حج : بیلجیئم کا نوجوان سائیکل پر سعودی عرب پہنچ گیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-05-2025
حج : بیلجیئم کا نوجوان سائیکل پر سعودی عرب پہنچ گیا
حج : بیلجیئم کا نوجوان سائیکل پر سعودی عرب پہنچ گیا

 



 مکہ : بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ نوجوان انس الرزقی نے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سائیکل پر ہزاروں کلومیٹر کا طویل سفر طے کرتے ہوئے تین ماہ میں سعودی عرب پہنچنے کا حیرت انگیز کارنامہ انجام دیا۔سعودی خبر رساں ادارے سبق کے مطابق، انس الرزقی نے بتایا کہ انہوں نے تین ماہ قبل بیلجیئم سے سائیکل پر سفرِ حج کا آغاز کیا۔ اس دوران وہ 9 یورپی اور عرب ممالک سے گزرتے ہوئے سعودی عرب اور اردن کی سرحدی چوکی حالۃ عمار پر پہنچے اور پھر مکہ مکرمہ کا رخ کیا۔انس نے بتایا کہ میں نے بیلجیئم سے اپنا سفر شروع کیا، جرمنی، آسٹریا، اٹلی، بوسنیا، ترکیہ، اردن سمیت مختلف ممالک سے ہوتا ہوا سعودی عرب میں داخل ہوا۔ اردن سے جب سعودی عرب کی سرزمین میں قدم رکھا، تو جو جذبات تھے، وہ لفظوں میں بیان نہیں کیے جا سکتے۔انہوں نے کہا کہ اس سفر میں کئی مشکلات اور چیلنجز کا سامنا رہا، جن میں سب سے زیادہ تنہائی کا احساس تکلیف دہ تھا۔موسمی تبدیلیوں سے لے کر جسمانی تھکن تک سب کچھ سہہ گیا، لیکن ارضِ حرمین کی زیارت کی خواہش اور جذبے نے مجھے حوصلہ اور توانائی بخشی۔انس نے مزید بتایا کہ راستے میں جہاں بھی لوگ ملے، ان کی حوصلہ افزائی اور دعاؤں نے میرے عزم کو مزید مضبوط کیا۔

سعودی سرزمین پر شاندار استقبال

جب انس الرزقی سعودی عرب میں داخل ہوئے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ استقبالیہ ٹیم میں اثراء ضیافتی ہولڈنگ کمپنی کے ذیلی ادارے اثراء الخیر کے نمائندگان بھی شامل تھے۔اثراء کمپنی کے سی ای او ڈاکٹر احمد عباس سندی نے انس کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انس کا یہ سفر ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ حج کی ادائیگی کے لیے نہ جغرافیائی حدود رکاوٹ بن سکتی ہیں اور نہ ثقافتی فرق۔ ہم ہمیشہ ضیوف الرحمان کے استقبال کے لیے تیار رہتے ہیں۔اثراء الخیر میں حج پروگرام کے آپریشنل ڈائریکٹر حسن سروجی نے کہا کہ انس نے یہ سفر صرف سائیکل پر طے نہیں کیا بلکہ یہ نوجوانوں کے لیے ایک مثال بھی بنے گا۔ ان کا جذبہ اور تجربہ مغربی دنیا میں اسلامی شعور کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بھی بنے گا۔انس الرزقی کا یہ غیر معمولی سفر نہ صرف ان کے اخلاص اور عزم کی علامت ہے بلکہ اس نے دنیا بھر کے نوجوانوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ جب نیت خالص ہو، تو راستے خود بخود آسان ہو جاتے ہیں۔