دہلی میں دل دہلا دینے والے مناظر: اسرائیلی سفیر

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-11-2025
دہلی میں دل دہلا دینے والے مناظر: اسرائیلی سفیر
دہلی میں دل دہلا دینے والے مناظر: اسرائیلی سفیر

 



نئی دہلی/  آواز دی و ائس
ہندوستان میں اسرائیل کے سفیر ریووین آزار نے دہلی میں ہونے والے ہولناک کار دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’’دل دہلا دینے والا واقعہ‘‘ قرار دیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ دہلی میں کار دھماکے کے بعد کے مناظر دل توڑ دینے والے ہیں، جس میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت، اور زخمیوں کے لیے دعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔ امدادی کارکنوں اور سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین۔
پیر کی شام مرکزی دہلی کے لال قلعہ کے قریب ایک سست رفتار ہنڈائی آئی20 کار میں زوردار دھماکہ ہوا، جس میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ یہ دھماکہ شام تقریباً 7 بجے شبھاش مارگ ٹریفک سگنل کے قریب ہوا، جس سے قریبی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور پورے ملک میں سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ دہلی پولیس نے اس واقعے کے سلسلے میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کی دفعات 16 اور 18، ایکسپلوسیو ایکٹ اور بھارتیہ نیایا سنہیتا  کی متعلقہ دفعات کے تحت کوتوالی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مقدمہ غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کی دفعات 16، 18، ایکسپلوسیو ایکٹ اور بی این ایس کی مختلف دفعات کے تحت کوتوالی پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔
متعدد ایجنسیاں اس دھماکے کی وجوہات اور پسِ پردہ محرکات جاننے کے لیے تحقیقات میں مصروف ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ ’’تمام امکانات‘‘ پر غور کیا جا رہا ہے اور مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی۔ امیت شاہ نے بتایا کہ پیر کی شام 7 بجے دہلی کے لال قلعہ کے قریب شبھاش مارگ سگنل پر ایک ہنڈائی آئی20 کار میں دھماکہ ہوا، جس سے کچھ پیدل چلنے والے زخمی ہوئے اور متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد کئی غیر ملکی سفارت خانوں نے تعزیتی پیغامات جاری کیے اور سکیورٹی ہدایات جاری کیں، جن میں کینیڈا اور امریکہ کے سفارت خانے شامل ہیں۔
ہندوستان میں کینیڈا کے سفارت خانے نے اپنے بیان میں کہا کہ کینیڈا نئی دہلی میں گزشتہ روز ہونے والے ہولناک دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتا ہے۔ سفارت خانے نے ہندوستان میں موجود کینیڈین شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ معاونت کے لیے "گلوبل افیئرز کینیڈا" کے ایمرجنسی واچ اینڈ رسپانس سینٹر سے رابطہ کریں۔ اسی دوران، امریکی سفارت خانے نے بھی اپنے شہریوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں لال قلعہ اور چاندنی چوک کے علاقوں سے دور رہنے اور چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔
سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا کہ 10 نومبر 2025 کو مرکزی دہلی کے لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک کار میں دھماکہ ہوا، جس میں مقامی میڈیا کے مطابق کئی ہلاکتیں ہوئیں۔ ہندوستانی حکومت نے متعدد ریاستوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ ’’لال قلعہ اور چاندنی چوک کے آس پاس کے علاقوں اور ہجوم سے دور رہیں، مقامی میڈیا کی تازہ اطلاعات پر نظر رکھیں، اردگرد کے ماحول سے باخبر رہیں، اور سیاحتی مقامات پر خاص طور پر محتاط رہیں۔