اگر اسرائیل نے جنگ ختم نہ کی تو غزہ میں قحط کا خطرہ: ماہرِ خوراک

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-05-2025
اگر اسرائیل نے جنگ ختم نہ کی تو غزہ میں قحط کا خطرہ: ماہرِ خوراک
اگر اسرائیل نے جنگ ختم نہ کی تو غزہ میں قحط کا خطرہ: ماہرِ خوراک

 



تل ابیب/ آواز دی وائس
 خوراک کے تحفظ کے ماہرین نے پیر کے روز خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے اپنی ناکہ بندی ختم نہ کی اور اپنا فوجی آپریشن بند نہ کیا تو غزہ پٹی میں قحط کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ بھوک کے بحران کی شدت پر نظر رکھنے والے ایک اہم بین الاقوامی ادارے "انٹیگریٹڈ فوڈ سیکیورٹی فیز کلاسیفیکیشن" (آئی پی سی) کی رپورٹ کے مطابق جب تک حالات تبدیل نہیں ہوتے، قحط کا خطرہ سب سے زیادہ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تقریباً پانچ لاکھ فلسطینی شہری شدید بھوک کے "تباہ کن" دہانے پر کھڑے ہیں، جبکہ دیگر دس لاکھ افراد "ایمرجنسی" حالت سے گزر رہے ہیں۔ اسرائیل نے گزشتہ دس ہفتوں سے فلسطینی علاقے میں کسی بھی قسم کی خوراک، پناہ گاہ، دوا یا دیگر سامان کے داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، جبکہ فضائی حملے اور زمینی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
غزہ کی تقریباً 23 لاکھ کی آبادی زندہ رہنے کے لیے تقریباً مکمل طور پر بیرونی امداد پر انحصار کرتی ہے، کیونکہ اسرائیل کے 19 ماہ سے جاری فوجی آپریشن نے غزہ کے اندر خوراک کی پیداوار کی زیادہ تر صلاحیت کو تباہ کر دیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر نے IPC رپورٹ پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ دو ماہ کے جنگ بندی کے دوران غزہ میں مناسب امداد پہنچائی گئی، لیکن اسرائیل نے مارچ کے وسط میں دوبارہ اپنا فوجی آپریشن شروع کر کے اس جنگ بندی کو توڑ دیا تھا۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کی ناکہ بندی کا مقصد حماس پر دباؤ ڈالنا ہے تاکہ وہ ان یرغمالیوں کو رہا کرے جنہیں وہ اب بھی قید میں رکھے ہوئے ہے۔