بنگلہ دیش : سابق وزیر اعظم بیگم خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 30-12-2025
بنگلہ دیش : سابق وزیر اعظم بیگم خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں
بنگلہ دیش : سابق وزیر اعظم بیگم خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

 



 ڈھاکہ : سابق بنگلہ دیش کی وزیر اعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی بی این پی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیا منگل کی علی الصبح ڈھاکہ کے ایورکئیر اسپتال میں زیر علاج رہتے ہوئے انتقال کر گئیں۔ پارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر جاری بیان میں اس کی تصدیق کی۔

ان کی عمر 80 برس تھی۔

بی این پی کے مطابق بیگم خالدہ ضیا کا انتقال صبح تقریبا 6 بجے فجر کی نماز کے فوراً بعد ہوا۔ پارٹی نے اپنے مصدقہ فیس بک پیج پر پوسٹس کے ذریعے اس خبر کی تصدیق کی۔

بی این پی نے بیان میں کہا کہ خالدہ ضیا صبح 6 بجے کے قریب فجر کی نماز کے فوراً بعد انتقال کر گئیں۔ پارٹی نے مزید کہا کہ ہم ان کی روح کے ابدی سکون کے لیے دعا کرتے ہیں اور سب سے گزارش کرتے ہیں کہ مرحومہ کی مغفرت کے لیے دعا کریں۔

بیگم خالدہ ضیا کو 23 نومبر کو پھیپھڑوں کے انفیکشن کے باعث دارالحکومت ڈھاکہ کے ایورکئیر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ 80 سالہ سابق وزیر اعظم طویل عرصے سے مختلف جسمانی بیماریوں میں مبتلا تھیں جن میں دل کی بیماری ذیابیطس گٹھیا جگر کا سیروسس اور گردوں کی پیچیدگیاں شامل تھیں۔

اسی ماہ کے اوائل میں انہیں مزید بہتر علاج کے لیے لندن منتقل کیا گیا تھا۔

ان کا انتقال ایک نہایت اہم سیاسی مرحلے پر ہوا ہے جب بنگلہ دیش فروری 2026 میں متوقع قومی انتخابات کی تیاری کر رہا ہے اور گزشتہ سال کی جولائی بغاوت کے بعد سیاسی کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

سابق وزیر اعظم کے انتقال سے کچھ عرصہ قبل ان کے صاحبزادے اور بی این پی کے سینئر رہنما طارق رحمان کئی برس کی جلاوطنی کے بعد بنگلہ دیش واپس لوٹے تھے۔

طارق رحمان کو 2007 اور 2008 میں گرفتار کیے جانے کے بعد ملک چھوڑنا پڑا تھا اور رہائی کے بعد وہ لندن میں مقیم ہو گئے تھے۔ گزشتہ سال شیخ حسینہ حکومت کے خاتمے کے بعد عوامی لیگ کے دور میں درج متعدد مقدمات میں انہیں بری کر دیا گیا جس کے بعد ان کی واپسی کی راہ ہموار ہوئی۔

طارق رحمان گزشتہ ہفتے بنگلہ دیش پہنچے جہاں ہوائی اڈے کے قریب پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا جو آنے والے انتخابات سے قبل ایک بڑا سیاسی واقعہ سمجھا جا رہا ہے۔

ملک واپسی کے بعد طارق رحمان نے ایورکئیر اسپتال میں زیر علاج اپنی والدہ سے بھی ملاقات کی تھی۔

بیگم خالدہ ضیا کی نماز جنازہ اور سرکاری پروگراموں سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔