ٹرمپ نے کولمبیا کے منتخب صدر ابیلارڈو ڈی لا ایسپریلا کو مبارکباد دی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-06-2026
ٹرمپ نے کولمبیا کے منتخب صدر ابیلارڈو ڈی لا ایسپریلا کو مبارکباد دی
ٹرمپ نے کولمبیا کے منتخب صدر ابیلارڈو ڈی لا ایسپریلا کو مبارکباد دی

 



واشنگٹن ڈی سی 
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو (مقامی وقت کے مطابق) کولمبیا کے نو منتخب صدر ایبلارڈو ڈی لا ایسپریلا کو انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی۔ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’انہوں نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے!‘‘۔ اس کے ساتھ انہوں نے ایک خبر بھی شیئر کی جس میں ان کی حمایت یافتہ دائیں بازو کے امیدوار کی فتح کا تجزیہ پیش کیا گیا تھا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی کولمبیا کے نو منتخب صدر ایبلارڈو ڈی لا ایسپریلا کو مبارکباد دی اور اشارہ دیا کہ ٹرمپ انتظامیہ نئی حکومت کے ساتھ سکیورٹی، ہجرت اور اقتصادی امور پر قریبی تعاون کے لیے تیار ہے۔
روبیو نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ میں نے ابھی کولمبیا کے نو منتخب صدر ایبلارڈو ڈی لا ایسپریلا سے بات کی اور انہیں انتخابی فتح پر مبارکباد دی۔ ٹرمپ انتظامیہ آپ کی آنے والی حکومت کے ساتھ مل کر علاقائی سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے، امریکہ میں غیر قانونی ہجرت کے خاتمے اور ہمارے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کرنے کی منتظر ہے۔ کولمبیا کے بہترین دن ابھی آنے والے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے وکیل اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کھلے حامی ایبلارڈو ڈی لا ایسپریلا نے کولمبیا کے صدارتی انتخاب میں کم از کم 49.6 فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ بائیں بازو کے امیدوار ایوان سیپیڈا ان سے ایک فیصد سے بھی کم فرق سے پیچھے رہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ کولمبیا کے موجودہ صدر گسٹاوو پیٹرو نے ابھی تک باضابطہ طور پر کسی فاتح کا اعلان نہیں کیا ہے اور کہا ہے کہ بیلٹوں کے جائزے کا عمل حتمی نتیجہ طے کرے گا۔ اگر اس فتح کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ لاطینی امریکہ میں دائیں بازو اور ٹرمپ نواز رہنماؤں کے اقتدار میں آنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کو مزید تقویت دے گی۔
رپورٹ کے مطابق، ارجنٹینا میں صدر خاویر میلی، جو ٹرمپ کے قریبی اتحادی سمجھے جاتے ہیں، نے گزشتہ سال کانگریس میں اپنی سیاسی طاقت میں اضافہ کیا تھا۔ دعویٰ کیا گیا کہ ٹرمپ نے ان کی جماعت کی کامیابی کی شرط پر ملک کو 40 ارب امریکی ڈالر کے امدادی پیکیج کی پیشکش کی تھی۔
اسی طرح ہونڈوراس میں ایک قدامت پسند میئر صدارتی انتخاب جیت گیا تھا، جس کے بارے میں کہا گیا کہ ٹرمپ نے اس کی حمایت کی تھی اور شکست کی صورت میں امداد بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ٹرمپ نواز دائیں بازو کے امیدوار کوسٹا ریکا، چلی، بولیویا اور ایکواڈور میں بھی بائیں بازو کے امیدواروں کو شکست دے چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، ایبلارڈو ڈی لا ایسپریلا نے سخت گیر سکیورٹی پالیسی اپنانے کا وعدہ کیا ہے، جس میں منشیات فروشوں کے لیے بڑے جیل کمپلیکس تعمیر کرنا، ان کے بقول ’’نارکو دہشت گرد‘‘ کیمپوں پر بمباری کرنا اور صدر پیٹرو کی گوریلا گروہوں کے ساتھ امن کوششوں کا خاتمہ شامل ہے۔
ان کی پالیسیوں کا موازنہ ایل سلواڈور کے صدر نائیب بوکیلے سے بھی کیا جا رہا ہے، جو جرائم کے خلاف سخت مؤقف کے لیے مشہور ہیں۔ٹرمپ اس سے قبل بھی ایبلارڈو ڈی لا ایسپریلا کی حمایت کرتے ہوئے انہیں ’’ذہین، مضبوط اور سخت گیر رہنما‘‘ قرار دے چکے ہیں، جبکہ ان کے حریف ایوان سیپیڈا کو ’’انتہا پسند بائیں بازو کا مارکسسٹ‘‘ کہا تھا۔ امریکی صدر نے کہا تھا کہ اگر انتخابی نتائج برقرار رہتے ہیں تو واشنگٹن اور کولمبیا کے تعلقات ایبلارڈو کی قیادت میں مزید بہتر ہوں گے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ٹرمپ اور گسٹاوو پیٹرو کے تعلقات کشیدہ رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں امریکی انسدادِ منشیات کارروائیوں اور پیٹرو کے اس الزام پر اختلافات رہے ہیں کہ واشنگٹن نے کولمبیا کے انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی تھی۔