تریشولی۔ نیپال کے تریشولی علاقے میں سیلابی پانی نے گھروں۔ دکانوں اور گاڑیوں کو بہا دیا۔ ہر طرف تباہی کے مناظر کے درمیان پودینے جیسے ہلکے سبز رنگ کا دو منزلہ مکان تقریباً محفوظ کھڑا رہا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا یہ مکان اب اس ہولناک تباہی کی ایک نمایاں علامت بن گیا ہے جسے متاثرہ لوگ اب بھی سمجھنے اور قبول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس مکان کے ارد گرد کا منظر بالکل مختلف اور خوفناک ہے۔ عمارتیں بہہ چکی ہیں۔ پل غائب ہو گئے ہیں اور خاندان اپنے گھر اور روزگار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقے میں امداد اور بچاؤ کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق برفانی جھیل کے پھٹنے اور پانی کی سطح میں تیزی سے اضافے کے بارے میں انتباہ جاری ہونے کے چند ہی لمحوں بعد یہ آفت ان پر ٹوٹ پڑی۔
مقامی رہائشی پھلمایا لاما نے اے این آئی کو بتایا کہ ابتدا میں لوگوں کے لیے یہ یقین کرنا مشکل تھا کہ اتنا بڑا سیلاب ان کے علاقے تک پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم گھر پر اپنے معمول کے کام کر رہے تھے۔ میری قریب ہی کپڑوں کی ایک دکان تھی۔ میں نے دکان کھولی۔ صفائی کی اور وہاں بیٹھی ہوئی تھی۔ جیسے ہی ہمیں اطلاع ملی کہ تبت میں برفانی جھیل پھٹ گئی ہے اور تیمورے گاؤں ختم ہو گیا ہے۔ سیابروبیسی بھی تباہ ہو گیا ہے۔ لوگ مسلسل انتباہ دے رہے تھے اور سب کو وہاں سے بھاگنے کے لیے کہہ رہے تھے۔
پھلمایا لاما نے بتایا کہ پولیس لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے لوگوں کو خبردار کر رہی تھی اور ہر طرف لوگ محفوظ مقامات کی جانب بھاگ رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جب ہم نے دیکھا تو سیلاب پہاڑ جتنا اونچا دکھائی دے رہا تھا۔ ہم سب بھاگنے لگے۔ اس افراتفری کے دوران بزرگ لوگ۔ اسکول کے بچے۔ اسکول بسیں اور ہمیں خبردار کرنے والی پولیس کی گاڑی بھی سیلاب کی زد میں آ گئی۔ یہاں تک کہ پولیس کی گاڑی بھی بہہ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا اپنا گھر بھی تباہ ہو گیا اور ان کا خاندان گزشتہ چھ دن سے کسی دوسرے شخص کے گھر میں پناہ لیے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا گھر بھی تباہ ہو گیا۔ کچھ بھی باقی نہیں بچا۔ اس وقت ہم گاؤں میں کسی دوسرے شخص کے گھر میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ چھ دن گزر چکے ہیں۔ ہمیں یہ بھی معلوم نہیں کہ کھانے پینے اور رہنے کا کیا انتظام ہوگا۔
پھلمایا لاما نے کہا کہ ان کے گھر کے آس پاس کے کئی افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آس پاس کے لوگ تو محفوظ ہیں لیکن ہمارے گھر کے برابر میں ایک خاتون اور ان کا بیٹا لاپتہ ہو گئے۔ دوسری طرف ایک ہوٹل تھا جہاں سے ایک بھائی اور بہن بھی غائب ہو گئے۔ ایک بوڑھا شخص جو یہیں بیٹھا ہوا تھا وہ بھی لاپتہ ہو گیا۔ ہمارے گھر کے قریب کے پانچ افراد کا اب تک کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ایک دوسرے متاثرہ شخص نے بتایا کہ جب وہ واپس آیا تو اس علاقے میں تقریباً کچھ بھی باقی نہیں بچا تھا۔
اس نے کہا کہ صاحب سب کچھ ختم ہو گیا۔ کچھ بھی نہیں بچا۔ ہمیں کل ہیلی کاپٹر کے ذریعے یہاں لایا گیا۔ سب لوگ محفوظ ہیں لیکن آپریشن کے لیے جو رقم جمع کر کے رکھی تھی وہ بھی چلی گئی۔ سب کچھ ختم ہو گیا۔متاثرہ شخص نے کہا کہ نہ کوئی دکان باقی ہے نہ کمرہ اور نہ ہی کچھ اور۔ میری یہاں کتنی اچھی دکان تھی۔پرکاش تمانگ کے لیے اس تباہی کے درمیان ایک اطمینان کی بات یہ تھی کہ ان کے بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
انہوں نے اے این آئی کو بتایا کہ میں یہیں رہتا تھا۔ میرا گھر یہاں تھا لیکن سیلاب سب کچھ بہا لے گیا۔تمانگ نے بتایا کہ اس دن انہوں نے اپنے دونوں بچوں کو اسکول بس سے بھیجنے کے بجائے اپنی گاڑی سے اسکول پہنچایا تھا۔انہوں نے کہا کہ خدا کے فضل سے میرے بچے بچ گئے۔ اس کے علاوہ سب کچھ ختم ہو گیا۔اپنے خاندان کو کھٹمنڈو میں محفوظ مقام پر پہنچانے کے بعد تمانگ تباہ شدہ علاقے میں واپس آئے تاکہ اپنے گھر کی حالت دیکھ سکیں اور یہ معلوم کر سکیں کہ سرکاری اہلکار نقصانات کا اندراج کر رہے ہیں یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے خاندان کو کھٹمنڈو لے گیا اور انہیں ایک رشتہ دار کے گھر ٹھہرا دیا۔ آج صبح میں واپس آیا تاکہ حالات دیکھ سکوں اور یہ معلوم کر سکوں کہ حکام ہمارے نقصانات کا اندراج کر رہے ہیں یا نہیں۔یہ تباہی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب نیپال حالیہ برسوں کی اپنی بدترین سیلابی آفات میں سے ایک کا سامنا کر رہا ہے۔ قومی آفات کے خطرات میں کمی اور انتظامی اتھارٹی کے مطابق پیر کے روز ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 903 ہو گئی جبکہ تقریباً 4 ہزار 247 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ اب تک 10 ہزار 451 افراد کو بچایا جا چکا ہے۔چتوان میں سب سے زیادہ 272 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ اس کے بعد مشرقی نوالپراسی میں 207۔ مغربی نوالپراسی میں 151۔ نواکوٹ میں 95۔ گورکھا میں 62۔ دھادنگ میں 55۔ تنہون میں 37 اور راسووا میں 24 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
لاپتہ افراد میں سیکورٹی اہلکار۔ سرکاری ملازمین۔ پن بجلی منصوبوں کے کارکن اور غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔ ضلعی ہنگامی کارروائی مرکز کے اعداد و شمار کے مطابق نواکوٹ میں 1 ہزار 548 اور راسووا میں 865 افراد لاپتہ ہیں۔بچاؤ کی کارروائیاں زمین اور فضا دونوں راستوں سے جاری ہیں۔ نیپالی فوج نے فضائی کارروائیوں کے ذریعے 252 غیر ملکیوں اور 3 ہزار 344نیپالی شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ امدادی اور بچاؤ کی کارروائیوں کے لیے اب تک 411 پروازیں کی جا چکی ہیں۔
30 اگست کو ایک پن بجلی منصوبے کے مقام سے 15 افراد کو بچایا گیا جن میں 5 چینی اور 7 ہندوستانی شہری شامل تھے۔بچاؤ کی کارروائیوں کے لیے تقریباً 20 ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ زمینی ٹیموں نے 8 ہزار 730 افراد کو بچایا ہے جبکہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ہزاروں متاثرین کو سیلاب زدہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔