میڈرڈ
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، فلورینتینو پیریز نے تقریباً دو دہائیوں میں کلب کو درپیش پہلی سنجیدہ انتخابی چیلنج کو کامیابی سے عبور کرتے ہوئے ریال میڈرڈ کے صدر کے طور پر مزید چار سالہ مدت حاصل کر لی ہے۔کلب کے مستقبل کی سمت کے بارے میں بڑھتی ہوئی بحث کے باوجود اراکین نے تجربہ کار منتظم فلورینتینو پیریز پر اعتماد کا اظہار کیا۔ 79 سالہ تعمیراتی صنعت کے معروف کاروباری شخصیت نے اتوار کو ریال میڈرڈ کے والدیبیباس ٹریننگ کمپلیکس میں منعقدہ انتخابات میں 65 فیصد ووٹ حاصل کیے۔
انہوں نے کاروباری شخصیت اینریکے ریکیلمے کو شکست دی، جنہیں کلب کے اراکین کی جانب سے 35 فیصد حمایت حاصل ہوئی۔انتخابات میں مجموعی طور پر 33,555 اراکین نے ووٹ ڈالے۔ 2006 کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب ہسپانوی فٹبال کے اس عظیم کلب میں باضابطہ صدارتی انتخابات منعقد ہوئے۔ پیریز، جو پہلی بار 2000 میں صدر منتخب ہوئے تھے اور حالیہ برسوں میں اکثر بلا مقابلہ منتخب ہوتے رہے، اب 2030 تک اس عہدے پر برقرار رہیں گے۔
ریکیلمے نے، جن کی انتخابی مہم اراکین کی زیادہ شمولیت اور کلب کو بیرونی سرمایہ کاری کے لیے کھولنے کی تجاویز کی مخالفت پر مرکوز تھی، سرکاری نتائج کے اعلان سے قبل ہی شکست تسلیم کر لی۔
رائٹرز کے مطابق ریکیلمے نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں فلورینتینو پیریز اور ان کی انتخابی ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ریال میڈرڈ اب اگلے 20 سال بغیر انتخابات کے نہیں گزارے گا۔پیریز نے اپنی موجودہ مدت کے دو سال باقی ہونے کے باوجود انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب کلب مسلسل دوسرے سیزن میں کوئی بڑی ٹرافی جیتنے میں ناکام رہا اور حریف بارسلونا نے لا لیگا کا ٹائٹل برقرار رکھا۔
کامیابی کے بعد اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے پیریز نے اس نتیجے کو اپنی قیادت پر مضبوط اعتماد قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ریال میڈرڈ کے لیے ایک شاندار دن ہے۔ ہم نے ہر سطح پر کامیابیاں حاصل کی ہیں، یعنی تمام عمر کے زمروں میں۔ اس کے علاوہ ہم نے ریال میڈرڈ کی انتخابی تاریخ کا دوسرا بہترین نتیجہ حاصل کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ انتخاب کلب کے لیے ایک اہم لمحہ تھا اور ریال میڈرڈ نے دنیا کے سامنے شفافیت اور ہم آہنگی کی مثال قائم کی ہے۔
انتخابی مہم کے دوران دونوں امیدواروں نے کھیل سے متعلق بڑے وعدے کیے۔ پیریز نے جوزے مورینیو کو کلب کا کوچ مقرر کرنے کا وعدہ کیا اور ایک بڑے کھلاڑی کو خریدنے کے لیے 150 ملین یورو کی سرمایہ کاری کا منصوبہ پیش کیا، جس کی تفصیلات جلد سامنے آنے کی توقع ہے۔
انہوں نے ابراہیما کوناتے اور ڈینزل ڈمفریز کو ترجیحی ٹرانسفر اہداف قرار دیا۔دوسری جانب ریکیلمے نے ارلنگ ہالینڈ اور روڈری کو سائن کرنے کی تجاویز کے ذریعے حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے والدیبیباس کو ایک بڑے سماجی اور تفریحی کمپلیکس میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بھی پیش کیا، جس میں ہوٹل، سوئمنگ پول، جم اور 15 ہزار نشستوں پر مشتمل انڈور ایرینا شامل ہوگا۔
انتخابی مہم کے دوران ایک بڑا تنازع پیریز کی جانب سے تجویز کردہ ذیلی مالیاتی ڈھانچہ تھا، جس کے تحت بیرونی سرمایہ کار کلب میں تقریباً پانچ فیصد حصص خرید سکتے تھے۔ریکیلمے نے اس تجویز کی سخت مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس سے ریال میڈرڈ کے روایتی رکنیت پر مبنی ملکیتی ماڈل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
تاہم پیریز نے بارہا اس بات پر زور دیا کہ کلب کا ملکیتی ڈھانچہ جوں کا توں برقرار رہے گا اور اہم فیصلوں پر کنٹرول بدستور اراکین کے پاس ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کلب کے قوانین میں کسی بھی تبدیلی کے لیے خصوصی جنرل اجلاس کی منظوری درکار ہوگی۔
ریال میڈرڈ دنیا کے سب سے قیمتی کھیلوں کے اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ کلب نے 2024-25 کے سیزن میں 1.19 ارب یورو کی آمدنی حاصل کی، جبکہ فوربس نے حال ہی میں کلب کی مالیت 6.75 ارب امریکی ڈالر بتائی، جو عالمی فٹبال میں سب سے زیادہ سمجھی جاتی ہے