بیروت: اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں کارروائی کے دوران فوجیوں نے حزب اللہ کے زیرِ استعمال ایک اسلحہ ذخیرہ اور زیرِ زمین سرنگ کا پتہ لگایا ہے۔ آئی ڈی ایف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ فوجیوں نے ایک بڑے اسلحہ خانے سے کلاشنکوف رائفلیں، اینٹی ٹینک راکٹ اور دیگر فوجی سازوسامان برآمد کیا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق، سروبین کے علاقے میں کئی درجن میٹر طویل ایک زیرِ زمین سرنگ بھی تباہ کر دی گئی۔ آئی ڈی ایف کا دعویٰ ہے کہ یہ سرنگ حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں کے لیے استعمال کی جاتی تھی۔ آئی ڈی ایف کے مطابق یہ کارروائیاں حزب اللہ کے سرحد پار عسکری ڈھانچے کو ختم کرنے اور شمالی اسرائیل کے علاقوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کی جاری مہم کا حصہ ہیں۔
گزشتہ ہفتے بھی آئی ڈی ایف نے کہا تھا کہ جنوبی لبنان میں بیوفورٹ رج کے نیچے موجود کئی اہم زیرِ زمین سرنگوں کو ایک محدود فوجی کارروائی کے دوران تباہ کیا گیا۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ تھا کہ یہ سرنگی نیٹ ورک حزب اللہ کا مرکزی کمانڈ سینٹر تھا، جہاں سے اس کے کمانڈر فوجی کارروائیوں کی نگرانی کرتے اور اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں پر حملوں کی ہدایات دیتے تھے۔
آئی ڈی ایف کے مطابق یہ زیرِ زمین نیٹ ورک کئی سطحوں پر مشتمل تھا، اسے تقریباً دو دہائیوں میں تعمیر کیا گیا تھا، اور یہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے بدر یونٹ کا مرکزی کمانڈ مرکز تھا۔ اسرائیلی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس منصوبے کی منصوبہ بندی اور مالی معاونت ایران نے کی تھی۔
اسرائیلی فوج کے مطابق یہ نیٹ ورک شمالی اسرائیل کے لیے خطرہ تھا کیونکہ یہ میٹولا اور گیلیلی پین ہینڈل سے تقریباً چھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھا۔ آئی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران اسی ڈھانچے سے درجنوں ڈرون، دھماکہ خیز آلات اور اینٹی ٹینک میزائل اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں پر داغے گئے۔ دوسری جانب، امریکہ کی ثالثی میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کا ساتواں دور منگل کو روم میں شروع ہوا۔ ان مذاکرات کا مقصد جنوبی لبنان میں ایسے نئے پائلٹ زونز قائم کرنا ہے جہاں سے اسرائیلی فوج مرحلہ وار انخلا کرے گی اور لبنانی فوج کنٹرول سنبھالے گی۔
ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق، مذاکرات کے پہلے دن سرحدی تنازعات اور سکیورٹی انتظامات پر عمل درآمد کی نگرانی کے طریقۂ کار پر توجہ دی گئی۔ ایک سینئر لبنانی عہدیدار نے انادولو کو بتایا کہ مذاکرات کے پہلے دن دو اجلاس ہوئے، جن میں ایک فوجی اور دوسرا سیاسی سطح کا تھا۔
سیاسی اجلاس میں سرحدی مسئلے پر بات چیت ہوئی اور لبنان نے اپنا مؤقف پیش کیا، جبکہ فوجی اجلاس میں اسرائیلی انخلا، حزب اللہ کے ہتھیاروں اور سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کرنے والے تیسرے فریق کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ لبنانی عہدیدار کے مطابق، لبنان کو اب تک اسرائیلی سیاسی قیادت کی جانب سے جنگ بندی کی پابندی کے حوالے سے کوئی واضح جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ روم میں جاری یہ مذاکرات تین روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس سے قبل مذاکرات کے پانچ ادوار واشنگٹن میں بھی امریکہ کی ثالثی میں منعقد ہو چکے ہیں۔