برسلز [بیلجیم]: یورپی یونین کے ممالک نے 1 جنوری 2028 سے روس سے تمام توانائی کی درآمدات پر پابندی لگانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ یورپی کمیشن کی تجویز پر ووٹنگ کے بعد کیا گیا۔ 20 اکتوبر کو لکسمبرگ میں ہونے والے اجلاس میں تقریباً تمام یورپی یونین کے توانائی کے وزراء نے مجوزہ ضابطے کے حق میں ووٹ دیا۔ اس پابندی میں پائپ لائن کے ذریعے آنے والا تیل اور مائع قدرتی گیس (LNG) دونوں شامل ہوں گے۔
یورپی کونسل کے بیان کے مطابق، یہ ضابطہ REPowerEU روڈ میپ کا ایک اہم حصہ ہے جس کا مقصد روسی توانائی پر انحصار ختم کرنا ہے۔ روس کی جانب سے یورپ کو گیس کی فراہمی کو "ہتھیار" بنانا اور بار بار فراہمی میں خلل ڈالنے کے بعد یہ اقدام اٹھایا گیا ہے، جس سے یورپی توانائی مارکیٹ بری طرح متاثر ہوئی۔
کونسل نے اس بات کی تصدیق کی کہ: جنوری 2026 سے روسی گیس کی درآمد پر پابندی عائد ہوگی۔ جون 2026 تک مختصر مدتی موجودہ معاہدوں کے لیے عبوری مدت دی جائے گی۔ طویل مدتی معاہدے زیادہ سے زیادہ یکم جنوری 2028 تک جاری رہ سکیں گے۔ ڈنمارک کے وزیر توانائی لارس آگوگارڈ، جن کا ملک اس وقت یورپی یونین کی گھومتی صدارت کا حامل ہے، نے اس تجویز کو "یورپ کو توانائی کے لحاظ سے خودمختار بنانے کے لیے ایک اہم قدم" قرار دیا۔
انہوں نے کہا: "اگرچہ ہم نے حالیہ برسوں میں روسی گیس اور تیل کو یورپ سے نکالنے کے لیے سخت محنت کی ہے، لیکن ہم ابھی مکمل طور پر اس ہدف تک نہیں پہنچے۔" "اسی لیے ڈنمارک کی صدارت نے یورپ کے توانائی وزراء سے اس قانون سازی کے لیے بھاری حمایت حاصل کی ہے، جو روسی گیس کو یورپی یونین میں داخل ہونے سے ہمیشہ کے لیے روک دے گی۔" اب اس قانون کے حتمی مسودے پر اتفاق کے لیے یورپی پارلیمنٹ کے ساتھ مذاکرات کا آغاز ہوگا۔
یاد رہے، روس-یوکرین جنگ کے بعد، یورپی رہنماؤں نے مارچ 2022 کی ورسائی اعلامیہ میں روسی فوسل فیول پر انحصار ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ نتیجتاً: روسی تیل اور گیس کی درآمدات میں حالیہ برسوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ 2025 میں تیل کی درآمدات 3 فیصد سے بھی کم رہ گئی ہیں۔ لیکن روسی گیس اب بھی تقریباً 13 فیصد یورپی درآمدات کا حصہ ہے۔
یورپی کونسل کے مطابق، یہ صورتحال یورپی یونین کو تجارتی اور توانائی کے تحفظ کے لحاظ سے بڑے خطرات سے دوچار کرتی ہے۔ اسی خطرے کے پیش نظر مئی 2025 میں کمیشن نے REPowerEU روڈمیپ اپنایا تاکہ بتدریج روسی توانائی کی درآمدات کو ختم کیا جائے۔
جون 2025 میں ایک تجویز پیش کی گئی کہ روسی گیس اور LNG کو مرحلہ وار ختم کیا جائے، اور 1 جنوری 2028 تک مکمل پابندی نافذ ہو جائے۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے 20 اکتوبر کو لکسمبرگ میں وزرائے خارجہ کی ملاقات کے موقع پر کہا: "روس صرف اسی وقت مذاکرات کرتا ہے جب اس پر دباؤ ہو۔"
انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین اپنی 19ویں پابندیوں کے پیکیج پر کام کر رہا ہے۔ کالاس نے کہا "یوکرین فروری سے غیر مشروط جنگ بندی کے لیے تیار ہے، لیکن روس کو امن میں کوئی دلچسپی نہیں۔ ہم صدر ٹرمپ کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، لیکن پیوٹن صرف تب مذاکرات کرے گا جب اُسے لگے کہ وہ جنگ ہار رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین کو کسی بھی امن معاہدے میں اپنی زمین ترک نہیں کرنی چاہیے۔ ہماری بنیادی قدر 'علاقائی سالمیت' ہے۔ اگر ہم صرف زور کے ذریعے زمین ہتھیانے کی اجازت دیں، تو یہ ایک خطرناک مثال بن جائے گی۔ بین الاقوامی قانون اسی لیے موجود ہے کہ ایسا نہ ہو۔
کالاس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یورپی ممالک روس کے خلاف "شیڈو فلیٹ" یعنی خفیہ جہازوں کے ذریعے مغربی پابندیوں کو چکمہ دینے کے عمل پر بھی کارروائی کر رہے ہیں: "ہم رکن ممالک کے ساتھ مل کر اس معاملے پر بہتر ہم آہنگی کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔ روس اس حوالے سے تخلیقی ہے، ہمیں بھی مزید تخلیقی ہونا ہوگا۔"
دوسری جانب، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ میں اپنی تقریر میں نیٹو ممالک پر الزام لگایا تھا کہ وہ اب بھی روسی گیس اور تیل خرید کر دراصل اپنے خلاف جنگ کو فنڈ فراہم کر رہے ہیں۔ کالاس سے پوچھا گیا کہ اگر ٹرمپ صدر پیوٹن سے یوکرین کے صدر زیلنسکی کے بغیر ملاقات کرتے ہیں تو کیا وہ ٹرمپ کو یورپ کے لیے قابل اعتماد شراکت دار سمجھتی ہیں؟
انہوں نے کہا: میرے خیال میں صدر ٹرمپ جنگ ختم کرنے کی کوشش میں مخلص ہیں، اور ہم بھی جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ لیکن ہمیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ روس جنگ نہیں روکنا چاہتا۔ جب تک یوکرین یا یورپ ان مذاکرات کا حصہ نہ ہوں، اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ہمارا مؤقف واضح ہے کہ ہمیں روس کو بھی امن کی خواہش پر مجبور کرنا ہے۔