واشنگٹن ڈی سی ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر حماس غزہ پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے اور ان کے مجوزہ جنگ بندی منصوبے میں رکاوٹ ڈالنے پر اڑی رہی، تو اسے ’’مکمل صفایا‘‘ (Complete Obliteration) کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سی این این کے مطابق، ٹرمپ نے یہ بیان اپنے 20 نکاتی جنگ بندی منصوبے سے متعلق سوالات کے دوران دیا۔جب ان سے براہِ راست پیغام کے ذریعے پوچھا گیا کہ اگر حماس اقتدار میں رہنے پر اصرار کرے تو کیا ہوگا، تو ٹرمپ نے جواب دیا: ’’مکمل صفایا!‘‘
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل اور حماس کے درمیان مصر میں پیر کے روز اعلیٰ سطحی مذاکرات ہونے والے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے داماد جیرڈ کشنر اور مشرقِ وسطیٰ کے اعلیٰ مذاکرات کار اسٹیو وٹکوف کو قاہرہ بھیجا ہے تاکہ امریکی کوششوں کی قیادت کریں، جبکہ اسرائیلی وفد بھی مذاکرات کو حتمی شکل دینے کے لیے مصر پہنچ چکا ہے۔جب سینیٹر لنڈسے گراہم کے اس دعوے پر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ حماس نے پہلے ہی منصوبہ مسترد کر دیا ہے کیونکہ وہ ہتھیار ڈالنے سے انکار کر رہی ہے، غزہ پر مکمل فلسطینی کنٹرول چاہتی ہے، اور یرغمالیوں کی رہائی کو وسیع مذاکرات سے جوڑ رہی ہے، تو ٹرمپ نے کہا:
ہم دیکھ لیں گے۔ وقت ہی بتائے گا‘‘
اس سے قبل اسی ہفتے صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ اسرائیل نے ان کے جنگ بندی منصوبے کے تحت پہلی واپسی لائن پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ ان کے مطابق، اس منصوبے میں مرحلہ وار اسرائیلی انخلا، یرغمالیوں اور قیدیوں کا تبادلہ، اور حماس کا غیر مسلح ہونا شامل ہے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کی انتظامیہ اب حماس کی تصدیق کی منتظر ہے، جس کے بعد ’’فوری‘‘ جنگ بندی نافذ ہو جائے گی۔
انہوں نے ’’ٹرتھ سوشیل‘‘ پر لکھا:مذاکرات کے بعد، اسرائیل نے ابتدائی واپسی لائن پر اتفاق کیا ہے، جسے ہم نے حماس کو دکھا دیا ہے۔ جب حماس تصدیق کرے گی، تو جنگ بندی فوراً نافذ ہو جائے گی، یرغمالیوں اور قیدیوں کا تبادلہ شروع ہوگا، اور ہم انخلا کے اگلے مرحلے کی راہ ہموار کریں گے، جو ہمیں اس ’3000 سالہ تباہی‘ کے خاتمے کے قریب لے جائے گا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو اس منصوبے سے متفق ہیں، تو ٹرمپ نے جواب دیا:’’ہاں، بی بی (نیتن یاہو) متفق ہیں۔‘‘
ہفتے کے روز صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل نے غزہ پر اپنی بمباری عارضی طور پر روک دی ہے، جسے انہوں نے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک ’’اہم قدم‘‘ قرار دیا۔الجزیرہ کے مطابق، اسی دن اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 70 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں سات بچے بھی شامل تھے جن کی عمریں دو ماہ سے آٹھ سال تک تھیں۔ یہ حملے اس وقت ہوئے جب ٹرمپ نے اسرائیل سے ’’فوری طور پر غزہ پر بمباری روکنے‘‘ کا مطالبہ کیا، کیونکہ حماس نے ان کے امن منصوبے پر مثبت ابتدائی ردِعمل ظاہر کیا تھا۔جمعہ کو ’’ٹرتھ سوشیل‘‘ پر جاری ایک ویڈیو میں ٹرمپ نے حماس کے جواب کو ’’ایک بڑا دن‘‘ قرار دیا اور تازہ پیش رفت کو ’’غیر معمولی‘‘ (Unprecedented) قرار دیا۔