آبنائے ہرمز پر ایران کا کنٹرول برقرار رہے گا: محمد باقر قالیباف

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-06-2026
آبنائے ہرمز پر ایران کا کنٹرول برقرار رہے گا: محمد باقر قالیباف
آبنائے ہرمز پر ایران کا کنٹرول برقرار رہے گا: محمد باقر قالیباف

 



تہران 
ایران کے پارلیمنٹ اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کبھی بھی جنگ سے پہلے والی حالت میں واپس نہیں جائے گی اور ایران اس اہم آبی گزرگاہ کا انتظام اپنے طریقۂ کار کے مطابق کرے گا، تاہم بین الاقوامی قوانین کی پاسداری جاری رکھی جائے گی۔ایرانی سرکاری میڈیا پریس ٹی وی کے مطابق، محمد باقر قالیباف نے پیر کے روز سوئٹزرلینڈ سے واپسی پر ایک انٹرویو میں یہ بات کہی۔ وہ امریکہ اور ایران کے درمیان 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت ہونے والے تکنیکی مذاکرات کے پہلے مرحلے میں شرکت کے بعد واپس آئے تھے۔
قالیباف نے کہا کہ سب کو معلوم ہونا چاہیے کہ آبنائے ہرمز کا انتظام کبھی بھی جنگ سے پہلے کی صورتحال میں واپس نہیں جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یقیناً بین الاقوامی ضابطوں کا احترام کیا جائے گا، لیکن آبنائے ہرمز کا انتظام ایران ہی کرے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے دوران ایران نے اپنی سفارتی طاقت کا مظاہرہ کیا اور مذاکرات کے نتائج پر اثر انداز ہونے میں کامیاب رہا۔قالیباف کے مطابق، مذاکرات کے دوران ایران نے امریکہ کو مجبور کیا کہ وہ ایک گھنٹے کے اندر سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں ترمیم کرے۔ اس پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خطے میں اپنے مبینہ حامی گروہوں، خصوصاً لبنان میں حزب اللہ کی حمایت کے حوالے سے دھمکی دی تھی۔ قالیباف نے اسے ایران کے سفارتی اثر و رسوخ کا ثبوت قرار دیا۔
خطے کی مجموعی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاری مذاکرات کا تعلق وسیع تر علاقائی تنازعات، خصوصاً لبنان کی صورتحال سے بھی ہے، اور ایران اب بھی امریکہ پر اعتماد نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی امریکیوں پر اعتماد نہیں کیا، ہم آج بھی ان پر اعتماد نہیں کرتے، اور مستقبل میں بھی محتاط اور بداعتماد رہنا ہی دانشمندی ہوگی۔قالیباف نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات میں ایران کی شرکت نے خطے میں مزید کشیدگی اور تصادم کو روکنے میں مدد دی۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں لبنان کی علاقائی سالمیت اور جنگ بندی سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے اور ایران مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
ان کے بقول:اگر ہم امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے سوئٹزرلینڈ نہ جاتے تو لبنان میں مسلمانوں اور شیعہ برادری کا مزید خون بہنے کا خطرہ موجود تھا۔محمد باقر قالیباف نے ایران کے سیاسی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے قومی اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ ملک میں حتمی اختیار ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں متحد رہنا چاہیے اور یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ ان کے فیصلے اور ہدایات ہی حتمی حیثیت رکھتے ہیں۔قالیباف نے مزید کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں تہران اور واشنگٹن کے درمیان ہونے والی حالیہ بات چیت کے نتیجے میں ایران کے منجمد فنڈز کی رہائی اور تیل پر عائد بعض پابندیوں میں نرمی بھی ممکن ہوئی ہے۔
یہ بیانات امریکہ اور ایران کے درمیان مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے ہونے والے تکنیکی مذاکرات کے پہلے مرحلے کے اختتام کے بعد سامنے آئے ہیں۔ دونوں ممالک نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام اور 60 دن کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے۔