گرے لسٹ سے نکلنا حتمی ضمانت نہیں: ایف اے ٹی ایف کی پاکستان کو وارنںگ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 25-10-2025
گرے لسٹ سے نکلنا حتمی ضمانت نہیں: ایف اے ٹی ایف کی پاکستان کو وارنںگ
گرے لسٹ سے نکلنا حتمی ضمانت نہیں: ایف اے ٹی ایف کی پاکستان کو وارنںگ

 



 پیرس : دہشت گردی کی مالی معاونت پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ اکتوبر 2022 میں گرے لسٹ سے اخراج کا مطلب یہ نہیں کہ وہ منی لانڈرنگ یا دہشت گردی کی مالی معاونت سے محفوظ ہو گیا ہے۔

ایف اے ٹی ایف کی صدر ایلیسا دے آندا مادراثو نے کہا کہ ہر ملک، بشمول پاکستان، کو جرائم کی روک تھام کے لیے مستقل اقدامات جاری رکھنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا، "کوئی بھی ملک جو گرے لسٹ میں تھا یا اس سے نکلا ہے، اسے مجرموں — خواہ وہ منی لانڈرر ہوں یا دہشت گرد — کی کارروائیوں سے محفوظ نہیں سمجھا جا سکتا۔ ہم تمام ممالک، خصوصاً ان کو جو لسٹ سے نکالے گئے ہیں، دعوت دیتے ہیں کہ وہ جرائم کی روک تھام کے لیے اپنا اچھا کام جاری رکھیں۔"

پاکستان کو اکتوبر 2022 میں گرے لسٹ سے نکالا گیا تھا، لیکن وہ اب بھی ایشیاء پیسفک گروپ (APG) کی نگرانی میں ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ وہ دہشت گردی کی مالی معاونت سے نمٹنے کے اقدامات پر عمل کر رہا ہے۔

ایف اے ٹی ایف صدر کے یہ ریمارکس اُس وقت سامنے آئے جب رپورٹس میں بتایا گیا کہ جیشِ محمد (JeM) جیسے گروہ ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فنڈنگ کر رہے ہیں تاکہ مالی سرگرمیوں کو چھپایا جا سکے۔

بھارت کی نیشنل رسک اسیسمنٹ 2022 کی رپورٹ میں بھی پاکستان کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے ایک اعلیٰ خطرے والے ملک کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔

ایک تازہ رپورٹ "Comprehensive Update on Terrorist Financing Risks" میں ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور نئی فنڈنگ ٹیکنیکوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔

ایلیسا مادراثو نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف دنیا بھر میں دہشت گردی کی مالی معاونت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا، "ایف اے ٹی ایف اپنے معیارات اور عملدرآمد کے نظام کو مزید مضبوط بناتا رہے گا تاکہ دنیا کو دہشت گردی کی مالی معاونت سے زیادہ محفوظ بنایا جا سکے۔"

ایف اے ٹی ایف کا چوتھا عمومی اجلاس پیرس میں ختم ہوا جس میں دنیا بھر کے 200 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں غیر قانونی مالی سرگرمیوں کے خلاف عالمی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر ایف اے ٹی ایف نے اعلان کیا کہ برکینا فاسو، موزمبیق، نائیجیریا، اور جنوبی افریقہ کو گرے لسٹ سے نکال دیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے اپنے ایکشن پلانز مکمل کر لیے ہیں۔