کویت اور اسرائیل نے فضائی حدود کھولنے سے مغربی ایشیا میں پروازوں کی صورتحال بہتر ہوئی: وزارت خارجہ
نئی دہلی
مغربی ایشیا اور خلیجی خطے میں پروازوں کی صورتحال میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔ ایک سینئر سرکاری افسر نے بتایا کہ اب اسرائیل اور کویت کی فضائی حدود کھول دی گئی ہیں اور جلد ہی دو ایئرلائنز کویت سے ہندوستان کے لیے محدود پروازیں دوبارہ شروع کریں گی۔یہ معلومات وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سکریٹری (خلیج) اسیم آر مہاجن نے جمعہ کو قومی دارالحکومت میں ایک بین الوزارتی پریس بریفنگ کے دوران دیں۔
انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر پروازوں کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے، اور خطے سے ہندوستان کے مختلف مقامات کے لیے مزید پروازیں چل رہی ہیں۔ 28 فروری کے بعد سے اب تک 12,38,000 مسافروں نے اس خطے سے ہندوستان کا سفر کیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا، "کویت کی فضائی حدود اب کھول دی گئی ہیں۔ جزیرہ ایئرویز اور کویت ایئرویز نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی کویت سے ہندوستان کے لیے محدود پروازیں دوبارہ شروع کریں گی۔ اس کے ساتھ ہی سعودی عرب کے دمام ہوائی اڈے سے ہندوستان کے مختلف مقامات کے لیے غیر طے شدہ تجارتی پروازیں بھی جاری ہیں۔ اسرائیل کی فضائی حدود بھی کھلی ہیں اور خطے کے مختلف مقامات کے لیے محدود پروازیں بحال ہو چکی ہیں، جن کے ذریعے آگے ہندوستان کا سفر ممکن ہے۔
ایڈیشنل سکریٹری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور ہندوستان کے درمیان بھی ایئرلائنز حفاظتی اور آپریشنل بنیادوں پر محدود تجارتی پروازیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آج تقریباً 110 پروازیں متحدہ عرب امارات سے ہندوستان کے لیے متوقع ہیں، جبکہ سعودی عرب اور عمان کے مختلف ہوائی اڈوں سے بھی ہندوستان کے مختلف شہروں کے لیے پروازیں چل رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قطر کی فضائی حدود جزوی طور پر کھلی ہیں اور قطر ایئرویز ہندوستان کے مختلف مقامات کے لیے پروازیں چلا رہی ہے۔ بحرین کی فضائی حدود کھلی ہیں اور گلف ایئر وہاں سے ہندوستان کے لیے پروازیں چلا رہی ہے۔ عراق کی فضائی حدود بھی کھلی ہیں، جہاں سے محدود پروازیں خطے کے مختلف مقامات تک جا رہی ہیں، جن کے ذریعے آگے ہندوستان پہنچا جا سکتا ہے۔ ایران کی فضائی حدود جزوی طور پر کارگو اور چارٹرڈ پروازوں کے لیے کھلی ہیں۔ تہران میں ہمارا سفارت خانہ پہلے ہی مشورہ دے چکا ہے کہ ہندوستانی شہری ایران کا سفر نہ کریں، اور جو لوگ وہاں موجود ہیں وہ زمینی راستوں سے نکلیں، جس میں سفارت خانہ مسلسل مدد فراہم کر رہا ہے۔
مہاجن نے بتایا کہ اب تک سفارت خانے نے ایران سے 2,432 ہندوستانی شہریوں کو آرمینیا اور آذربائیجان منتقل کرنے میں مدد فراہم کی ہے، جن میں 1,096 طلبہ اور 657 ماہی گیر شامل ہیں۔پریس بریفنگ کے دوران وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ایران اور اس کے اطراف کے علاقوں میں صورتحال اب بھی سنگین ہے۔ انہوں نے کہا، "اگرچہ اب جنگ بندی ہو چکی ہے، لیکن آپ جانتے ہیں کہ ابتدا سے اب تک ایران اور دیگر ممالک میں حالات کس قدر مشکل رہے ہیں۔
انہوں نے تہران میں ہندوستانی سفیر اور سفارت خانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مدد سے 2,400 سے زائد ہندوستانی شہریوں کو محفوظ طریقے سے نکال کر وطن واپس لایا گیا ہے، اور ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔مہاجن نے زور دے کر کہا کہ خطے میں موجود ہندوستانی ملاحوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور مشنز مقامی حکام کے ساتھ تال میل، قونصلر خدمات اور واپسی کی درخواستوں میں مکمل مدد فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ وزارتِ خارجہ خلیج اور مغربی ایشیا کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور حکومت کی کوششیں خطے میں موجود بڑی ہندوستانی برادری کی حفاظت اور فلاح کو یقینی بنانے پر مرکوز ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزارت میں ایک خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جو ہندوستانی شہریوں اور ان کے اہل خانہ کے سوالات کے جواب دینے کے لیے فعال ہے، اور وقتاً فوقتاً نئی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں، جن میں مقامی حکومتوں کے رہنما اصول، پروازوں اور سفر کی صورتحال، قونصلر خدمات اور کمیونٹی کے لیے مختلف فلاحی اقدامات شامل ہیں۔