جرمنی:ہم جنس پرستوں کے لیے چرچ نے کی قانون میں تبدیلی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 23-11-2022
جرمنی:ہم جنس پرستوں کے لیے چرچ نے کی قانون میں تبدیلی
جرمنی:ہم جنس پرستوں کے لیے چرچ نے کی قانون میں تبدیلی

 

 

برلن: جرمنی میں تقریباً آٹھ لاکھ افراد چرچ میں کام کرتے ہیں، جس نے اپنے لیبر قوانین میں تبدیلی کی ہے تاکہ جو لوگ ہم جنس پرست ہیں یا جو طلاق کے بعد دوبارہ شادی کرلیں، انہیں ملازمت سے برطرف نہ کیا جا سکے۔

جرمنی میں کیتھولک چرچ نے جنس کی بنیاد پر تفریق برتنے کے خاتمے کے لیے اپنے لیبر قوانین میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ برس کیتھولک چرچ  میں کام کرنے والے تقریباً125 ملازمین چرچ کے قوانین کے مطابق ہم جنس پرستوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے بطور احتجاج متحد ہو کر سامنے آئے تھے اور اس کے تقریباً ایک سال بعد منگل کے روز چرچ نے ملازمت سے متعلق اپنے قانون میں تبدیلی کا اعلان کیا۔

 ابھی تک جن اصول و ضوابط پر عمل ہوتا آیا تھا، اس کے تحت کیتھولک چرچ کے ملازمین اگر ہم جنس پرست ہونے کا کھل کر اعلان کر دیں یا پھر طلاق کے بعد دوبارہ شادی کر لیں، تو وہ اپنی ملازمتوں سے محروم ہو سکتے تھے۔ تاہم منگل کے روز جرمن بشپس کانفرنس نے اعلان کیا کہ واضح طور پر، جیسا کہ پہلے کبھی نہیں ہوا، چرچ کے اداروں میں بھی تنوع کو ایک بہتری کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔

اعلان میں مزید کہا گیا کہ تمام ملازمین آزادانہ طور پر اپنے ٹھوس فرائض کے ساتھ، اپنی اصلیت، اپنے مذہب، اپنی عمر، اپنی معذوری، جنس، اپنی جنسی شناخت اور اپنے طرز زندگی کے بارے میں پرواہ کیے بغیر، ایسے چرچ کے نمائندے ہو سکتے ہیں جو لوگوں کی خدمت کرتے ہیں۔ اس میں مزید کہا گیا کہ جب تک یہ لوگ مقدس انجیل کے پیغام کی تئیں مثبت رویہ رکھتے ہیں اور مسیحی کردار کا احترام کرتے ہیں ۔ ایسا کرنے کے مجاز ہیں۔

جرمن کیتھولک کی مرکزی کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کافی دنوں سے زیر غور تھا۔ جرمنی میں کیتھولک خواتین کی کمیونٹی نے ان اصلاحات کو ''سنگ میل'' قرار دیا۔ لیکن روایتی قانون کے ایک ماہر تھامس شولر نے بتایا ہے کہ چرچ نے یہ فیصلہ ''ریاست کی لیبر عدالتوں کی وجہ سے کیا ہے''، جو طویل عرصے سے ذاتی طرز زندگی کے حوالے سے چرچ کے لیبر قانون کو ترجیح دینے کے معاملے پر سوالات اٹھا رہی تھیں۔

چرچ کے ایک ایڈوکیسی گروپ ''وی آر چرچ'' سے تعلق رکھنے والے کرسچن ویسنر نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ شاید عملے کی کمی کی وجہ سے بھی ایسا کیا گیا ہو۔