دمشق (شام): فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے پیر کو شام کے دارالحکومت دمشق پہنچ کر شامی عوام کے ساتھ فرانس کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور ایک خودمختار، متحد اور پُرامن شام کی ضرورت پر زور دیا۔ یہ بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد کسی یورپی یونین کے موجودہ سربراہِ مملکت کا شام کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
صدر میکرون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا،
"میں شامی عوام کے ساتھ فرانس کے عزم کا اظہار کرنے آیا ہوں۔ ایک خودمختار، اپنی تنوع میں متحد اور اپنے ہمسایوں کے ساتھ امن سے رہنے والے شام کے لیے۔ آئیے مل کر استحکام اور امن کا ایک نیا باب کھولیں۔"
شام کی وزارتِ خارجہ نے بھی میکرون کی آمد کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے دمشق میں فرانسیسی صدر کا استقبال کیا۔ وزارت کے مطابق، یہ شام کے لیے ان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
فرانسیسی نشریاتی ادارے فرانس 24 کے مطابق، شامی صدر احمد الشرع دسمبر 2024 میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد ملک کی عالمی سطح پر ساکھ بحال کرنے اور تباہ حال معیشت کو دوبارہ مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
یہ 2009 کے بعد کسی فرانسیسی صدر کا پہلا دورۂ شام بھی ہے۔ اس سے قبل صدر نکولا سارکوزی نے شام کا دورہ کیا تھا۔ بعد ازاں 2011 میں بشار الاسد حکومت کی جانب سے جمہوریت نواز مظاہرین کے خلاف کارروائیوں نے خانہ جنگی کو جنم دیا، جس میں پانچ لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور ملک کا بڑا حصہ تباہ ہو گیا۔
گزشتہ ہفتے دمشق کے ایک کیفے میں ہونے والے بم دھماکے نے یہ واضح کر دیا کہ نئی حکومت کو اب بھی سنگین سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، جبکہ وہ 13 برس سے زائد عرصے کی خانہ جنگی کے بعد ملک کو دوبارہ متحد کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ مئی 2025 میں صدر میکرون نے شامی صدر احمد الشرع کا پیرس میں استقبال کیا تھا۔ یہ کسی یورپی ملک کا ان کا پہلا سرکاری دورہ تھا، جس کے بعد انہوں نے واشنگٹن جا کر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کی۔
صدر میکرون کے ہمراہ فرانس کی بڑی کاروباری شخصیات بھی شام پہنچی ہیں، جن میں سی ایم اے سی جی ایم کے چیف ایگزیکٹو روڈولف سعدے اور ٹوٹل انرجیز کے سربراہ پیٹرک پویانے شامل ہیں۔ مذاکرات میں شام کی تعمیرِ نو، سرمایہ کاری کے امکانات اور اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی، اگرچہ فرانسیسی کمپنیاں اب بھی شام میں سرمایہ کاری کے حوالے سے محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔
دورے کے دوران میکرون، صدر احمد الشرع پر گزشتہ برس علوی اور دروز علاقوں میں فرقہ وارانہ تشدد کے بعد اقلیتی برادریوں کے تحفظ کے اپنے وعدوں پر عمل درآمد کے لیے بھی زور دیں گے۔ اس کے علاوہ دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف تعاون اور شام میں موجود چند فرانسیسی شدت پسندوں کا معاملہ بھی مذاکرات کا اہم حصہ ہوگا۔
شام گزشتہ سال داعش کے خلاف قائم بین الاقوامی اتحاد میں شامل ہوا تھا، جبکہ ترکی نئی شامی قیادت کا اہم حامی سمجھا جاتا ہے۔ دوسری جانب، بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد اسرائیل شام میں متعدد فضائی حملے اور فوجی کارروائیاں کر چکا ہے۔
صدر میکرون منگل کی شام نیٹو سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے انقرہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ ترک صدر سے ملاقات بھی کریں گے۔ ادھر وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی بدھ کے روز اجلاس کے موقع پر شامی صدر احمد الشرع سے ملاقات متوقع ہے۔
فرانس نے اس تجویز کی مخالفت کی ہے کہ شام لبنان میں حزب اللہ کے خلاف کوئی کارروائی کرے، جبکہ صدر احمد الشرع واضح کر چکے ہیں کہ شام لبنان کے معاملات میں مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔