تہران :ایران میں ایران کے سابق ولی عہد رضا پہلوی نے جو جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں اتوار کے روز حکومت مخالف مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں پر موجود رہیں۔ پینسٹھ سالہ جلا وطن ولی عہد اور سابق شاہ محمد رضا پہلوی کے فرزند رضا پہلوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ مظاہرین کی جرات کو دنیا بھر کے لوگ سراہ رہے ہیں بالخصوص امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرے ہم وطنو ایران بھر میں مسلسل تیسری رات سڑکوں پر آپ کی وسیع اور دلیرانہ موجودگی نے خامنہ ای کے جابرانہ نظام اور اس کی مشینری کو شدید کمزور کر دیا ہے۔ مجھے قابل اعتماد اطلاعات ملی ہیں جن کے مطابق اسلامی جمہوریہ کو سڑکوں پر موجود لاکھوں افراد کا مقابلہ کرنے کے لیے کرائے کے مسلح افراد کی شدید کمی کا سامنا ہے اور اب تک بہت سے مسلح اور سکیورٹی اہلکار اپنے کام کی جگہیں چھوڑ چکے ہیں یا عوام کو دبانے کے احکامات ماننے سے انکار کر چکے ہیں۔
رضا پہلوی نے کہا کہ ایرانی رہنما خامنہ ای مظاہرین کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں جبکہ وہ خود اور ان کے مسلح کارندے ایران دشمن کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب خامنہ ای کے پاس صرف ایک پرتشدد اقلیت باقی رہ گئی ہے جو اپنے مجرمانہ قائد کی طرح غیر ایرانی اور ایران مخالف ہے اور آپ عظیم ایرانی قوم کو اپنا دشمن سمجھتی ہے۔ جان لیجیے کہ انہیں اپنے اعمال کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ اتوار اکیس دی کو شام چھ بجے کی اپنی دوسری اپیل کو دہراتے ہوئے میں آپ سب سے کہتا ہوں کہ اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ گروہوں کی شکل میں شہروں کی مرکزی سڑکوں پر نکلیں راستے میں ایک دوسرے سے اور عوامی ہجوم سے جدا نہ ہوں اور گلی کوچوں کا رخ نہ کریں جو آپ کی جان کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
رضا پہلوی نے کہا کہ مظاہرین کو دنیا بھر میں بسنے والے دیگر ہم وطنوں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جان لیں کہ آپ اکیلے نہیں ہیں دنیا بھر میں آپ کے ہم وطن فخر کے ساتھ آپ کی آواز بلند کر رہے ہیں اور آپ جلد ہی ٹیلی ویژن اسکرینوں پر ان کی بڑی اور وسیع موجودگی کی تصاویر دیکھیں گے۔ آج پوری دنیا آپ کی قومی انقلاب کے ساتھ کھڑی ہے اور آپ کی جرات کو سراہ رہی ہے۔ خاص طور پر صدر ٹرمپ جو آزاد دنیا کے رہنما ہیں آپ کی ناقابل بیان بہادری پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ آپ کی مدد کے لیے تیار ہیں۔
رضا پہلوی نے عزم کے ساتھ کہا کہ مظاہرین ایران کو واپس حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سڑکیں مت چھوڑیں میرا دل آپ کے ساتھ ہے میں جانتا ہوں کہ میں جلد آپ کے درمیان ہوں گا ہم ایران کو واپس لے لیں گے۔
نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کو حالیہ دنوں میں ایران کے خلاف مختلف فوجی آپشنز پر بریفنگ دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کو پیش کیے گئے آپشنز میں تہران کے چند مخصوص مقامات پر ہدفی حملے بھی شامل ہیں جن میں حکومت کے داخلی سکیورٹی نظام سے منسلک غیر فوجی تنصیبات بھی شامل ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ بریفنگ اس وقت کی گئی ہے جب امریکی انتظامیہ ایرانی حکام کی جانب سے مزید تشدد کو روکنے کے لیے سفارتی معاشی اور فوجی ذرائع کا جائزہ لے رہی ہے۔
موجودہ احتجاج اٹھائیس دسمبر کو اس وقت شروع ہوا جب ایران کی قومی کرنسی ریال کی قدر میں شدید گراوٹ آئی۔
تسنیم نیوز ایجنسی نے ہفتے کے روز رپورٹ کیا کہ ایران کی آئینی کونسل کے ترجمان نے ملک میں حالیہ پرتشدد فسادات کا ذمہ دار غیر ملکی مداخلت کو قرار دیا جس نے پرامن مظاہروں کا فائدہ اٹھا کر امن و امان کو نقصان پہنچایا۔
ایران میں حکومت مخالف مظاہرے ہفتے کے روز مسلسل چودہویں دن بھی جاری رہے جبکہ حکام نے سکیورٹی اقدامات سخت کر دیے کیونکہ مظاہرے متعدد شہروں میں پھیل گئے۔
ایران کے خامنہ ای نظام نے امریکہ پر بدامنی کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ جو مظاہرے ابتدا میں پرامن تھے انہیں غیر ملکی اشتعال انگیزی کے ذریعے جان بوجھ کر پرتشدد بنایا گیا جو بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے جیسا کہ پریس ٹی وی نے رپورٹ کیا۔
اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے ایک خط میں کہا ہے کہ ایران میں ہونے والے فسادات اور پرتشدد کارروائیوں کی براہ راست ذمہ داری واشنگٹن پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے امریکہ کے غیر قانونی طرز عمل کی مذمت کی اور کہا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ مل کر اسلامی جمہوریہ ایران کے داخلی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے۔ ایروانی نے کہا کہ یہ مداخلت دھمکیوں اشتعال انگیزی اور جان بوجھ کر تشدد کو فروغ دینے کے ذریعے کی جا رہی ہے تاکہ ایران کے استحکام اور سلامتی کو کمزور کیا جا سکے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی فوج نے کل جاری ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ جارح اور بد نیت امریکی حکومت نے ایرانی عوام پر دوبارہ اپنی بالادستی قائم کرنے کے لیے سازشیں تیار کر لی ہیں۔