نئی دہلی:ہندوستان نے نیپال میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے جمعرات کو 37.5 ٹن انسانی امداد اور آفات سے نمٹنے کا سامان، ادویات اور غذائی پیکٹ کی دوسری کھیپ روانہ کی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کی جانب سے نیپال بھیجی گئی ہنگامی امدادی اشیا کی مجموعی مقدار 47.5 ٹن ہوگئی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ دونوں طیاروں کے ذریعے مجموعی طور پر 8 ٹن ادویات اور ایک ٹن غذائی اشیا بھیجی گئی ہیں۔ دوسری کھیپ نیپال کے وزیر برائے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع مہابیر پُن کو سونپی گئی۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان نیپالی حکام کے مسلسل رابطے میں ہے اور راحت و بچاؤ کے کاموں میں ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔
A helping hand from India
— Randhir Jaiswal (@MEAIndia) August 27, 2026
The second consignment of 37.5 tonnes of HADR material, medicines and food packets has been handed over to Mr. Mahabir Pun, Minister for Science, Technology and Innovation to support Nepal’s flood relief and rescue efforts.
India remains committed to… pic.twitter.com/pYAp4YBjMX
انہوں نے نیپال میں سیلاب کی صورتحال اور ہندوستانی شہریوں کی حفاظت کے حوالے سے خارجہ سکریٹری وکرم مصری اور کھٹمنڈو و بیجنگ میں ہندوستانی سفیروں کے ساتھ جائزہ اجلاس بھی کیا۔ نیپال میں سیلاب کی صورتحال انتہائی سنگین بنی ہوئی ہے۔
قومی ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق جمعرات کی شام تک سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے 359 لاشیں برآمد کی جا چکی تھیں، جبکہ 910 افراد لاپتہ یا رابطے سے باہر ہیں۔ ان میں بڑی تعداد غیر ملکی شہریوں کی بھی ہے۔ ہندوستان نے اس سے قبل بدھ کو نیپال کے لیے 10 ٹن ایچ اے ڈی آر سامان اور ضروری ادویات روانہ کی تھیں۔ ہندوستان نے کہا ہے کہ وہ نیپال کے راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مسلسل تعاون جاری رکھے گا۔