ماہرین کا امریکہ سے اسٹریٹجک انحصار کم کرنے کا مشورہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 08-08-2026
ماہرین کا امریکہ سے اسٹریٹجک انحصار کم کرنے کا مشورہ
ماہرین کا امریکہ سے اسٹریٹجک انحصار کم کرنے کا مشورہ

 



پونے: خارجہ امور کے ماہرین نے ہندوستان کو امریکہ سے اسٹریٹجک طور پر انحصار کم کرنے کی سمت میں قدم اٹھانے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ روس پر پابندیوں سے متعلق امریکی سینیٹ میں بل کی منظوری کے بعد بڑھتی ہوئی اقتصادی کشیدگی محض عارضی رکاوٹ نہیں بلکہ ہندوستان اور امریکہ کے دو طرفہ تعلقات میں ایک مستقل تبدیلی کا اشارہ ہو سکتی ہے۔

ماہرین نے اس قانون سازی کو امریکی قوانین کے علاقائی حدود سے باہر اطلاق (ایکسٹرا ٹیریٹوریل ایپلی کیشن) کی واضح مثال بھی قرار دیا ہے۔ یہ تشویش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی سینیٹ نے روس پر پابندیوں سے متعلق ایک بل منظور کیا ہے، جس کے تحت روسی خام تیل اور قدرتی گیس خریدنے والے پانچ بڑے ممالک، جن میں چین اور ہندوستان بھی شامل ہیں، پر 100 فیصد تک ٹیرف عائد کیا جا سکتا ہے۔ بل میں ان ممالک کو استثنا دینے کی گنجائش ہے جو روس کی مجموعی قدرتی گیس برآمدات کا 15 فیصد سے کم درآمد کرتے ہیں۔

خارجہ امور کے ماہر سشانت سرین نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل روسی تیل خریدنے پر ہندوستان پر 25 فیصد ٹیرف عائد کر چکے ہیں، تاہم آئندہ اقدامات اس سے بھی زیادہ سخت ہو سکتے ہیں۔ سرین نے کہا، ’’امریکہ اس طرح کے اقدامات کرتا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے آنجہانی سینیٹر لنڈسی گراہم جیسی شخصیات کی وجہ سے اس قانون سازی کو ملنے والی رفتار کی جانب بھی اشارہ کیا۔ انہوں نے ماضی کی مثال دیتے ہوئے کہا، ’’عام طور پر ہم نے دیکھا ہے کہ اس طرح کے بلوں میں استثنا کی شقیں ہوتی ہیں، جن کے تحت صدر یہ تصدیق کر سکتے ہیں کہ وہ اس قانون کو نافذ نہیں کریں گے، کیونکہ یہ امریکی قومی مفاد میں نہیں ہے۔

اس بل میں بھی یقینی طور پر ایسی استثنا کی شق ہوگی۔‘‘ تاہم سرین نے سوال اٹھایا کہ کیا واشنگٹن چین سمیت تمام ممالک پر اتنے سخت تعزیری اقدامات یکساں طور پر نافذ کرے گا۔ انہوں نے سوال کیا، ’’کیا امریکی چین پر بھی یہی قانون نافذ کرتے ہوئے 100 فیصد ٹیرف عائد کریں گے؟‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’امکان ہے کہ وہ ایسا نہیں کریں گے، کیونکہ چینی اس کا جواب دیں گے۔‘‘ نئی دہلی کے لیے اس کے طویل مدتی اثرات پر زور دیتے ہوئے سرین نے پالیسی سازوں سے موجودہ کشیدگی کو عارضی سمجھنے کی سوچ ترک کرنے کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا، ’’میرے خیال میں ہندوستان کو اس احساس سے باہر نکلنے کی ضرورت ہے کہ یہ ایک عارضی صورتحال ہے، ہندوستان اور امریکہ کے درمیان پیدا ہونے والا ایک عارضی مسئلہ ہے۔ میرے خیال میں یہ اس سے کہیں زیادہ مستقل نوعیت کی دراڑ کا اشارہ دے رہا ہے۔‘‘ سرین نے واضح کیا کہ دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات مکمل طور پر ختم نہیں ہوں گے، تاہم 100 فیصد جیسے سخت ٹیرف نافذ کیے جانے کی صورت میں ’’اقتصادی تعلقات تقریباً ختم ہو جائیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’سوال یہ ہے کہ ہندوستان اس سلسلے میں کیا کرے؟ جس طرح ہندوستان نے چین سے اپنے انحصار کو کم کرنے کے بارے میں سوچا ہے، اسی طرح اب اسے امریکہ سے بھی انحصار کم کرنے کی سمت بڑھنا چاہیے۔ کیونکہ واضح طور پر ٹرمپ کے دور میں، اور شاید ٹرمپ کے بعد بھی، امریکہ ایک مخالف طاقت بنا رہے گا۔‘‘ سابق سفارت کار مہیش سچدیو نے بھی اس قانون سازی کو امریکی قوانین کے علاقائی حدود سے باہر اطلاق کی واضح مثال قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن تیسرے ممالک کو سزا دینے کی کوشش کرکے اپنے دائرۂ اختیار سے تجاوز کر رہا ہے۔ سچدیو نے کہا، ’’یہ بل امریکی قوانین کے ایکسٹرا ٹیریٹوریل اطلاق کی واضح مثال ہے، جو حالیہ عرصے میں کئی طریقوں سے سامنے آیا ہے۔ امریکہ کے لیے دوسرے اور تیسرے ملک پر اس طرح کی ڈیوٹی عائد کرنا واضح طور پر اس کے دائرۂ اختیار سے باہر ہے۔ یہ قواعد پر مبنی بین الاقوامی تجارتی نظام کی واضح خلاف ورزی ہے اور دنیا بھر کی توانائی منڈیوں کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔‘

‘ سچدیو نے چین اور ہندوستان جیسے بڑے توانائی صارفین پر ممکنہ اثرات کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان ممالک کو روس اور ایران سے توانائی خریدنے سے روکا گیا تو عالمی سپلائی چین متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اگر ان ممالک کو روس سے تیل خریدنا بند کرکے کھلی مارکیٹ سے خریداری کرنے پر مجبور کیا گیا تو اس سے مارکیٹ میں شدید خلل پیدا ہوگا۔ ایران اور روس کا خام تیل سستا ہو جائے گا کیونکہ اسے خریدنے والے کم ہوں گے، جبکہ دنیا کے باقی خام تیل کی قیمتیں بڑھ جائیں گی کیونکہ خریداروں کی تعداد بہت زیادہ ہو جائے گی۔‘‘ سچدیو نے یہ بھی کہا کہ امریکی سپریم کورٹ کی جانب سے جنگی حالات میں وسیع پیمانے پر ٹیرف عائد کرنے کے اختیارات کو مسترد کیے جانے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان اختیارات کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے قانون سازی کے ذریعے ’’چالاکی‘‘ سے کام لیتے دکھائی دیتے ہیں۔

سابق سفارت کار کے پی فابیان نے نئی دہلی سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بل کو ابھی قانون بننے کے لیے کئی مراحل سے گزرنا ہے اور اس کے نفاذ سے خود امریکی معیشت کو بھی بڑے اقتصادی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ فابیان نے کہا کہ بل سینیٹ میں 86 کے مقابلے میں 11 ووٹوں سے منظور ہوا ہے، لیکن اسے اب ایوان نمائندگان سے منظوری درکار ہے۔ ایوان نمائندگان اس میں ترمیم کر سکتا ہے، جس کے بعد اسے دوبارہ سینیٹ میں بھیجا جائے گا اور دونوں ایوانوں کے درمیان طویل بحث و تبادلہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ایوان نمائندگان اس بل کو موجودہ شکل میں منظور کرے یا نہ کرے، کیونکہ اس بل کے تحت صدر ٹرمپ کو ٹیرف عائد کرنے اور انہیں واپس لینے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔ یہ ممکن ہے کہ ایوان اس میں ترمیم کرے۔ اس کے بعد بل دوبارہ سینیٹ میں جائے گا۔

اس طرح کافی عرصے تک دونوں ایوانوں کے درمیان رد و بدل جاری رہ سکتا ہے۔‘‘ فابیان نے دلیل دی کہ ایسے ٹیرف نافذ کرنے سے امریکی معیشت کو ہی نقصان پہنچ سکتا ہے، کیونکہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آ رہی ہے جب امریکی معیشت کے کچھ اشارے، جن میں محکمہ محنت کی جانب سے حالیہ ملازمتوں میں کمی کی رپورٹ بھی شامل ہے، دباؤ کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’اگر ٹرمپ یہ ٹیرف عائد کرتے ہیں تو کیا ہوگا؟ تیل کی قیمتیں بہت بڑھ جائیں گی۔ کیا صدر ٹرمپ اس کا بوجھ برداشت کر سکتے ہیں؟ پہلے ہی امریکی معیشت مشکلات میں ہے۔‘

‘ انہوں نے نتیجہ اخذ کرتے ہوئے کہا، ’’میرے خیال میں ہندوستان کو اس معاملے پر بہت زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ روسی پابندیوں سے متعلق بل کو امریکی سینیٹ نے 86 کے مقابلے میں 11 ووٹوں سے منظور کیا ہے۔ اب اسے قانون بننے کے لیے امریکی ایوان نمائندگان سے منظوری حاصل کرنا ہوگی۔ سی این این کے مطابق بل میں روسی حکومت کی اعلیٰ شخصیات، جن میں صدر ولادیمیر پوتن بھی شامل ہیں، اور روس کے دفاعی صنعتی شعبے کی حمایت کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں پر لازمی پابندیاں عائد کرنے کی گنجائش بھی موجود ہے۔