غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی کا عمل شروع

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-10-2025
غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی کا عمل شروع
غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی کا عمل شروع

 



تل ابیب/ آواز دی وائس
پیر کی صبح اسرائیل بھر میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے جب حماس دو سال کی قید کے بعد 20 زندہ یرغمالیوں کے ایک گروپ کو رہا کرنے کی تیاری کر رہی تھی ۔ اہلِ خانہ، دوستوں اور حامیوں نے سڑکوں، عوامی چوراہوں اور فوجی اڈوں پر اپنے پیاروں کی جذباتی واپسی کا انتظار کیا۔
تل ابیب کے "ہوسٹیجز اسکوائر" اور جنوبی اسرائیل میں غزہ سرحد کے قریب سڑکوں پر سینکڑوں افراد جمع ہوئے، جنہوں نے جھنڈے لہرائے اور قیدیوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ فضا میں خوشی، امید اور بے چینی کی ملی جلی کیفیت تھی کیونکہ خبر پھیل گئی تھی کہ یرغمالیوں کا پہلا گروپ جلد ہی شمالی غزہ میں ریڈ کراس کے حوالے کر دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق، چینل 12 نے بتایا کہ آج رہائی پانے والے یرغمالی "ایویاتار ڈیوڈ" کے دوستوں نے اس لمحے کو خاص انداز میں منایا — انہوں نے اس کی تصویر والی قمیضیں پہنی اور شراب کے شٹس لیے۔ حیفہ کے نواحی علاقے میں ایک اور یرغمالی "متن انگیریسٹ" کے دوستوں اور اہل خانہ نے بھی جوش و انتظار کے ساتھ اجتماع کیا۔
ایک دوست نے کہا کہ جب ہمیں خبر ملی، ہم نے قمیضیں تیار کیں، سب کچھ تیار کر لیا تاکہ آخرکار متن کا استقبال کر سکیں۔ متن کے والد "ہگائی انگیریسٹ" نے چینل 12 سے بات کرتے ہوئے کہا، "ہم اس وقت تک لڑتے رہیں گے جب تک تمام یرغمالی، زندہ یا مردہ، گھر واپس نہیں آ جاتے۔ یرغمالی "سیگیو کالفون" کی والدہ "گالیت کالفون" نے کہا کہ وہ اب تک یقین نہیں کر پا رہیں کہ ان کا بیٹا واپس آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں خوشی سے جاگی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ جب تک سیگیو کو نہ دیکھ لوں، یہی خوشی برقرار رہے۔ میں بار بار تصور کرتی ہوں کہ وہ لمحہ جب میں اسے کہوں گی کہ سب کچھ ٹھیک ہے اور وہ ہمارے ساتھ ہے۔
یرغمالی "ایتان مور" کے اہل خانہ نے بھی کہا کہ انہیں اس کی حالت کے بارے میں یقین نہیں۔ اس کی دادی "پسکیا" نے چینل 12 کو بتایا، "ہم بے حد خوش اور خداوندِ متعال کے شکر گزار ہیں۔ دو سالوں سے فوج ہمیں کہہ رہی ہے کہ وہ زندہ ہے، اور ہم نے اسی پر یقین رکھا ہے۔ ایک یرغمالی جو قید سے واپس آیا، اس نے بتایا کہ اس نے ایتان کو دیکھا تھا، لیکن وہ کافی عرصہ پہلے کی بات ہے، اس کے بعد سے ہمیں صرف فوجی انٹیلیجنس سے معلومات ملتی رہیں۔
ایک اسرائیلی دفاعی اہلکار نے بتایا کہ حماس کی جانب سے یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کرنے کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے شمالی غزہ میں شروع ہونے کی امید ہے، تاہم ممکنہ تاخیر بھی ہو سکتی ہے۔ دیگر مقامات کے بارے میں تفصیلات ابھی طے کی جا رہی ہیں۔ اسی دوران حماس کے عسکری ونگ نے آج رہا کیے جانے والے 20 زندہ یرغمالیوں کے نام جاری کیے، اور تصدیق کی کہ یہ وہی فہرست ہے جو پہلے مذاکرات کے دوران اسرائیل کے ساتھ شیئر کی گئی تھی۔
وزیر اعظم  نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ سارہ نیتن یاہو نے ان یرغمالیوں کے لیے خیرمقدمی نوٹ لکھے ہیں جن کی رہائی متوقع ہے۔ وزیراعظم کے دفتر کے "ہوسٹیجز ڈائریکٹوریٹ" نے ان کے لیے خصوصی کٹس بھی تیار کی ہیں، جن میں کپڑے، ذاتی اشیاء، ایک لیپ ٹاپ، موبائل فون اور ٹیبلیٹ شامل ہیں۔ نوٹ میں لکھا ہے کہ پوری اسرائیلی قوم کی جانب سے خوش آمدید! ہم آپ کا انتظار کر رہے تھے، اور آپ کو گلے لگاتے ہیں۔
ادھر ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق، تل ابیب کے ساحل پر ایک بڑا بورڈ آویزاں کیا گیا ہے جس پر امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ چینل 12 کی فوٹیج میں بورڈ پر لکھا نظر آیا: "تھینک یو"، جس پر ٹرمپ کے سر کا سیاہ خاکہ بھی بنا ہوا تھا، اور انگریزی و عبرانی میں لفظ "ہوم" درج تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ چند گھنٹوں میں اسرائیل پہنچیں گے تاکہ اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے کا جشن منائیں، جس کے تحت باقی 48 یرغمالیوں کی واپسی اور جنگ کے خاتمے کا اعلان ہوگا۔
مزید یہ کہ تاریخی "غزہ امن تقریب" پیر کی دوپہر مصر کے سیاحتی شہر شرم الشیخ میں منعقد ہونے والی ہے۔  اتوار کے روز اسرائیلی دفاعی افواج  نے "آپریشن ریٹرننگ ہوم" کے آغاز کا اعلان کیا، جس کا مقصد حماس کے قبضے سے یرغمالیوں کی واپسی ہے۔ ایکس پر پوسٹ میں آئی ڈی ایف نے کہا کہ ہم اپنے یرغمالیوں کو حماس کی قید سے واپس لانے کے لیے آپریشن 'ریٹرننگ ہوم' شروع کر رہے ہیں۔ چند گھنٹوں میں ہم سب ایک ہوں گے — ایک قوم، متحد اور گلے ملے ہوئے۔ چیف آف جنرل اسٹاف، لیفٹیننٹ جنرل ایال زامیر نے کہا کہ یہ آپریشن اسرائیل کے لیے ایک اہم کامیابی ہے، جو مسلسل فوجی اور سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران ہمارا فوجی دباؤ اور اس کے ساتھ سفارتی اقدامات نے حماس پر فتح حاصل کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام جاری رکھے گا کہ غزہ پٹی اب ریاست اور اس کے شہریوں کے لیے خطرہ نہ بنے۔
اسی دوران، وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل اپنے یرغمالیوں کو "فوری طور پر" وصول کرنے کے لیے تیار ہے، جو حکومت اور فوج کے درمیان مکمل ہم آہنگی کا اشارہ ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے طے شدہ معاہدے کے تحت، اسرائیل تقریباً 2000 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا، بدلے میں اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی ہوگی، اور غزہ کو فوری طور پر "مکمل امداد" فراہم کی جائے گی، جہاں کئی علاقوں میں شدید غذائی قلت اور بھوک پھیل چکی ہے۔