرانی حکومت کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا اور جنہیں اسرائیل کی جانب داغنے کا منصوبہ تھا۔تہران میں فضائی دفاعی نظام کے کئی مراکز اور ایک مرکزی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

اس کے علاوہ جنگی ساز و سامان کی تیاری دفاعی نظام اور بیلسٹک میزائلوں کے پرزہ جات تیار کرنے والے متعدد مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔اسی دوران مغربی ایران کے شہر اہواز میں ایرانی حکومت کے مختلف اداروں کے ہیڈکوارٹرز پر حملے کیے گئے۔ اسرائیلی فضائیہ کے مطابق ان مراکز میں ایرانی فوجی سرگرم تھے اور درجنوں اہلکار وہاں سے اسرائیل اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

اسرائیلی فضائیہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ایرانی حکومت کے بنیادی نظام اور اس کے ڈھانچے کو مزید نقصان پہنچانے کے مرحلے کا حصہ ہیں۔اس سے قبل اسرائیلی فضائیہ نے کہا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مغربی اور وسطی ایران میں 200 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔فضائیہ کے مطابق درجنوں لڑاکا طیاروں نے فوجی انٹیلی جنس کی رہنمائی میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایرانی حکومت کے 200 سے زیادہ اہداف پر بمباری کی جن میں بیلسٹک میزائل لانچر دفاعی نظام اور جنگی ساز و سامان تیار کرنے والے مراکز شامل ہیں۔

اسرائیلی فضائیہ کا کہنا ہے کہ آپریشن روئر آف دی لائن کے آغاز کے بعد سے فضائیہ ایرانی حکومت کے مختلف بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بناتے ہوئے سینکڑوں حملے کر چکی ہے تاکہ اسرائیل پر ہونے والی ممکنہ میزائل فائرنگ کو زیادہ سے زیادہ کم کیا جا سکے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کو براہ راست خبردار کیا ہے اور اشارہ دیا ہے کہ اسرائیل انہیں بھی نشانہ بنا سکتا ہے جیسا کہ ان کے والد کو بنایا گیا تھا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اسرائیل مجتبیٰ خامنہ ای کو نشانہ بنا سکتا ہے تو نیتن یاہو نے کہا کہ وہ دہشت گرد تنظیموں کے کسی بھی رہنما کو زندگی کی ضمانت نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دہشت گردی کے سرپرست ہیں اور وہ اس بارے میں تفصیل بتانے کا ارادہ نہیں رکھتے کہ اسرائیل کیا منصوبہ بنا رہا ہے۔نیتن یاہو نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایرانی پاسداران انقلاب کا کٹھ پتلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے سامنے آنے کی ہمت نہیں رکھتے۔