تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی رہا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی  رہا
تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی رہا

 

 

لاہور :تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی کو رہا کر دیا گیا ہے، جس کے بعد وہ مرکزی جامع مسجد رحمۃ اللعالمین پہنچ گئے ہیں۔

 ترجمان ٹی ایل پی کے مطابق جمعرات کو علامہ حافظ سعد حسین رضوی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سربراہ ٹی ایل پی کو 11 اپریل کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان کی بہت بڑی تعداد اپنے قائد کے استقبال کے لیے جامع مسجد رحمۃ اللعالمین پہنچ گئی ہے۔

 ۔ایک ہفتہ قبل پنجاب حکومت کے ہوم ڈیپارٹمنٹ نے جماعت کے سربراہ محمد سعد رضوی اور جماعت سے وابستہ577 افراد کے نام فورتھ شیڈول سے خارج کر دیے گئے تھے۔

 محمد سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں اینٹی ٹیررزم ایکٹ 1997 کے تحت ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی لاہور کی سفارش پر 16 اپریل 2021 کو ڈالا گیا تھا۔

 تریک لبیک پاکستان نے گزشتہ ماہ سعد رضوی کی رہائی اور فرانس کے سفیر کو پاکستان سے بے دخل کرنے کے لیے لاہور سے لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا اور وفاقی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں اس سے نظام زندگی متاثر ہوا تھا تاہم دو ہفتے قبل حکومت نے تحریک لبیک کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔

 خیال رہے کہ سعد رضوی کو رواں سال نقصِ امن کے خدشے کے تحت پنجاب حکومت نے نظربند کیا تھا اور ان کی نظربندی میں تین بار توسیع کی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ نے سعد رضوی کے چچا کی درخواست پر ان کی نظربندی ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔ حکومت نے عدالت عالیہ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا اور عدالت عظمیٰ نے کیس ہائیکورٹ کو واپس ریفر کیا تھا۔