نیپال میں سیلاب: ہندوستان نے 5.5 ٹن ادویات بھیجیں

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 02-09-2026
نیپال میں سیلاب: ہندوستان نے 5.5 ٹن ادویات بھیجیں
نیپال میں سیلاب: ہندوستان نے 5.5 ٹن ادویات بھیجیں

 



نئی دہلی: ہندوستان نے بدھ کے روز سیلاب سے تباہ حال نیپال کے لیے ضروری ادویات کی پانچویں کھیپ روانہ کی۔ اس کے ساتھ 11 رکنی امدادی ٹیم بھی بھیجی گئی ہے۔ نیپال کے حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے آنے والے اچانک سیلاب کے بعد مزید لاشیں ملنے کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی ہے۔

امدادی ٹیموں نے اب تک 12 ہزار سے زائد افراد کو بچایا ہے، جبکہ تقریباً 4 ہزار افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے سوشل میڈیا پر بتایا، ’’ہندوستان کا پانچواں طیارہ نیپال کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔ اس میں خصوصی آلات کے ساتھ 11 رکنی امدادی ٹیم اور 5.5 ٹن ضروری ادویات موجود ہیں۔‘‘

ہندوستان اب تک نیپال کو مجموعی طور پر 68.5 ٹن امدادی سامان فراہم کر چکا ہے۔ نئی دہلی نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ایک ٹیم کے علاوہ تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں کے لیے آلات سمیت تکنیکی ماہرین کی ٹیم بھی نیپال بھیجی ہے۔

ہندوستان نے امدادی سامان کی پہلی کھیپ 26 اگست کو اس وقت روانہ کی تھی، جب وزیر اعظم نریندر مودی نے سیلاب کے دن نیپال کے وزیر اعظم بالندر شاہ سے فون پر بات کی تھی۔ مودی نے انہیں اس مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن انسانی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ مقامی حکام کے مطابق سیلاب سے خاص طور پر وسطی نیپال میں 35 قابلِ آمدورفت پل، 45 معلق پل اور تقریباً 40 کلومیٹر پکی سڑکیں تباہ ہوئی ہیں۔