گھر سے نکلیں،کام پرجائیں،طالبان کی شہریوں سے اپیل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-08-2021
گھر سے نکلیں،کام پرجائیں،طالبان کی شہریوں سے اپیل
گھر سے نکلیں،کام پرجائیں،طالبان کی شہریوں سے اپیل

 

 

کابل

افغانستان میں طالبان کی جانب سے شہریوں کو ملازمتوں پر جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق کابل پر کنٹرول کے بعد افغان طالبان نے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اب طالبان نے گھر گھر دستک دے کر غیر یقینی صورتحال سے پریشان شہریوں کو اپنے اپنے کاموں پر جانے کی ہدایات دینا شروع کردی ہیں۔

رائٹرز کے مطابق ہرات کی رہائشی خاتون نے بتایا کہ ان کے گھر تین مسلح طالبان جنگجوؤں نے دستک دی اور ان سے ذاتی معلومات لیں جس میں ان کی ملازمت، ادارے اور تنخواہ کے بارے میں پوچھا گیا جس کے بعد انہیں ملازمت پر جانے کی ہدایت کی گئی۔

رائٹرز کے مطابق متعدد شہریوں کا کہنا ہےکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں طالبان نمائندوں نے کابل، لشکر گاہ اور مزار شریف شہر کے گھروں کا غیر اعلانیہ دورہ کیا جس میں طالبان نے شہریوں کو ملازمتوں پر واپس جانے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کی ۔

رائٹرز کا کہنا ہےکہ اس سلسلے میں طالبان ترجمان کی جانب سے فوری طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ طالبان نے اتوار 15 اگست 2021 کو افغان دارالحکومت کابل پر بھی قبضہ کرلیا جس کے بعد وہاں موجود امریکی فوجی اور افغان صدر اشرف غنی سمیت متعدد اہم حکومتی عہدے دار ملک سے فرار ہوگئے ہیں۔

کابل میں اب صورتحال معمول پر ہے اور سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں ہے جب کہ مارکیٹیں معمول کے مطابق کھل چکی ہیں۔ (ایجنسی ان پٹ )