ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یہ ناکہ بندی صرف ایران اور ان ممالک یا کمپنیوں پر لاگو ہوگی جو تہران کے ساتھ تجارت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ ایران پر شدید حملے کر رہا ہے اور اس کی جارحانہ عسکری صلاحیت کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق امریکہ کے پاس وافر مقدار میں اسلحہ موجود ہے اور کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز پر امریکہ کا کنٹرول ہے اور بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے جہازوں کو اس راستے سے گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ دیگر تمام ممالک کے جہاز معمول کے مطابق آمدورفت کر سکیں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ بحری ناکہ بندی شاید براہ راست حملوں سے بھی زیادہ مؤثر ثابت ہو لیکن دونوں اقدامات کا مجموعہ زیادہ اثر انگیز ہوگا۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکی کارروائیوں نے ایران کی بحریہ۔ فضائیہ۔ میزائل پروگرام اور ڈرون سازی کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران امریکہ نے ایران کی بحریہ کو تقریباً ناکارہ بنا دیا ہے جبکہ اس کی فضائیہ عملاً ختم ہو چکی ہے۔ ٹرمپ کے مطابق ایران کی زیادہ تر میزائل اور ڈرون صلاحیت تباہ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی ڈرون سازی کی صلاحیت میں تقریباً 92 فیصد اور میزائل سازی کی صلاحیت میں 89 فیصد کمی آ چکی ہے۔ ان کے مطابق ایران کے پاس کچھ محدود صلاحیت باقی ہے لیکن وہ امریکہ کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کر سکتا۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ایران کے ساتھ ایک ممکنہ معاہدہ آخری مرحلے میں ناکام ہوگیا کیونکہ تہران نے مزید مذاکرات کی خواہش ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ دو روز قبل دونوں فریق ایک معاہدے کے قریب تھے لیکن ایران نے مزید بات چیت کی درخواست کی۔ ٹرمپ کے مطابق گزشتہ 47 برس سے ایران مذاکرات کو طول دیتا رہا ہے لیکن اس مرتبہ صورتحال مختلف ہے کیونکہ امریکہ نے فوجی کارروائی کا راستہ اختیار کیا ہے۔
امریکی صدر نے مزید اعلان کیا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی اور اسی رات ایک اور بڑا حملہ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ایران اب دوبارہ معاہدہ چاہتا ہے لیکن امریکہ اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔
ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران کی معیشت شدید بحران کا شکار ہے اور وہاں افراط زر 5 فیصد سے بڑھ کر 350 فیصد سے تجاوز کر گیا ہے۔
یہ پیش رفت ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے جس کے جواب میں امریکہ نے ایران کے 140 مقامات پر حملے کیے تھے۔
ادھر امریکی مرکزی کمان نے مسلسل تیسرے روز ایران کے خلاف فضائی کارروائیاں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی مرکزی کمان نے ایک بیان میں کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد ایرانی فوج پر بھاری قیمت عائد کرنا اور آبنائے ہرمز میں شہریوں اور تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی اس کی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔
امریکی مرکزی کمان نے یہ بھی اعلان کیا کہ 14 جولائی کو امریکی وقت کے مطابق شام 4 بجے سے ایران کی بندرگاہوں میں داخل ہونے اور وہاں سے نکلنے والی بحری آمدورفت کی ناکہ بندی دوبارہ نافذ کر دی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ پابندی صرف ان جہازوں پر لاگو ہوگی جو ایرانی بندرگاہوں یا ساحلی علاقوں کی طرف جا رہے ہوں یا وہاں سے روانہ ہو رہے ہوں جبکہ دیگر ممالک کے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت جاری رکھی جائے گی۔
امریکی مرکزی کمان کے مطابق اس سے قبل 13 اپریل سے 18 جون تک نافذ رہنے والی ناکہ بندی کے دوران 140 سے زائد جہازوں کا رخ موڑا گیا۔ 9 غیر تعاون کرنے والے جہازوں کو ناکارہ بنایا گیا جبکہ انسانی امداد لے جانے والے 50 سے زائد تجارتی جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی گئی۔
امریکہ نے خلیج عمان اور آبنائے ہرمز کے قریب کام کرنے والے تمام جہازوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بحری ہدایات پر نظر رکھیں اور امریکی بحریہ سے رابطے میں رہیں۔
اس سے قبل اتوار کو بھی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کر رہا ہے اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی سامان کو تحفظ فراہم کرنے کے عوض 20 فیصد فیس وصول کی جائے گی۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ رقم اس اہم بحری راستے کی سلامتی پر آنے والے اخراجات پورے کرنے کے لیے ضروری ہے جبکہ عالمی جہاز رانی کا سلسلہ دیگر ممالک کے لیے جاری رہے گا۔
دوسری جانب ایران نے امریکی اقدامات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے انتظام و انصرام میں کسی بھی امریکی مداخلت کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔
ایرانی فوج کے مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ ایران کسی بھی صورت امریکہ کو آبنائے ہرمز کے انتظام میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران کی مقرر کردہ بحری گزرگاہ سے ہٹ کر یا ایرانی مسلح افواج کی اجازت کے بغیر تجارتی جہازوں یا آئل ٹینکروں کی نقل و حرکت کرائی گئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔