تل ابیب
اسرائیل کی نائب وزیر خارجہ شارن ہاسکل نے بدھ کے روز کہا کہ لبنان کے ساتھ موجود جنگ بندی فریم ورک کے باوجود اسرائیل حزب اللہ کے خلاف اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے گا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران کی حمایت یافتہ مسلح تنظیم حزب اللہ اب بھی اسرائیل کی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ ہے اور جب تک اسے غیر مسلح نہیں کیا جاتا، لبنان میں پائیدار استحکام ممکن نہیں۔
اے این آئی کو دیے گئے ایک ورچوئل انٹرویو میں ہاسکل نے کہا کہ جب تک حزب اللہ اسرائیلی علاقوں پر حملے جاری رکھے گی، اسرائیل بھی اپنی عوام، بستیوں اور فوجیوں کے دفاع کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق، اسرائیل اور لبنان دونوں کا مفاد حزب اللہ کی عسکری صلاحیتوں کو ختم کرنے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حزب اللہ اسرائیل پر حملے جاری رکھتی ہے، تو ہم اپنے لوگوں، اپنی آبادیوں اور اپنی افواج کا دفاع کرتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم لبنان سے اس ایرانی دہشت گرد فوج کے خاتمے سے زیادہ کچھ نہیں چاہتے، اور لبنانی حکومت بھی اس دہشت گرد تنظیم کو غیر مسلح اور ختم ہوتے دیکھنا چاہتی ہے۔حزب اللہ کو ایران کے اثر و رسوخ کی توسیع قرار دیتے ہوئے ہاسکل نے کہا کہ اس تنظیم کی موجودگی دراصل "لبنان پر ایران کا قبضہ" ہے، اور اس مسئلے کا حل "انتہائی سادہ" ہے، یعنی "ایران کو لبنان سے باہر نکال دیا جائے۔
ان کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسرائیل اور لبنان سرحدی کشیدگی کم کرنے کے لیے ایک نئے سکیورٹی فریم ورک پر عمل درآمد کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس فریم ورک کی ایک اہم شق حزب اللہ کو مستقبل میں غیر مسلح کرنے سے متعلق ہے، جس کا ذکر 2006 کی اسرائیل-حزب اللہ جنگ کے بعد ہونے والے بین الاقوامی معاہدوں میں بھی کیا گیا تھا، تاہم اس پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو سکا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اسرائیل اس فریم ورک کے باوجود فوجی کارروائیاں جاری رکھے گا، تو ہاسکل نے جواب دیا کہ یہ فریم ورک لبنان کی حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے بنایا گیا ہے، لیکن اگر حزب اللہ حملے جاری رکھتی ہے تو یہ اسرائیل کو کارروائی سے نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا کہ یہ فریم ورک باہمی تعاون کے لیے ہے، لیکن جہاں لبنانی فوج اس دہشت گرد تنظیم کے خلاف اپنے ملک کا دفاع کرنے میں کمزور ثابت ہوگی، وہاں ہمیں قدم اٹھانا پڑے گا۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا یہ نئی کوشش ماضی کی ناکامیوں کے باوجود حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے میں کامیاب ہو سکتی ہے، ہاسکل نے تسلیم کیا کہ یہ ایک بڑا چیلنج ہے، لیکن اسرائیل اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بار بار ان ممالک کے ساتھ شراکت داری جاری رکھیں گے جو شدت پسند اسلامی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں۔ جہاں بھی لبنانی فوج حزب اللہ کے خلاف کمزور پڑے گی، وہاں ہمیں آگے آنا ہوگا۔اسرائیلی نائب وزیر خارجہ نے لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر انسانی نقصان کے حوالے سے ہونے والی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کی وزارت صحت کے اعداد و شمار قابل اعتماد نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ تنازع کا آغاز حزب اللہ نے 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد اسرائیل پر حملے کرکے کیا تھا۔
ہاسکل کے مطابق، اسرائیل نے ابتدا میں تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن بعد میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، اور اسرائیلی کارروائیاں لبنانی ریاستی اداروں کے بجائے حزب اللہ کے فوجی ڈھانچے کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل حزب اللہ کے ہیڈکوارٹرز، سرنگوں، میزائل لانچرز اور بڑے اسلحہ گوداموں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ ہم پیشگی انتباہ دیتے ہیں اور ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہیں۔ جنگ ایک خوفناک چیز ہے، لیکن ہم اپنے لوگوں کا دفاع کریں گے۔لبنان سے متعلق اسرائیل اور امریکہ کے درمیان اختلافات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہاسکل نے کہا کہ اتحادی ممالک کے درمیان اختلافات ہو سکتے ہیں، لیکن دونوں ممالک کا بنیادی مقصد خطے میں سرگرم عسکریت پسند گروہوں کا مقابلہ کرنا ہے۔