بنگلہ دیش میں بدامنی کے لئے یونس ذمہ دار : شیخ حسینہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-12-2025
بنگلہ دیش میں بدامنی کے لئے  یونس ذمہ دار : شیخ حسینہ
بنگلہ دیش میں بدامنی کے لئے یونس ذمہ دار : شیخ حسینہ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
گزشتہ ہفتے تشدد کے ایک نئے سلسلے کے بعد بنگلہ دیش میں بدامنی کی صورتحال کے درمیان، سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے محمد یونس کی قیادت والی عبوری حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ حکومت انتہاپسند عناصر کو طاقت دے رہی ہے، ہندوستان مخالف جذبات کو ہوا دے رہی ہے اور جمہوری ڈھانچوں کو کمزور کر رہی ہے۔ ایسے اقدامات جو ان کے بقول داخلی استحکام اور علاقائی سلامتی دونوں کے لیے خطرہ ہیں۔
 ہندوستان کے خلاف بڑھتی ہوئی دشمنی اور ہندوستانی سفارت کاروں کی سلامتی سے متعلق خدشات پر بات کرتے ہوئے شیخ حسینہ نے الزام عائد کیا کہ حالیہ کشیدگیاں جان بوجھ کر پیدا کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دشمنی انتہاپسند عناصر تیار کر رہے ہیں جنہیں یونس حکومت نے حوصلہ دیا ہے۔
ہندوستانی اور مقامی اداروں کو نشانہ بنانے کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا  کہ یہ وہی عناصر ہیں جنہوں نے ہندوستانی سفارت خانے کی طرف مارچ کیا، ہمارے میڈیا دفاتر پر حملے کیے، اقلیتوں پر بلا روک ٹوک تشدد کیا اور مجھے اور میرے خاندان کو جان بچا کر ملک چھوڑنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ یونس نے ایسے افراد کو اقتدار کے عہدوں پر بٹھایا اور سزا یافتہ دہشت گردوں کو جیلوں سے رہا کیا۔ شیخ حسینہ نے کہا کہ نئی دہلی کی جانب سے اپنے سفارتی عملے کی سلامتی پر تشویش بالکل بجا ہے۔ ایک ذمہ دار حکومت سفارتی مشنز کی حفاظت کرتی ہے اور دھمکیاں دینے والوں کے خلاف کارروائی کرتی ہے۔ اس کے برعکس، یونس غنڈوں کو استثنا دیتا ہے اور انہیں مجاہد قرار دیتا ہے۔ اپنے خلاف بین الاقوامی جرائم ٹریبونل (آئی سی ٹی) کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے شیخ حسینہ نے اسے سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا انصاف سے کوئی تعلق نہیں، یہ سراسر سیاسی خاتمے کی کوشش ہے۔
انہوں نے طریقۂ کار کی ناانصافی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے دفاع کا حق نہیں دیا گیا اور نہ ہی اپنی پسند کے وکیل رکھنے کی اجازت دی گئی۔ اس ٹریبونل کو عوامی لیگ کے خلاف انتقامی کارروائی کے لیے استعمال کیا گیا۔ ان الزامات کے باوجود، شیخ حسینہ نے کہا کہ انہیں بنگلہ دیش کی آئینی بنیادوں پر اب بھی یقین ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا اعتماد بنگلہ دیش کے اداروں سے مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔ ہماری آئینی روایت مضبوط ہے، اور جب جائز حکومت بحال ہوگی اور عدلیہ اپنی آزادی دوبارہ حاصل کرے گی تو انصاف غالب آئے گا۔ فروری کے انتخابات، جن سے عوامی لیگ کو باہر رکھا گیا ہے، کی ساکھ پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی لیگ کے بغیر کوئی انتخاب، انتخاب نہیں بلکہ تاج پوشی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یونس بنگلہ دیشی عوام کے ایک بھی ووٹ کے بغیر حکومت کر رہا ہے، اور اب وہ اس جماعت پر پابندی لگانا چاہتا ہے جو عوامی مینڈیٹ سے نو مرتبہ منتخب ہو چکی ہے۔
ووٹرز کی بڑے پیمانے پر محرومی کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے شیخ حسینہ نے کہا،
“تاریخی طور پر، جب بنگلہ دیشی اپنے پسندیدہ سیاسی جماعت کو ووٹ نہیں دے سکتے تو وہ ووٹ ہی نہیں دیتے۔ اس طرح عوامی لیگ پر پابندی برقرار رہی تو لاکھوں افراد عملی طور پر حقِ رائے دہی سے محروم ہو جائیں گے اور انہوں نے مزید کہا کہ ایسے حالات میں بننے والی کوئی بھی حکومت “حکمرانی کا اخلاقی اختیار نہیں رکھے گی۔
اپنے دیرینہ سیاسی موقف کو دہراتے ہوئے شیخ حسینہ نے کہا کہ میرا ماضی، حال اور مستقبل ہمیشہ بنگلہ دیش کی سلامتی اور تحفظ سے جڑا رہا ہے، اور میں چاہتی ہوں کہ میرا ملک ایسا رہنما منتخب کرے جسے حکومت کرنے کا حقیقی اختیار حاصل ہو۔ آئی سی ٹی کے فیصلے کے بعد ان کی حوالگی کے مطالبات پر ردِ عمل دیتے ہوئے انہوں نے انہیں سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مطالبات ایک مایوس اور بھٹکی ہوئی یونس انتظامیہ کی جانب سے سامنے آ رہے ہیں اور کارروائی کو ایک بار پھر “سیاسی مقصد سے قائم کینگرو ٹریبونل” کہا۔
انہوں نے ہندوستان کی مسلسل حمایت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس یکجہتی اور میزبانی پر دل سے مشکور ہیں جو ہندوستان ان کے لیے برقرار رکھے ہوئے ہے اور یہ بھی کہا کہ اس رویّے کی “ہندوستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے تائید کی ہے۔
بنگلہ دیش چھوڑنے کی وضاحت کرتے ہوئے شیخ حسینہ نے کہا کہ میں نے مزید خونریزی روکنے کے لیے بنگلہ دیش چھوڑا، نہ کہ انصاف کا سامنا کرنے کے خوف سے۔ واپسی کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ مجھ سے یہ مطالبہ نہیں کر سکتے کہ میں اپنی سیاسی قتل کی کوشش کا سامنا کرنے کے لیے واپس آؤں۔ انہوں نے عبوری قیادت کے خلاف اپنی قانونی جدوجہد دہراتے ہوئے کہا  کہ مجھے یقین ہے کہ ایک آزاد عدالت مجھے بری کر دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بنگلہ دیش میں جائز حکومت اور آزاد عدلیہ ہوگی تو میں خوشی سے اس ملک واپس آؤں گی جس کی میں نے ساری زندگی خدمت کی ہے۔
ہندوستان-بنگلہ دیش تعلقات میں کشیدگی، بشمول ڈھاکہ کی جانب سے ہندوستانی سفیر کو طلب کیے جانے پر، شیخ حسینہ نے اس کی ذمہ داری عبوری حکومت پر عائد کی۔ انہوں نے کہا کہ جو کشیدگی آپ دیکھ رہے ہیں وہ مکمل طور پر یونس کی پیدا کردہ ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ یہ حکومت ہندوستان کے خلاف محاذ آرائی کا رویہ اپنا رہی ہے، اقلیتوں کی حفاظت میں ناکام ہے اور پالیسی سازی میں انتہاپسند اثر و رسوخ کو جگہ دے رہی ہے۔ دو طرفہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے شیخ حسینہ نے کہا کہ ہندوستان دہائیوں سے بنگلہ دیش کا سب سے مضبوط دوست اور شراکت دار رہا ہے اور یہ تعلق “گہرا اور بنیادی” ہے جو “کسی بھی عارضی حکومت سے زیادہ دیرپا رہے گا۔
شریف عثمان ہادی کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ قانون و نظم کے بگاڑ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک قتل اس بدامنی کی مثال ہے جس نے میری حکومت کو اکھاڑ پھینکا اور جو یونس کے دور میں مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تشدد معمول بن چکا ہے جبکہ عبوری حکومت یا تو اس سے انکار کرتی ہے یا اسے روکنے میں بے بس ہے۔ شیخ حسینہ نے کہا کہ مسلسل عدم استحکام بیرونِ ملک بنگلہ دیش کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔جب آپ اپنی سرحدوں کے اندر بنیادی نظم و ضبط قائم نہیں رکھ سکتے تو عالمی سطح پر آپ کی ساکھ ختم ہو جاتی ہے۔ اسلام پسند قوتوں کے بڑھتے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بھی اسی تشویش میں شریک ہوں، جیسا کہ وہ لاکھوں بنگلہ دیشی جو اس محفوظ اور سیکولر ریاست کو ترجیح دیتے ہیں جو ہم کبھی تھے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یونس نے انتہاپسندوں کو کابینہ کے عہدوں پر بٹھایا، سزا یافتہ دہشت گردوں کو جیلوں سے رہا کیا اور بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں سے منسلک گروہوں کو عوامی زندگی میں کردار ادا کرنے کی اجازت دی۔
 اور مزید کہا  کہ بنگلہ دیشی سیاست کا سیکولر کردار ہماری سب سے بڑی طاقتوں میں سے ایک تھا۔ کچھ بنگلہ دیشی رہنماؤں کے سلی گڑی کوریڈور یا ‘چکن نیک’ سے متعلق بیانات پر ردِ عمل دیتے ہوئے شیخ حسینہ نے انہیں “خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ” قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی سنجیدہ رہنما ایسے پڑوسی کو دھمکی نہیں دیتا جس پر بنگلہ دیش تجارت، آمد و رفت اور علاقائی استحکام کے لیے انحصار کرتا ہے۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ یہ خیالات عوامی رائے کی نمائندگی نہیں کرتے، انہوں نے کہا کہ یہ آوازیں بنگلہ دیشی عوام کی نمائندہ نہیں ہیں اور یقین ظاہر کیا کہ “جب جمہوریت بحال ہوگی اور ذمہ دار حکومت واپس آئے گی تو ایسی لاپرواہ گفتگو خود بخود ختم ہو جائے گی۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بڑھتے روابط کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش روایتی طور پر “سب سے دوستی، کسی سے عداوت نہیں” کی پالیسی پر عمل پیرا رہا ہے، مگر عبوری قیادت کے اقدامات پر تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ یونس کے پاس بنگلہ دیش کی خارجہ پالیسی کو نئے سرے سے ترتیب دینے کا کوئی مینڈیٹ نہیں ہے اور مزید کہا کہ اسے “ایسے تزویراتی فیصلے کرنے کا کوئی حق نہیں جو آنے والی نسلوں کو متاثر کریں۔
اپنی مجموعی پوزیشن دہراتے ہوئے شیخ حسینہ نے کہا کہ جب بنگلہ دیشی عوام دوبارہ آزادانہ ووٹ ڈال سکیں گے تو ہماری خارجہ پالیسی دوبارہ قومی مفادات کی خدمت کرے گی اور اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان-بنگلہ دیش تعلقات “بنیادی ہیں اور اس عبوری حکومت کے خاتمے کے بعد بھی برقرار رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف ہندوستان ہی نہیں بلکہ جنوبی ایشیا کے استحکام میں دلچسپی رکھنے والے ہر ملک کے لیے باعثِ تشویش ہونا چاہیے۔