تل ابیب:اسرائیلی دفاعی افواج نے منگل کے روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران کے بسیج یونٹ کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی ہلاک ہو گئے ہیں۔
یروشلم پوسٹ کے مطابق اسلامی انقلابی گارڈ کور کے بسیج نیم فوجی دستے کے سربراہ غلام رضا سلیمانی اور ان کے نائب سید کریشی کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ایک عارضی خیمہ نما مقام پر موجود تھے جہاں انہیں نشانہ بنایا گیا تاکہ ان کا سراغ لگانا مشکل ہو۔
ایکس پر جاری ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ سلیمانی کی قیادت میں بسیج یونٹ نے عام شہری مظاہرین کے خلاف سخت تشدد اور طاقت کا استعمال کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ 6 برسوں سے وہ بسیج یونٹ کے کمانڈر تھے اور ان کے دور میں وسیع پیمانے پر گرفتاریاں اور پرتشدد کارروائیاں کی گئیں۔
ایک دوسری رپورٹ میں ٹی پی ایس خبر رساں ادارے نے بتایا کہ اسرائیل نے رات کے وقت ایران میں ایک فضائی حملہ کیا جس میں ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ ہلاک ہوئے یا زخمی۔
لاریجانی کو تہران میں ایک بااثر رہنما سمجھا جاتا ہے اور انہیں ایران کی غیر رسمی قیادت کا اہم کردار قرار دیا جاتا ہے۔ حال ہی میں انہوں نے مجتبی خامنہ ای کو اگلا سپریم لیڈر قرار دینے کے عمل کو مؤخر کیا تھا جس سے ان کے اثر و رسوخ کا اندازہ ہوتا ہے۔
اسرائیل نے یہ بھی کہا کہ اسی حملوں میں بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کو بھی ہلاک کیا گیا۔
اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال ضمیر نے کہا کہ ایران میں مختلف اہداف کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فوجی اور صنعتی صلاحیتوں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ انقلابی گارڈ اور حکومتی نظام کے دیگر عناصر کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اسے انسداد دہشت گردی کی بڑی کامیابی قرار دیا۔
ضمیر نے مزید کہا کہ حالیہ کارروائیوں میں فلسطینی اسلامی جہاد سے وابستہ افراد کو بھی نشانہ بنایا گیا جو تہران میں ایک محفوظ مقام پر موجود تھے۔ ان میں اکرم عجوری اور محمد الہندی شامل ہیں۔
علی لاریجانی گزشتہ جمعہ کو یوم القدس کے موقع پر تہران میں سامنے آئے تھے جہاں انہوں نے امریکی اور اسرائیلی دباؤ پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ ایرانی عوام مضبوط ہیں اور دباؤ سے ان کے عزم میں اضافہ ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ حملے حالیہ برسوں میں ایران کے اندر اسرائیل کی جرات مندانہ کارروائیوں میں شمار کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے جہاں اسرائیل اور ایران پہلے ہی سخت مؤقف اختیار کیے ہوئے ہیں۔