حوثیوں کا یمن میں اقوام متحدہ کے دفاتر پر چھاپہ، کم از کم 11 اہلکار گرفتار

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 01-09-2025
حوثیوں کا یمن میں اقوام متحدہ کے دفاتر پر چھاپہ، کم از کم 11 اہلکار گرفتار
حوثیوں کا یمن میں اقوام متحدہ کے دفاتر پر چھاپہ، کم از کم 11 اہلکار گرفتار

 



قاہرہ: ایران کی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے اتوار کو یمن کے دارالحکومت صنعا میں اقوام متحدہ کی خوراک، صحت اور بچوں کی ایجنسیوں کے دفاتر پر چھاپہ مارا اور کم از کم 11 اہلکاروں کو حراست میں لے لیا۔ یہ کارروائی اسرائیل کی جانب سے حوثی وزیراعظم اور متعدد وزراء کو ہلاک کرنے کے بعد سیکیورٹی سخت کیے جانے کے دوران کی گئی۔

عالمی ادارہ خوراک(WFP) کی ترجمان عبیـر عتیفہ نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ اتوار کی صبح حوثی فورسز نے صنعا میں ان کے دفاتر پر دھاوا بولا۔اقوام متحدہ کے ایک اہلکار اور ایک حوثی عہدیدار (جنہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی) کے مطابق عالمی ادارہ صحت(WHO) اور یونیسف(UNICEF) کے دفاتر پر بھی چھاپے مارے گئے۔ مسلح افراد نے دفاتر پر قبضہ کیا اور ملازمین سے پارکنگ لاٹ میں تفتیش کی۔

یونیسف کے ترجمان عمار عمار نے تصدیق کی کہ ان کے کئی عملے کو حراست میں لیا گیا ہے اور مزید تفصیلات حوثیوں سے طلب کی جا رہی ہیں۔ دونوں ایجنسیوں کے ترجمانوں نے بتایا کہ وہ اپنے ملازمین کی “جامع حاضری رپورٹ” تیار کر رہے ہیں تاکہ حوثی زیر قبضہ علاقوں میں صورتحال واضح ہو سکے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کم از کم 11 اہلکاروں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہWFP کے دفاتر میں جبری داخلہ، اقوام متحدہ کی املاک پر قبضہ اور دیگر دفاتر میں گھسنے کی کوشش قابل قبول نہیں۔

یہ چھاپے حوثیوں کی اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیموں کے خلاف برسوں سے جاری کارروائیوں کا تسلسل ہیں۔ ماضی میں بھی درجنوں اہلکاروں اور امدادی اداروں سے منسلک افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں صنعا میں بند امریکی سفارت خانے کا عملہ بھی شامل ہے۔ جنوری میں 8 اہلکاروں کی گرفتاری کے بعد اقوام متحدہ نے صوبہ صعدہ میں اپنی سرگرمیاں معطل کر دی تھیں۔

اسرائیلی حملے میں حوثی وزیراعظم سمیت کئی وزراء ہلاک

یہ چھاپے جمعرات کو اسرائیلی فضائی حملے میں حوثی وزیراعظم احمد الرحاوی اور کم از کم پانچ وزراء کی ہلاکت کے بعد کیے گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں وزیر خارجہ جمال عامر، نائب وزیراعظم و وزیر بلدیات محمد المدنی، وزیر بجلی علی سیف حسن، وزیر سیاحت علی الیافعی اور وزیر اطلاعات ہاشم شرف الدین شامل ہیں۔

ایک بااثر نائب وزیر داخلہ عبدالمجید المرتضی بھی ہلاک ہوئے، تاہم وزیر دفاع محمد ناصر العاطفی حملے میں بچ گئے۔ وزیر داخلہ عبد الکریم الحوثی اس اجلاس میں شریک نہیں تھے۔ حوثیوں نے اعلان کیا کہ مقتولین کی اجتماعی نماز جنازہ پیر کو صنعا کے سبعین اسکوائر میں ادا کی جائے گی۔

اسرائیل اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی

یہ حملہ 21 اگست کو حوثیوں کی جانب سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغے جانے کے بعد ہوا، جسے اسرائیل نے کلسٹر بم قرار دیا۔ یہ میزائل تل ابیب کے بن گوریان ایئرپورٹ کی طرف فائر کیا گیا تھا، جس کے باعث مرکزی اسرائیل اور یروشلم میں فضائی حملے کے سائرن بجے اور لاکھوں افراد پناہ گاہوں میں چلے گئے۔

حوثی رہنما عبدالملک الحوثی نے اتوار کو اپنے خطاب میں کہاکہاسرائیلی دشمن کو نشانہ بنانے کی ہماری فوجی حکمت عملی، چاہے وہ میزائل ہوں، ڈرون ہوں یا سمندری ناکہ بندی، مستقل، منظم اور بڑھتی ہوئی ہے۔اقوام متحدہ کے یمن کے لیے ایلچی ہانس گرنڈبرگ نے تشویش ظاہر کی کہ یمن کسی بڑے جغرافیائی تنازعے کا میدان جنگ نہ بن جائے اور فریقین سے کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی۔