نئی دہلی
وزارتِ خارجہ نے جمعہ کو بتایا کہ مالویہ نگر میں پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے میں 13 غیر ملکی شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ہفتہ وار پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزارتِ خارجہ کے سرکاری ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ حکومت متاثرہ ممالک کے سفارت خانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ ضروری طبی امداد، دستاویزی کارروائی اور دیگر مطلوبہ تعاون فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مالویہ نگر آتشزدگی کے حوالے سے دستیاب معلومات کے مطابق 13 غیر ملکی شہری جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ ان میں ایک شہری موزمبیق، چار نائجیریا، ایک لائبیریا، تین کرغیزستان، ایک ازبکستان، ایک بنگلہ دیش، ایک کانگو اور ایک عراق سے تعلق رکھتا تھا۔ ہم ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم متعلقہ سفارت خانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ طبی امداد، ضروری کاغذی کارروائی اور دیگر ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا سکے۔ اس واقعے میں تقریباً 20 سے 22 غیر ملکی شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
قومی دارالحکومت دہلی کے مالویہ نگر علاقے میں بدھ کے روز ایک بیڈ اینڈ بریک فاسٹ (بی اینڈ بی) ہوٹل میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں مجموعی طور پر 21 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔دریں اثنا، ساکیت عدالت نے ہوٹل کے شریک مالک لوکیش بجاج کو چار دن کی پولیس تحویل میں بھیج دیا ہے۔
بجاج کو واقعے کے ایک دن بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کے خلاف ہندوستانی نیایا سنہتا (بی این ایس) کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں قتلِ خطا، آگ کے ذریعے نقصان پہنچانا، انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی غفلت اور دیگر متعلقہ دفعات شامل ہیں۔
جمعرات کو دہلی کی ایک عدالت نے مزید تفتیش کے لیے ملزم کو چار روزہ پولیس ریمانڈ پر دینے کی اجازت دی تھی۔تحقیقاتی ادارے عمارت کی ملکیت کے ڈھانچے کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق لوکیش بجاج کئی مہمان نوازی کے کاروبار چلاتے ہیں اور جس عمارت میں آگ لگی تھی، اس کے واحد مالک بھی وہی ہیں۔