ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے جنازے میں ازدہام

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے جنازے میں ازدہام، فیصل مسجد کے قریب تدفین
ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے جنازے میں ازدہام، فیصل مسجد کے قریب تدفین

 

 

 

اسلام آباد: پاکستان کے جوہری پروگرام کے بانی،ایٹمی سائنسداں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد میں ادا کردی گئی جس میں لوگوں کا ہجوم تھا۔

نماز جنازہ میں حکومت کے ارکان اور فوج کے لوگ بڑی تعدادمیں موجود تھے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ کی امامت پروفیسر ڈاکٹر محمد الغزالی نےکی۔

نامور سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان طویل علالت کے بعد آج (10 اکتوبر کی) صبح 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق جنازے کے وقت اسلام آباد میں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث عوام کو جنازہ گاہ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اس کے باوجود عوام کی بڑی تعداد فیصل مسجد پہنچی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے جسدِ خاکی کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا اور نماز جنازہ سے قبل انہیں پاک فوج کے دستے کی جانب سے سلامی بھی دی گئی۔ اس موقع پر فیصل مسجد کے اطراف اور اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

نماز جنازہ میں شرکت میں وفاقی دارالحکومت کے قریبی شہروں سے بھی عوام کی بڑی تعداد پہنچی جبکہ کچھ شہروں میں غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان طویل عرصے سے علیل تھے اور طبیعت بگڑنے پر انہیں صبح سویرے اسلام آباد کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کے تمام اراکین کو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی ہدایت کی تھی۔ جنازے کے بعد فیصل مسجد کے احاطے میں ہی ان کی تدفین عمل میں آئی۔