جی7: انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل مکانی کے نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائی کا عزم

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-06-2026
جی7: انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل مکانی کے نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائی کا عزم
جی7: انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل مکانی کے نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائی کا عزم

 



ایویان: فرانس میں منعقدہ 52ویں جی سیون سربراہی اجلاس کے دوران عالمی رہنماؤں نے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی تارکین وطن کی اسمگلنگ میں ملوث جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف مزید سخت اور مربوط بین الاقوامی کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

اجلاس میں منظور کیے گئے مشترکہ اعلامیے میں جی سیون ممالک کے رہنماؤں نے 2024 کے اپولیا اور 2025 کے کاناناسکس سربراہی اجلاسوں میں کیے گئے وعدوں کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن کی اسمگلنگ۔ انسانی تجارت اور اس سے منسلک سرحد پار جرائم میں ملوث تنظیموں کے خلاف اقدامات مزید تیز کیے جائیں گے۔ اس اعلامیے کی حمایت کینیا اور جنوبی کوریا نے بھی کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ جی سیون ممالک تارکین وطن کی اسمگلنگ کی روک تھام اور اس کے خلاف کارروائی کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

رہنماؤں نے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل مکانی کو سنگین بین الاقوامی جرائم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سرگرمیاں ریاستوں کے اپنی سرحدوں کے تحفظ کے حق کو متاثر کرتی ہیں اور کمزور و بے سہارا افراد کو جان لیوا خطرات سے دوچار کرتی ہیں۔

اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ غیر قانونی نقل مکانی کے منظم نیٹ ورکس کا خاتمہ ضروری ہے جبکہ ساتھ ہی مہاجرین۔ پناہ گزینوں اور جبری طور پر بے دخل افراد کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے کیونکہ یہ طبقات استحصال اور بدسلوکی کے زیادہ خطرے سے دوچار ہوتے ہیں۔

جی سیون رہنماؤں نے متعلقہ وزراء کو ہدایت دی کہ تارکین وطن کی اسمگلنگ کی روک تھام اور اس کے خلاف اقدامات سے متعلق جی سیون ایکشن پلان پر مؤثر عمل درآمد جاری رکھا جائے۔

اعلامیے میں ان افراد اور اداروں کے خلاف ہدفی پابندیوں اور دیگر محدود اقدامات کی حمایت بھی کی گئی جو انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس میں ملوث ہیں۔ رہنماؤں نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ جرائم پیشہ گروہ آن لائن پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی نقل مکانی کو فروغ دے رہے ہیں۔

جی سیون ممالک نے آن لائن پلیٹ فارمز اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ تعاون بڑھانے کا عزم ظاہر کیا تاکہ اسمگلنگ کی سرگرمیوں سے متعلق مواد کی نشاندہی۔ روک تھام اور بر وقت حذف ممکن بنائی جا سکے۔

اعلامیے میں ان ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا جہاں سے تارکین وطن روانہ ہوتے ہیں یا جنہیں وہ عبوری راستے کے طور پر استعمال کرتے ہیں تاکہ اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی ختم کیا جا سکے۔

رہنماؤں نے کہا کہ غیر قانونی نقل مکانی سے متاثرہ ممالک میں استحکام۔ معاشی مواقع اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے تعاون بڑھایا جائے گا تاکہ لوگ اپنے ہی ممالک میں محفوظ اور باوقار زندگی گزار سکیں۔

اعلامیے میں اس بات کی بھی یاد دہانی کرائی گئی کہ ہر ریاست پر اپنے شہریوں کی واپسی قبول کرنا لازم ہے۔ جی سیون ممالک نے ایسے مؤثر نظام وضع کرنے کی حمایت کی جس کے ذریعے ان افراد کی بروقت۔ محفوظ۔ قانونی اور باوقار واپسی ممکن ہو جو کسی دوسرے ملک میں قیام کا قانونی حق نہیں رکھتے۔

رہنماؤں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ بعض جی سیون ممالک غیر قانونی نقل مکانی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیسرے ممالک کے ساتھ نئے قانونی انتظامات پر غور کر رہے ہیں۔

یہ اعلامیہ جی سیون سربراہی اجلاس کے وسیع تر ایجنڈے کا حصہ ہے جس میں عالمی سلامتی۔ جغرافیائی سیاسی تنازعات۔ منظم جرائم۔ منشیات کی اسمگلنگ۔ توانائی کے تحفظ اور بین الاقوامی اقتصادی تعاون جیسے اہم موضوعات بھی زیر بحث آئے۔