نیروبی | کینیا کے وسطی علاقے میں بدھ کی صبح ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں 5 امریکی شہریوں اور ایکواڈور کی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ مائیکل سینسی کونٹوگی سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔سی این این نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ کینیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ہیلی کاپٹر میں 7 افراد سوار تھے۔ طیارہ سامبورو کاؤنٹی میں ماؤنٹ اولولوکوے کے مقام پر حادثے کا شکار ہوا۔ سامبورو کاؤنٹی کے پولیس کمانڈر ڈیوڈ نِکورو نے بتایا کہ حادثے میں سوار تمام 7 افراد ہلاک ہوگئے۔
ہیلی کاپٹر لگژری ٹور ایجنسی اینڈ بیونڈ کے مہمانوں کو لے جا رہا تھا۔ آپریٹر لیڈی لوری ہیلی کاپٹرز کے مطابق حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ہلاک ہونے والوں میں ایکواڈور کی انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل مائیکل سینسی کونٹوگی اور ان کی اہلیہ اسٹیفنی سینسی بھی شامل تھیں جو فیشن ڈیزائنر تھیں۔ ہسپانوی زبان کے ٹیلی ویژن ادارے ٹیلی مونڈو کے مطابق اس کے ایگزیکٹو جوزے سواریز بھی حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں شامل تھے۔

ایکواڈور کے صدارتی دفتر نے بدھ کی سہ پہر ایک بیان میں سینسی کونٹوگی کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔امریکی محکمہ خارجہ نے 5 امریکی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکی سفارت خانہ مقامی حکام سے رابطے میں ہے اور متاثرہ خاندانوں کو قونصلر مدد فراہم کر رہا ہے۔کینیا ریڈ کراس کے مطابق حادثے کے مقام پر تلاش اور لاشوں کی بازیابی کا کام جاری ہے تاہم دشوار گزار علاقے اور جائے حادثہ پر لگی آگ کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ کارروائی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اضافی ٹیم بھی ایسیولو سے روانہ کی گئی ہے۔
کینیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یوروکوپٹر ای سی 130 بی 4 ہیلی کاپٹر لوئیسابا وائلڈ لائف کنزروینسی سے ایواسو نیگیرو دریا کی جانب جا رہا تھا جب یہ حادثے کا شکار ہوا۔یہ سنگل انجن ہیلی کاپٹر ایئربس ہیلی کاپٹرز نے تیار کیا تھا اور اس میں ایک پائلٹ کے علاوہ 5 سے 7 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے۔کینیا کی وزارت ٹرانسپورٹ نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔