پیرس: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے یونیسکو کے صدر دفتر میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل خالد العنانی سے ملاقات بھی کی اور اقوام متحدہ کے اس ادارے کے ساتھ بھارت کی شراکت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
جمعہ کے روز اپنے پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر آج بھی رہنمائی کا روشن چراغ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج یونیسکو کے صدر دفتر میں بابا صاحب امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سماجی انصاف اور شمولیت کے ان کے نظریات پوری انسانیت کے لیے رہنما ہیں۔
Paid my respects to Babasaheb Ambedkar @UNESCO Headquarters today.
— Dr. S. Jaishankar (@DrSJaishankar) January 9, 2026
His ideals of social justice and inclusivity are a guiding light for humanity. pic.twitter.com/SZoP92lWHg
یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل خالد العنانی سے ملاقات کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ پیرس میں خالد العنانی سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔ کثیر جہتی دنیا فطری طور پر کثیر ثقافتی ہوتی ہے۔ انہوں نے ثقافت تعلیم اور ورثے کے تحفظ کے میدان میں یونیسکو کے ساتھ بھارت کی شراکت کو عالمی سطح پر آگے بڑھانے کے عزم پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے بھارت فرانس پارلیمانی دوستی گروپ کے اراکین اور بھارت کے پارلیمانی دوستوں سے بھی ملاقات کی اور موجودہ عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مشترکہ اسٹریٹجک نقطہ نظر کی بنیاد پر بھارت فرانس تعاون کو مزید گہرا کرنے کے امکانات کی بھی توثیق کی۔
جمعرات کو وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے نیک تمنائیں پہنچائیں۔ انہوں نے فرانس کی سفیروں کی کانفرنس سے خطاب بھی کیا اور تجارت اور توانائی جیسے عوامل کے باعث عالمی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں پر روشنی ڈالی۔
بدھ کے روز اپنے فرانسیسی ہم منصب وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے اور بھارت یورپی یونین تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر گفتگو کی۔ اس کے ساتھ ساتھ موجودہ عالمی حالات پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے فرانس کو بھارت کے قدیم ترین اسٹریٹجک شراکت داروں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک بین الاقوامی منظرنامے پر سرگرم ہیں اور کثیر قطبی دنیا کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور فرانس کا باہمی تعاون نہ صرف دو طرفہ تعلقات بلکہ عالمی سیاست کے استحکام کے لیے بھی اہم ہے۔
اسی روز وزیر خارجہ نے بھارت وائمر فارمیٹ کی پہلی میٹنگ میں بھی شرکت کی جس میں پولینڈ کے نائب وزیر اعظم راڈوسلاف سیکورسکی فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو اور جرمن وزیر خارجہ یوہان واڈے فل شامل تھے۔ اس اجلاس میں بھارت یورپی یونین تعلقات ہند بحرالکاہل خطہ اور یوکرین تنازع جیسے تین اہم امور پر توجہ مرکوز کی گئی۔