بیروت/ آواز دی وائس
حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نعیم قاسم نے سعودی عرب سے اپیل کی ہے کہ وہ لبنانی مسلح گروپ کے ساتھ تعلقات بحال کرے اور اسرائیل کے خلاف ایک مشترکہ محاذ قائم کرے۔ یہ اپیل جمعہ کو اس وقت سامنے آئی جب اسرائیل نے جنوبی لبنان پر اپنے حملوں میں شدت پیدا کر دی۔ قاسم نے ریاض سے کہا کہ حزب اللہ کے ساتھ ایک "نیا صفحہ" کھولا جائے جو تین اصولوں پر مبنی ہو۔ مذاکرات کے ذریعے تنازعات اور خدشات کو حل کرنا، اس حقیقت کو تسلیم کرنا کہ دشمن اسرائیل ہے "نہ کہ مزاحمت"، اور "گزشتہ اختلافات کو منجمد کرنا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ حزب اللہ کے ہتھیار صرف اسرائیل کی طرف ہیں۔ نہ لبنان، نہ سعودی عرب اور نہ ہی دنیا میں کوئی اور جگہ یا فریق۔ قاسم نے خبردار کیا کہ حزب اللہ پر دباؤ ڈالنے سے صرف اسرائیل کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مزاحمت کو ختم کر دیا گیا تو ’’اگلی باری دیگر ریاستوں کی آئے گی۔
سعودی عرب اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی برسوں سے جاری ہے جو ریاض اور تہران کی وسیع تر رقابت میں جڑی ہوئی ہے، جو حزب اللہ کا اہم حمایتی ہے۔ 2016 میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے، جس کی قیادت سعودی عرب کرتا ہے، حزب اللہ کو شام میں بشار الاسد کی حمایت اور یمن میں حوثیوں کی پشت پناہی کی وجہ سے "دہشت گرد" گروپ قرار دیا تھا۔
قاسم نے اسرائیل کو ایک نوآبادیاتی وجود قرار دیا جو ’’پہلے برطانیہ اور اب امریکہ کی حمایت یافتہ‘‘ ہے، اور اس پر مظالم ڈھانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ’’بربریت کی انتہا‘‘ پر پہنچ گیا ہے اور امریکی حمایت کے ساتھ جرائم کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نرم جنگ، پابندیاں اور ابراہیم معاہدے‘‘ امریکہ اور اسرائیل کو فیصلہ کن کامیابی نہیں دلا سکے۔ لہٰذا ان کے لیے نسل کشی ہی حل بن گئی۔
قاسم نے کہا کہ 9 ستمبر کو اسرائیل کا قطر پر حملہ ایک ٹرننگ پوائنٹ تھا۔ ’’قطر پر حملے کے بعد جو کچھ آئے گا وہ پہلے سے مختلف ہوگا،‘‘ انہوں نے امریکی ساکھ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب امریکہ کھلے عام اعلان کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کے مفاد میں کام کرتا ہے تو ہم کس طرح کسی امریکی یا غیر امریکی تجویز پر بھروسہ کر سکتے ہیں یا بار بار رعایتیں دے سکتے ہیں؟
امریکہ لبنان پر زور دے رہا ہے کہ وہ نومبر 2024 میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے تحت حزب اللہ کو غیر مسلح کرے۔ قاسم نے کہا کہ گروپ طاقت کی پوزیشن سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، جبکہ اپنی ’’اٹل‘‘ وابستگی کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیلی قبضے کے خلاف مزاحمت اور زمین کی آزادی کے لیے پرعزم ہیں۔
ان کے یہ بیانات دو دن بعد سامنے آئے جب سعودی عرب نے اسرائیلی حملے کے جواب میں جوہری طاقت رکھنے والے پاکستان کے ساتھ ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے، الجزیرہ نے رپورٹ کیا۔
ادھر لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ جمعہ کو اسرائیلی حملوں میں دو افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے۔ ایک حملہ تیبنن میں ایک سرکاری اسپتال کے قریب ایک گاڑی کو نشانہ بنا کر کیا گیا جبکہ دوسرا حملہ انصار میں ایک گاڑی پر ہوا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے کمانڈر عمار حائل قطیبانی کو ہلاک کر دیا ہے، تاہم مقام کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ فوج نے یہ بھی کہا کہ اس نے تیبنن میں حزب اللہ کے ایلیٹ رضوان فورس کے ایک رکن کو ہلاک کیا اور ’’ایک کشتی کو نشانہ بنایا جو حزب اللہ انٹیلیجنس جمع کرنے کے لیے استعمال کر رہا تھا۔
یہ حملے ایک روز پہلے جنوبی قصبوں پر اسرائیلی بمباری کے بعد ہوئے تھے، جن میں رہائشیوں کو انخلا کی وارننگ دی گئی تھی۔ لبنانی وزیر اعظم نواف سلام نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ ’’دہشت اور جارحیت‘‘ پھیلا رہا ہے جو گزشتہ سال کی جنگ بندی اور اس کے ساتھ منسلک بین الاقوامی نگرانی کے طریقہ کار کی خلاف ورزی ہے۔
جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود اسرائیل نے جنوبی لبنان پر تقریباً روزانہ حملے جاری رکھے ہیں۔ معاہدے کے تحت حزب اللہ کو غیر مسلح ہونا اور لتانی دریا کے شمال میں پیچھے ہٹنا تھا جبکہ اسرائیل کو لبنانی سرزمین سے مکمل طور پر انخلا کرنا تھا۔ تاہم، الجزیرہ کے مطابق اسرائیل اب بھی جنوب میں کم از کم پانچ مقامات پر قابض ہے۔