یورپی یونین:طالبان کو تسلیم نہیں کیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-08-2021
 یورپی یونین کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لین
یورپی یونین کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لین

 

 

 لندن:یورپی یونین کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لین نے سنیچر کے روز کہا کہ ’یورپی یونین نے افغانستان میں طالبان کو تسلیم نہیں کیا اور نہ ہی ان کے ساتھ سیاسی مذاکرات کر رہے ہیں۔‘

یورپی یونین کی جانب سے یہ بیان طالبان کے کابل پر قبضے کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے۔ خیال رہے کہ ملک کے دیگر اضلاع پر قبضے کے بعد طالبان اتوار 15 اگست کے روز کابل شہر میں بغیر کسی مزاحمت کے داخل ہو گئے تھے۔

افغانستان میں یورپی اداروں کے لیے کام کرنے والے افغان اہلکاروں کے باحفاظت اسپین پہنچنے پر استقبالیہ تقریب سے خطاب میں صدر ارسلا لین نے کہا کہ ’طالبان کی جانب سے بیانات سامنے آئے ہیں تاہم ان کے الفاظ کا موازنہ طالبان کے عملی کردار اور کارروائیوں سے ہی کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’یورپی یونین نے رواں سال کے دوران افغانستان میں انسانی امداد کی مد میں 67 ملین ڈالر کی رقم مختص کی ہے جس میں وہ اضافے کی تجویز پیش کریں گی۔

 یورپی یونین کمیشن کی صدر نے واضح کیا کہ ’افغانستان کے لیے مختص امداد ملک میں انسانی حقوق کی پاسداری، اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک اور خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کی عزت کے ساتھ مشروط ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’یورپی کمیشن پناہ گزینوں کی آبادکاری میں مدد کرنے والے یورپی ممالک کو مالی امداد دینے کو تیار ہے۔